مذاق اڑانا اور استہزا کرنا
- التصنيف الشرعي
- الفضائل والآدابفقه الأخلاقالأخلاق الذميمة
- الموضوعات
- الكبائر والمحرماتالسخرية والاستهزاء
نص الموضوع
کسی مسلمان کا اپنے مسلمان بھائی کا مذاق اڑانا اور اس سے تمسخر کرنا کبیرہ گناہ اور کفار ومنافقین کی صفات میں سے ہے۔ اس کا ارتکاب کرنے والے کے لیے سخت عذاب کی وعید آئی ہے۔ اس بڑے گناہ کی سنگینی اس وقت مزید بڑھ جاتی ہے جب استہزا اللہ کے نیک بندوں کا کیا جائے۔
اپنے بھائی کا مذاق اڑانے کی مختلف صورتیں ہیں۔ مثلاً: اسے حقیر سمجھنا اور اس کی توہین کرنا، اس کے عیوب اور خامیوں کو اس لیے بیان کرنا کہ اس پر ہنسا جائے، کسی کے قول یا فعل کی نقل اتارنا یا توہین آمیز اشارہ کرنا، کسی سے بولنے میں کوئی غلطی ہو جائے تو اس پر ہنس دینا، کسی کے کام کی ہنسی اڑانا یا کسی کی بدصورتی یا کسی ایسی بات پر ہنسنا، جس سے اس کی توہین ہوتی ہو۔
دلائل:
کسی مسلمان کا مذاق اڑانے کی حرمت کے دلائل:
ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
"کافروں کے لئے دنیا کی زندگی خوب زینت دار کی گئی ہے۔ وه ایمان والوں کا استہزا کرتے ہیں۔ حاﻻنکہ پرہیزگار لوگ قیامت کے دن ان سے اعلیٰ ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ جسے چاہتا ہے بے حساب روزی دیتا ہے۔"
[البقرۃ: 264]۔
شیخ عبد الرحمن بن ناصر السعدی رحمہ اللہ کہتے ہیں:
"اللہ تعالی نے بتایا کہ جن لوگوں نے اللہ، اس کی آیات اور اس کے رسولوں کا انکار کیا اور اس کی شریعت کی اطاعت نہیں کی، ان کے لیے دنیا کی زندگی خوب زینت دار کر دی گئی ہے۔ چنانچہ اسے ان کی نگاہوں اور دلوں میں سجا دیا گیا، لہذا وہ اسی پر راضی ہوگئے اور اسی پر مطمئن ہو بیٹھے اور ان کی تمام خواہشات، ارادے اور اعمال اسی دنیا کے لیے ہوکر رہ گئے۔ لہٰذا وہ اسی کی طرف متوجہ ہوئے اور اسے حاصل کرنے کے لیے جُٹ گئے، انھوں نے اسی کو اہمیت دی اور ان لوگوں کو بھی بڑا جانا جو ان کے اس عمل میں شریک تھے۔ انھوں نے ایمان والوں کو حقیر جانا، ان کا مذاق اڑایا اور کہا: ’’کیا ہمارے درمیان یہی وہ لوگ ہیں جن پر اللہ نے احسان فرمایا ہے؟‘‘ [183]۔
[11] تفسیر سعدی (ص : 324)۔
حالاں کہ یہ ان کی کم عقلی اور کوتاہ نظری کی دلیل ہے۔ کیونکہ دنیا آزمائش اور امتحان کا گھر ہے اور اس میں اہلِ ایمان اور کفار دونوں ہی مشقت سے دوچار ہوں گے۔ بلکہ مؤمن کو دنیا میں جب کوئی تکلیف پہنچتی ہے، تو وہ صبر کرتا ہے اور اللہ سے ثواب کی امید رکھتا ہے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ اس کے ایمان اور صبر کی بدولت اس کی تکلیف میں ایسی تخفیف فرما دیتا ہے، جو کسی دوسرے کو حاصل نہیں ہوتی۔
جب کہ اصل زندگی اور انسان کا حقیقی سرمایہ تو آخرت کا گھر ہے، جسے ہمیشہ باقی رہنا ہے۔ اسی لئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
"حاﻻں کہ پرہیزگار لوگ قیامت کے دن ان سے اعلیٰ ہوں گے۔"
لہذا متقی لوگ بلند ترین درجات میں، طرح طرح کی نعمتوں، مسرتوں اور شادمانی سے لطف اندوز ہو رہے ہوں گے اور کفار ان کے نیچے پست ترین درکات میں، قسم قسم کے عذاب، رسوائی اور کبھی نہ ختم ہونے والی دائمی بدبختی میں مبتلا ہوں گے۔ معلوم ہوا کہ اس آیت میں مومنوں کے لیے تسلی اور کافروں کے لیے وعید ہے۔
ایک اور جگہ ارشاد باری تعالی ہے:
"جو لوگ ان مسلمانوں پر طعنہ زنی کرتے ہیں جو دل کھول کر خیرات کرتے ہیں اور ان لوگوں پر جنہیں سوائے اپنی محنت مزدوری کے اور کچھ میسر ہی نہیں، پس یہ ان کا مذاق اڑاتے ہیں، اللہ بھی ان سے تمسخر کرتا ہے اور انہی کے لئے دردناک عذاب ہے۔"
[التوبۃ: 78]
ابن کثیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
"یہ منافقوں کی صفات میں سے ہے کہ ان کی عیب جوئی اور طعنہ زنی سے کسی بھی حال میں کوئی محفوظ نہیں رہتا۔ یہاں تک کہ صدقہ دینے والے بھی ان سے نہیں بچ پاتے۔ اگر کوئی شخص زیادہ مال لے کر آئے تو کہتے ہیں کہ یہ ریاکار ہے۔
جب کہ اگر کوئی شخص اپنی ہمت واستطاعت کے مطابق کوئی معمولی چیز لائے تو کہتے ہیں: ’’یقیناً اللہ تعالیٰ اِس کے صدقے سے بے نیاز ہے‘‘۔
اللہ تعالیٰ کا فرمان: ﴿فَيَسْخَرُونَ مِنْهُمْ سَخِرَ اللَّهُ مِنْهُمْ﴾، دراصل مومنوں کے ساتھ ان کی بدسلوکی اور استہزا کا بدلہ ہے۔ کیونکہ جزا عمل ہی کی جنس سے ہوتی ہے۔ چنانچہ اللہ نے دنیا میں مومنوں کی نصرت کرتے ہوئے منافقوں کے ساتھ تمسخر کا معاملہ کیا اور آخرت میں تو ان کے لیے دردناک عذاب تیار کر ہی رکھا ہے"۔ [184]
[184] تفسير ابن كثير (4/ 184) تبدیلی اور اختصار کے ساتھ-
"میرے بندوں کی ایک جماعت تھی، جو برابر یہی کہتی رہی کہ اے ہمارے پروردگار! ہم ایمان ﻻچکے ہیں، لہذا تو ہمیں بخش دے اور ہم پر رحم فرما۔ تو سب مہربانوں سے زیاده مہربان ہے۔
(لیکن) تم انہیں مذاق میں ہی اڑاتے رہے، یہاں تک کہ (اس مشغلے نے) تم کو میری یاد (بھی) بھلا دی اور تم ان سے مذاق ہی کرتے رہے۔
میں نے آج انہیں ان کے اس صبر کا بدلہ دے دیا ہے کہ وه خاطر خواه اپنی مراد کو پہنچ چکے ہیں۔"
[المومنون : 109-111]۔
مزید فرمایا:
"اے ایمان والو! مرد دوسرے مردوں کا مذاق نہ اڑائیں۔ ممکن ہے کہ یہ ان سے بہتر ہوں اور نہ عورتیں عورتوں کا مذاق اڑائیں۔ ممکن ہے یہ ان سے بہتر ہوں۔ اور آپس میں ایک دوسرے کو عیب نہ لگاؤ اور نہ کسی کو برے لقب دو۔ ایمان کے بعد فسق برا نام ہے، اور جو توبہ نہ کریں وہی ظالم لوگ ہیں۔"
(الحجرات : 11)۔
"گنہگار لوگ ایمان والوں کی ہنسی اڑایا کرتے تھے۔
اور ان کے پاس سے گزرتے ہوئے آپس میں آنکھ کے اشارے کرتے تھے۔
اور جب اپنے والوں کی طرف لوٹتے تو دل لگیاں کرتے تھے۔
اور جب انہیں دیکھتے تو کہتے کہ یقیناً یہ لوگ گمراه (بے راه) ہیں۔
یہ ان پر پاسبان بنا کر تو نہیں بھیجے گئے۔
پس آج ایمان والے ان کافروں پر ہنسیں گے۔
مسہریوں پر بیٹھے دیکھ رہے ہوں گے۔
کہ اب ان منکروں نے جیسا یہ کرتے تھے پورا پورا بدلہ پالیا۔
[المطففین : 29-36]
"اللہ تعالیٰ نے بتایا کہ گنہگار لوگ دنیا میں ایمان والوں کا مذاق اڑاتے، ان سے استہزا کرتے اور ان کی ہنسی اڑاتے تھے اور جب وہ (ایمان والے) ان کے پاس سے گزرتے تو حقارت اور تذلیل کے طور پر آپس میں آنکھوں سے اشارے کرتے تھے۔ اس کے باوجود وہ خود مطمئن رہتے تھے، اور ان کے دل میں خوف کا خیال تک نہ آتا تھا۔ {اور جب وہ اپنے گھر والوں کی طرف لوٹتے} خواہ صبح ہو یا شام، {تو خوش گپیاں کرتے ہوئے لوٹتے تھے}، یعنی نہایت خوش و خرم اور مسرور ہوکر۔
یہ سب سے بڑا دھوکا اور خود فریبی ہے کہ انہوں نے انتہائی بدعملی کے ساتھ دنیوی بے فکری میں مبتلا ہے۔ گویا ان کے پاس اللہ تعالیٰ کی طرف سے کوئی نوشتہ یا عہد نامہ آ گیا ہو کہ وہ اہلِ سعادت ہیں۔ انہوں نے خود ہی اپنے حق میں فیصلہ کرلیا کہ وہی ہدایت یافتہ ہیں اور مومن گمراہ ہیں۔ یہ دراصل اللہ پر بہتان اور بغیر علم کے اس کے بارے میں بات کہنے کی جسارت ہے۔
آگے اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿وَمَا أُرْسِلُوا عَلَيْهِمْ حَافِظِينَ﴾، یعنی انہیں مومنوں پر ان کے اعمال کی حفاظت کرنے والا وکیل بنا کر نہیں بھیجا گیا کہ وہ انہیں گمراہ ٹھہرانے کے درپے ہو جائیں۔ ان کا یہ رویہ محض ہٹ دھرمی، عناد اور ایک کھیل ہے جس کی کوئی سند یا دلیل نہیں۔ اسی لیے آخرت میں ان کی جزا بھی ان کے عمل ہی کی جنس سے ہوگی۔
اللہ تعالى نے فرمایا: ﴿فَالْيَوْمَ﴾ یعنی روزِ قیامت ﴿الَّذِينَ آمَنُوا مِنَ الْكُفَّارِ يَضْحَكُونَ﴾ ایمان والے کافروں پر ہنسیں گے، جب وہ انہیں عذاب کی سختیوں میں تڑپتے ہوئے دیکھیں گے، جو کچھ وہ افترا پردازی کیا کرتے تھے وہ زائل ہوچکا ہوگا، اور ایمان والے کمال راحت واطمینان میں ہوں گے۔ ﴿عَلَى الأرَائِكِ﴾ یعنی آراستہ تختوں پر بیٹھے ہوئے ﴿يَنْظَرُونَ﴾ ان نعمتوں کو دیکھ رہے ہوں گے جو اللہ نے ان کے لیے تیار کر رکھی ہیں، اور اپنے رب کریم کے چہرے کا دیدار کررہے ہوں گے۔ [185]
﴿هَلْ ثُوِّبَ الْكُفَّارُ مَا كَانُوا يَفْعَلُونَ﴾ یعنی کیا انہیں ان کے اپنے عمل جیسا ہی بدلہ دیا گیا؟ جس طرح یہ دنیا میں اہل ایمان پر ہنستے تھے اور انہیں گمراہی کا طعنہ دیتے تھے، آخرت میں اہل ایمان ان پر ہنسیں گے اور انہیں اس عذاب اور سزا میں مبتلا دیکھیں گے جو گمراہی اور بے راہ روی کی سزا ہے۔ ہاں، انہیں ان کے اعمال کا پورا پورا بدلہ دیا جائے گا۔ یہ اللہ تعالیٰ کا عین عدل اور حکمت ہے اور اللہ سب کچھ جاننے والا، کمال حکمت والا ہے۔
ابو ذر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، وه بیان کرتے ہیں:
میرے اور میرے ایک بھائی کے درمیان کچھ تلخ کلامی ہوگئی۔ چوں کہ ان کی والدہ عجمی تھیں، لہذا میں نے انھیں ان کی والدہ کی نسبت سے عار دلا دی۔ انہوں نے نبی ﷺ سے میری شکایت کی اور اس کے بعد میں نبی ﷺ سے ملا، آپ ﷺ نے فرمایا: ’’اے ابو ذر! بے شک تم ایسے آدمی ہو کہ تمھارے اندر (ابھی تک) جاہلیت (کا اثر باقی) ہے‘‘۔ میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! جو شخص لوگوں کو برا بھلا کہتا ہے تو لوگ (جواباً) اس کے ماں باپ کو بھی برا بھلا کہتے ہیں۔ آپ ﷺ نے (پھر) فرمایا: ’’اے ابو ذر! بے شک تم ایسے آدمی ہو کہ تمھارے اندر (ابھی تک) جاہلیت (کا اثر باقی) ہے...‘‘ [186]۔
[1] صحیح بخاری، حدیث نمبر: 2766، صحیح مسلم، حدیث نمبر: 89۔
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
”مسلمان مسلمان کا بھائی ہے، وہ اس پر ظلم نہ کرے، اس کو بے سہارا نہ چھوڑے اور اس کو حقیر نہ سمجھے۔ تقویٰ یہاں ہے۔ آپ ﷺ نے یہ الفاظ اپنے سینے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تین مرتبہ فرمائے۔ کسی بھی آدمی کے برا ہونے کے لیے یہی کافی ہے کہ وہ اپنے مسلمان بھائی کو حقیر سمجھے۔ ہر مسلمان کا خون، اس کا مال اور اس کی عزت دوسرے مسلمان پر حرام ہے۔“ [187]
[3] صحیح مسلم، حدیث نمبر: 233۔
نقصانات:
مسلمان کا مذاق اڑانے کے نقصانات:
- یہ اللہ تعالی کی نافرمانی اور ایک کبیرہ گناہ ہے۔
- اس فعل کا مرتکب فاسق ہو جاتا ہے، جس کے نتیجے میں اس کی گواہی بھی مردود ہو جاتی ہے۔ امام قرطبی نے اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کے بعد لکھا ہے:
"اے ایمان والو! مرد دوسرے مردوں کا مذاق نہ اڑائیں۔ ممکن ہے کہ یہ ان سے بہتر ہوں..."
اس آیت تک:
"...ایمان کے بعد فسق برا نام ہے...۔"
اور اس کے بعد لکھا ہے : ”ایک قول یہ ہے کہ جس نے اپنے بھائی کو برا لقب دیا یا اس کا مذاق اڑایا، وہ فاسق ہے“ [188]۔
[188] تفسیر قرطبی (16/328)۔
- یہ کافروں اور منافقوں کا شیوہ ہے- کیونکہ ہر دور میں اہل ایمان کا استہزا کرنا ان کا وطیرہ رہا ہے۔
- اس کی وجہ سے استہزاء کرنے والا اسی شخص میں مشغول ہو جاتا ہے جس کا وہ مذاق اڑا رہا ہوتا ہے، یہاں تک کہ وہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے عائد کردہ عبادت اور ذکر واذکار کو بھی بھول جاتا ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
"(لیکن) تم انہیں مذاق میں ہی اڑاتے رہے یہاں تک کہ (اس مشغلے نے) تم کو میری یاد (بھی) بھلا دی..."
- یہ اکثر حرام غیبت کے ساتھ جڑا ہوتا ہے۔ لہذا یہ غیبت میں پڑنے کا ایک یقینی ذریعہ ہے۔ کیونکہ مذاق اڑانے والا اکثر دوسروں کا مذاق ان کے پیٹھ پیچھے ہی اڑاتا ہے۔
- اکثر استہزا اور مذاق لوگوں کو حقیر جاننے کا نتیجہ ہوتا ہے اور یہ اُس مذموم تکبر میں داخل ہے جس کے مرتکب کو دردناک عذاب کی وعید سنائی گئی ہے۔ چنانچہ صحیح حدیث میں عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا:
”وہ شخص جنت میں داخل نہیں ہو گا جس کے دل میں ذرہ برابر بھی تکبر ہو گا“۔ ایک شخص نے عرض کیا: ”انسان چاہتا ہے کہ اس کا لباس اچھا ہو اور اس کے جوتے اچھے ہوں؟“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”بے شک اللہ جمیل ہے اور جمال کو پسند فرماتا ہے۔ تکبر حق بات کو جھٹلانا اور لوگوں کو حقیر سمجھنا ہے“ [189]۔
'بطر الحق' : اپنے آپ کو برتری اور فوقیت دیتے ہوئے حق کو رد کرنا اور اس کا انکار کرنا۔ 'غمط الناس': لوگوں کو حقیر سمجھنا۔
- یہ معاشرے کے افراد کے درمیان دشمنی اور بغض پھیلانے کا ایک بڑا سبب ہے۔ بسا اوقات یہ آپسی لڑائی جھگڑے کا بھی سبب بن جاتا ہے۔
- اس میں بعض دفعہ اللہ کی خلقت کا مذاق پایا جاتا ہے۔ خاص طور پر جب کوئی شخص کسی دوسرے کا اس کی خلقت سے متعلق کسی چیز، جیسے اس کی صورت، آواز یا رنگ کی وجہ سے مذاق اڑائے۔
- مذاق اڑانا، مذاق اڑانے والے کے وقار کو زائل کر دیتا اور اسے بے مروت بنا دیتا ہے۔
اس سے بچنے کے راستے:
اس سے بچنے کے درج ذیل طریقے ہیں:
- اللہ عز وجل کی خشیت اور اس کی نافرمانی کے نتیجے میں اس کی پکڑ کا خوف۔
- انسان کو چاہیے کہ وہ خود کو ایسے امور میں مشغول رکھے جو اس کے لیے دین ودنیا میں مفید ہوں، تاکہ اسے اپنے بھائیوں کی عیب جوئی میں پڑنے کا موقع ہی نہ ملے۔
- تکبر اور لوگوں کی تحقیر کو ترک کر دینا۔ کیونکہ جو لوگ دوسروں کا مذاق اڑاتے ہیں، ان میں سے اکثر کو اس کام پر ان کا تکبر اور دوسروں کی تحقیر کا جذبہ ہی اکساتا ہے۔
- بری صحبت کو ترک کر دینا جو بسا اوقات اس برائی کا سبب بنتی ہے۔ کیونکہ بروں کی مجلسیں لوگوں کا مذاق اڑانے سے خالی نہیں ہوتیں، جسے وہ تفریح اور ہنسی مذاق کا ایک ذریعہ سمجھتے ہیں۔
- یہ علم رکھے کہ اسے جو بھی نعمتیں حاصل ہیں وہ اللہ کی طرف سے ہیں، اور اللہ اس بات پر قادر ہے کہ وہ نعمتیں اس سے سلب کر لے اور اسے اس شخص سے بھی بدتر حالت میں مبتلا کر دے جس کا وہ مذاق اڑا رہا ہے۔
- جب انسان کسی کو اپنے بھائیوں کا مذاق اڑاتے دیکھے تو اسے منع کرے اور اس کے اس فعل میں اس کا ساتھ نہ دے؛ تاکہ وہ اس معاملے میں مزید آگے نہ بڑھے۔