Skip to content

بغیر کسی شرعی عذر کے رمضان کا کوئی روزہ چھوڑنا

التصنيف الشرعي
الفقهالصيامشهر رمضان

نص الموضوع

اللہ تعالی نے مومنوں پر ماہ رمضان کے روزے فرض کیے ہیں۔ ارشاد فرمایا:

"اے ایمان والو! تم پر روزے رکھنا فرض کیا گیا جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض کئے گئے تھے، تاکہ تم تقویٰ اختیار کرو۔"

[البقرۃ: 264]۔

ماہِ رمضان کے روزے اسلام کے ارکان میں سے ایک رکن ہیں۔ چنانچہ عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

”اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے: اس بات کی گواہی دینا کہ اللہ کے سوا کوئی سچا معبود نہیں اور بے شک محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں، نماز قائم کرنا، زکوٰۃ ادا کرنا، حج کرنا اور رمضان کے روزے رکھنا۔“ [174]

[1] صحیح بخاری، حدیث نمبر: 2766، صحیح مسلم، حدیث نمبر: 89۔

جس نے بغیر کسی عذر کے جان بوجھ کر ماہِ رمضان یا اس کے کسی دن کا روزہ چھوڑا، اس نے اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کی، دین کے ایک رکن کی خلاف ورزی کی اور کبیرہ گناہوں میں سے ایک بڑے گناہ کا ارتکاب کیا۔

حافظ ذہبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

"مومنوں کے نزدیک یہ بات طے شدہ ہے کہ جو شخص بغیر کسی بیماری اور عذر کے رمضان کا روزہ چھوڑ دے؛ تو وہ زانی، ناجائز ٹیکس وصول کرنے والے اور شراب کے عادی سے بھی بدتر ہے، بلکہ اس کے اسلام میں شک کیا جاتا ہے اور اس کے بارے میں الحاد اور بے دینی کا گمان کیا جاتا ہے۔" [175]۔

[175] دیکھیں: فيض القدير (4/ 311)۔

دلائل:

بغیر کسی عذر کے رمضان کا کوئی روزہ چھوڑنے کی حرمت، شناعت اور اس کے جرمِ عظیم ہونے کی بہت سے دلیلیں موجود ہیں، جن میں سے چند یہ ہیں:

ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا:

’’میں سویا ہوا تھا کہ میرے پاس دو آدمی (فرشتے) آئے اور مجھے اپنے ساتھ لے گئے۔ وہاں کچھ لوگ اپنی ایڑیوں کے بل لٹکے ہوئے تھے، ان کی باچھیں پھٹی ہوئی تھیں اور ان کی باچھوں سے خون بہہ رہا تھا۔ میں نے پوچھا: یہ کون لوگ ہیں؟ اس نے کہا: یہ وہ لوگ ہیں جو افطار کا وقت ہونے سے پہلے ہی افطار کر لیتے تھے‘‘۔ [176]

[176] سنن کبری از نسائی: (3273)، مع اختصار۔

متعدد آثار بھی وارد ہوئے ہیں، جو یہ بتاتے ہیں کہ صحابہ رضی اللہ عنہم رمضان میں بغیر کسی عذر کے روزہ توڑنے والے کو سزا دیتے تھے۔ ان میں سے ایک یہ ہے کہ عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کے پاس ایک بوڑھے شخص کو لایا گیا، جس نے رمضان میں شراب پی تھی، تو انھوں نے کہا:

"نتھنوں کی آواز! نتھنوں کی آواز! –یہ گدھے کے نتھنے سے نکلنے والی آواز ہے– اور ہمارے بچے روزے سے ہیں –یعنی ہمارے چھوٹے بچے روزے سے ہیں اور تُو نے روزہ نہیں رکھا-، پھر اسے اسّی کوڑے مارے اور شام بھیج دیا۔"

علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ان کے پاس ایک شخص لایا گیا، جس نے رمضان میں شراب پی تھی۔ لہذا انہوں نے اسے اسّی کوڑے مارے اور پھر اگلے دن بیس کوڑے مارے اور فرمایا:

”ہم نے تمہیں مزید بیس کوڑے اللہ کے خلاف تمہاری جرأت اور رمضان میں روزہ توڑنے کی وجہ سے مارے۔“

علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں:

’’جس نے جان بوجھ کر رمضان کا ایک روزہ توڑا، وہ ساری عمر بھی روزہ رکھے تو اس کی قضا نہیں کر سکتا۔‘‘

اور ابنِ مسعود رضی اللہ عنہما سے مروی ہے:

”جس نے بغیر کسی رخصت کے رمضان میں ایک دن کا روزہ نہیں رکھا تو عمر بھر کا روزہ بھی اس کی تلافی نہیں کر سکتا، خواہ وہ اسے رکھ بھی لے۔“[177]

[177] دیکھیں: المحلی لابن حزم (4/ 311)۔

نقصانات:

بغیر کسی عذر کے رمضان میں روزہ چھوڑنے کے بہت سے نقصانات ہیں۔ جن میں سے چند یہ ہیں:

  • اسلام کا ایک رکن ترک کرنا۔
  • اللہ تعالیٰ کے اوامر کی توہین کرنا۔
  • اللہ تعالیٰ کے فرض کی مخالفت کی جرأت اور لوگوں کے سامنے اعلانیہ روزہ توڑنا۔ یہ ایک ایسا عمل ہے جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے عدمِ معافی کا موجب ہے۔ اس طرح کی جرأت کرنے والے شخص کے روزہ توڑنے کا علم بھی صرف اسی صورت میں ہو سکتا ہے، جب وہ خود اپنے قول یا فعل سے اس کا اظہار کرے۔ چنانچہ ابو ہریرہ رضی الله عنه روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا:

"میری تمام امت معاف کردی جائے گی سوائے اعلانیہ گناہ کرنے والوں کے"[178]۔

  • دوسرے لوگوں کی حوصلہ افزائی کہ وہ ایسا گناہ کریں، جس پر اللہ تعالیٰ نے عذاب کی وعید سناتے ہوئے فرمایا:

"جو لوگ مسلمانوں میں بے حیائی پھیلانے کے آرزو مند رہتے ہیں ان کے لئے دنیا اور آخرت میں دردناک عذاب ہیں۔ اللہ سب کچھ جانتا ہے اور تم کچھ بھی نہیں جانتے۔"

[النور: 2]،

اس سے بچنے کے راستے:

ماہِ رمضان میں بغیر کسی شرعی عذر کے روزہ چھوڑنے سے بچنے کے درج ذیل طریقے ہیں:

  • بچوں کو چھوٹی عمر سے روزہ رکھنے کا عادی بنانا۔ ربیع بنت معوذ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، وہ فرماتی ہیں:

نبی ﷺ نے عاشورا کی صبح انصار کی بستیوں میں یہ اعلان کروایا: ’’جس نے روزہ نہیں رکھا، وہ دن کا باقی حصہ (روزے کی حالت میں) پورا کرے اور جس نے روزہ رکھا ہے، وہ اپنا روزہ مکمل کرے۔‘‘ اس کے بعد ہم خود یہ روزہ رکھتے اور اپنے بچوں کو بھی روزہ رکھواتے تھے۔ ہم ان کے لیے اون کا کھلونا بنا لیتے، پھر جب ان میں سے کوئی کھانے کے لیے روتا تو ہم اسے وہی کھلونا دے دیتے، یہاں تک کہ افطار کا وقت ہو جاتا۔[179]

  • نفس کو صبر کا عادی بنانا۔ چنانچہ ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا:

"جو شخص صبر کرنے کی کوشش کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اسے صبر دے دیتا ہے"۔ [180]

  • نفس کو روزے پر اللہ تعالیٰ کے ہاں ملنے والے عظیم ثواب کی ترغیب دلانا۔ چنانچہ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

’’اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ابن آدم کا ہر عمل اس کے لیے ہے، سوائے روزے کے کہ وہ صرف میرے لیے ہے اور میں ہی اس کا بدلہ دوں گا‘‘ [181]۔

سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا:

’’جنت میں ایک دروازہ ہے جسے ریان کہا جاتا ہے۔ قیامت کے دن اس سے صرف روزے دار داخل ہوں گے۔ ان کے سوا اس سے کوئی اور داخل نہیں ہو گا۔ کہا جائے گا: روزے دار کہاں ہیں؟ چنانچہ وہ کھڑے ہوں گے (اور اس سے داخل ہو جائیں گے)۔ ان کے علاوہ اس سے کوئی اور داخل نہیں ہوگا۔ جب وہ داخل ہو جائیں گے تو اسے بند کر دیا جائے گا۔ چنانچہ کوئی اور اس سے داخل نہیں ہوگا‘‘۔ [182]