نص الموضوع
والدین کی نافرمانی کبیرہ گناہ اور اللہ تعالیٰ کے ساتھ شرک کے بعد سب سے زیادہ خطرناک گناہ ہے؛ اسی لیے اللہ نے ایک سے زائد آیتوں میں اپنے حق اور والدین کے حق کو ایک ساتھ بیان فرمایا ہے۔ ان میں سے ایک آیت یہ ہے:
"اور اللہ تعالیٰ کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرو اور ماں باپ کے ساتھ اچھا برتاؤ کرو...۔"
[النساء: 31]،
ایک اور جگہ میں اللہ تعالی نے فرمایا:
” ہم نے انسان کو اس کے ماں باپ کے بارے میں نصیحت کی ہے، اس کی ماں نے دکھ پر دکھ اٹھا کر اسے پیٹ میں اٹھائے رکھا اور اس کی دودھ چھڑائی دو برس میں ہے، کہ تو میری اور اپنے ماں باپ کی شکر گزاری کر، (تم سب کو) میری ہی طرف لوٹ کر آنا ہے۔“
[لقمان: 13]
والدین کی نافرمانی کا مطلب یہ ہے کہ انسان سے کوئی ایسا قول یا فعل سرزد ہو جس سے اس کے والدین کو تکلیف پہنچے یا ان کے ساتھ حسنِ سلوک ترک کر دیا جائے۔
والدین کی حکم عدولی بھی اس میں داخل ہے، الا یہ کہ وہ شرک یا اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کا حکم دیں، تو ان دونوں صورتوں میں ان کی اطاعت نہیں کی جائے گی؛ کیونکہ خالق کی نافرمانی میں مخلوق کی اطاعت نہیں کی جا سکتی۔ البتہ ان کے ساتھ نرمی اور حسن سلوک کا معاملہ کیا جائے گا۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:
"اور اگر وه دونوں تجھ پر اس بات کا دباؤ ڈالیں کہ تو میرے ساتھ شریک کرے جس کا تجھے علم نہ ہو تو تو ان کا کہنا نہ ماننا۔ ہاں دنیا میں ان کے ساتھ اچھی طرح بسر کرنا..."
کعب احبار رحمۃ اللہ علیہ سے پوچھا گیا کہ والدین کی نافرمانی کیا ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا:
"جب اس کے ماں باپ اسے قسم دیں تو وہ ان کی قسم پوری نہ کرے، جب وہ اسے کسی بات کا حکم دیں تو وہ ان کی اطاعت نہ کرے، جب وہ اس سے کوئی چیز مانگیں تو وہ انہیں نہ دے اور جب وہ اسے امین بنائیں تو وہ ان کے ساتھ خیانت کرے۔" [116]۔
[64] الكبائر للذهبي (ص: 20)۔
دلائل:
والدین کی نافرمانی کی حرمت، شناعت اور اس کے سنگین جرم ہونے کی بہت سی دلیلیں ہیں، جن میں سے چند یہ ہیں:
اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
"اور تیرا پروردگار صاف صاف حکم دے چکا ہے کہ تم اس کے سوا کسی اور کی عبادت نہ کرنا اور ماں باپ کے ساتھ احسان کرنا۔ اگر تیری موجودگی میں ان میں سے ایک یا یہ دونوں بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو ان کے آگے اف تک نہ کہنا، نہ انہیں ڈانٹ ڈپٹ کرنا بلکہ ان کے ساتھ ادب واحترام سے بات چیت کرنا۔
اور عاجزی اور محبت کے ساتھ ان کے سامنے تواضع کا بازو پست رکھے رکھنا اور دعا کرتے رہنا کہ اے میرے پروردگار! ان پر ویسا ہی رحم کر جیسا انہوں نے میرے بچپن میں میری پرورش کی ہے۔"
(الإسراء : 32)۔
ابو بکرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
’’کیا میں تمہیں سب سے بڑا کبیرہ گناہ نہ بتاؤں؟‘‘ ہم نے عرض کیا : کیوں نہیں، اے اللہ کے رسول! (ضرور بتائیے)۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’اللہ کے ساتھ شرک کرنا، والدین کی نافرمانی کرنا اور جھوٹی گواہی دینا، یا جھوٹی بات کہنا۔‘‘ [117]
[1] صحیح بخاری، حدیث نمبر: 2766، صحیح مسلم، حدیث نمبر: 89۔
انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ نبی ﷺ سے کبیرہ گناہوں کے بارے میں پوچھا گیا، تو آپ ﷺ نے فرمایا:
"اللہ کے ساتھ شرک کرنا، والدین کی نافرمانی کرنا، کسی جان کو (ناحق) قتل کرنا اور جھوٹی گواہی دینا۔" [118]
اور مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا:
"بے شک اللہ تعالی نے تم پر ماؤں کی نافرمانی حرام کی ہے..." [119]۔
نقصانات:
والدین کی نافرمانی کے بہت سے نقصانات ہیں، جن میں سے چند یہ ہیں:
- والدین کی نافرمانی بندے کے لیے قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کی نظرِ رحمت سے اور جنت میں داخلے سے محرومی کا سبب ہے۔ چنانچہ عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
"تین قسم کے لوگ ایسے ہیں کہ اللہ عز وجل قیامت کے دن ان کی طرف نہیں دیکھے گا: ماں باپ کا نافرمان، مردوں کی مشابہت اختیار کرنے والی عورت اور دیوث۔ اور تین طرح کے لوگ جنت میں داخل نہیں ہو پائیں گے: ماں باپ کا نافرمان، شراب نوشی کا عادی اور دے کر احسان جتلانے والا۔" [120]
[120] سنن نسائی، حدیث نمبر: 2562۔
- والدین کا نافرمان اللہ سبحانہ کی نعمت اور اپنے والدین کے احسان کا منکر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
"... کہ تو میری اور اپنے ماں باپ کی شکر گزاری کر، (تم سب کو) میری ہی طرف لوٹ کر آنا ہے۔"
- والدین کی نافرمانی اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کے اسباب میں سے ہے۔ عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے‘ انہوں نے فرمایا:
"رب کی خوشنودی والد کی رضا مندی میں ہے اور رب کی ناراضگی والد کی ناراضگی میں ہے۔" [121]
[81] امام بخاری نے اسے الأدب المفرد میں روایت کیا ہے، حدیث نمبر : 103۔
- والدین کی نافرمانی خاندان میں بکھراؤ کا باعث بنتی ہے اور نتیجتاً پورے معاشرے میں بھی انتشار پیدا ہوتا ہے۔ جو شخص والدین کی فرمانبرداری نہیں کرتا، اس کی اولاد بھی اس کی فرمانبرداری نہیں کرتی اور نہ ہی وہ اپنے پڑوسیوں اور معاشرے کے ساتھ بھلائی کا معاملہ کرتا ہے۔
اس سے بچنے کے راستے:
والدین کی نافرمانی سے بچنے کے درج ذیل طریقے ہیں:
- والدین کو معمولی سی تکلیف دینے سے بھی اجتناب کرنا۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے:
"ان کے آگے اف تک نہ کہنا۔"
یہ اذیت کا ادنیٰ ترین درجہ ہے، جس کے ذریعے اس سے بڑی چیزوں کی تنبیہ کی گئی ہے۔ اس کے معنی یہ ہیں کہ ان دونوں کو معمولی سی بھی اذیت نہ پہنچاؤ۔
"نہ انہیں ڈانٹ ڈپٹ کرنا۔"
یعنی نہ انہیں جھڑکو اور نہ ان سے سخت کلامی کرو۔
"ان کے ساتھ ادب واحترام سے بات چیت کرنا"۔
ایسے الفاظ استعمال کرنا جو وہ پسند کرتے ہوں، ادب اور نرمی کے ساتھ ایسا عمدہ ونرم کلام کرنا جو ان کے دلوں کو بھلا لگے اور جس سے ان کے نفوس کو اطمینان حاصل ہو۔ یہ طرزِ عمل حالات، عادات اور زمانوں کے اختلاف کے ساتھ ساتھ مختلف ہوسکتا ہے۔ [122]
[112] دیکھیں: تفسیر سعدی (ص : 148)۔
- یہ جاننا کہ والدین ہی سب سے زیادہ حسنِ سلوک اور اچھے برتاؤ کے حق دار ہیں۔ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ
ایک آدمی رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میرے حسن سلوک کا سب سے زیادہ حق دار کون ہے؟ فرمایا: ”تیری ماں“۔ پوچھا: پھر کون؟ فرمایا: ”پھر تیری ماں“۔ پوچھا: پھر کون؟ فرمایا: ”پھر تیری ماں“۔ پوچھا: پھر کون؟ فرمایا: ”پھر تیرا باپ“۔ [123]
- انسان اپنے والدین کے ساتھ کتنا ہی اچھا سلوک کیوں نہ کر لے، وہ ان کے حق کا بدلہ نہیں چکا سکتا۔ ان کا حق اس کے تمام تر حسن سلوک سے بڑھ کر ہے۔ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا:
’’کوئی بھی بچہ اپنے والد کا بدلہ نہیں چکا سکتا، الا یہ کہ وہ اسے غلام پائے اور خرید کر آزاد کر دے‘‘۔ [124]
[3] صحیح مسلم، حدیث نمبر: 233۔
یعنی کوئی بھی بچہ اپنے والد کا بدلہ نہیں چکا سکتا اور نہ ہی اس کے احسان کا بدلہ دے سکتا ہے، الّا یہ کہ اگر وہ اپنے والد کو کسی کا غلام پائے اور اسے خرید کر آزاد کر دے۔
ابن عمر رضی اللہ عنہما نے ایک شخص کو دیکھا کہ وہ اپنی ماں کو اپنی گردن پر اٹھائے ہوئے کعبہ کا طواف کرا رہا ہے۔ اس شخص نے کہا: ’’اے ابن عمر! کیا آپ سمجھتے ہیں کہ میں نے اس (کی خدمت) کا حق ادا کردیا؟‘‘ آپ نے فرمایا: ’’نہیں، اس کی زچگی کی تکلیفوں میں سے ایک تکلیف کا بھی نہیں، لیکن تم نے بہت اچھا کیا اور اللہ تعالیٰ تھوڑے عمل پر بھی بہت اجر سے نوازتا ہے‘‘۔ [125]
[125] دیکھیں: الكبائر للذہبی (ص: 42)۔
- والدین کی رضا جوئی کے لیے نفس سے جدوجہد کرنا بھی اللہ کی راہ میں جہاد کی ایک قسم ہے۔ چنانچہ عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، وہ فرماتے ہیں:
ایک شخص نبی ﷺ کے پاس جہاد کی اجازت لینے آیا، تو آپ ﷺ نے پوچھا: ”کیا تمہارے والدین زندہ ہیں؟“ اس نے کہا: جی ہاں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”تو پھر انھی دونوں کی خدمت میں جہاد کرو“۔ [126]
- آدمی اپنے مخالف کے والدین کو گالی دینے سے بچے؛ کیونکہ یہ چیز اس کے مخالف کو اس کے والدین کو گالی دینے پر اکساتی ہے۔ چنانچہ عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
”یہ بھی ایک عظیم ترین کبرہ گناہ ہے کہ آدمی اپنے والدین پر لعنت کرے۔“ عرض کیا گیا: یا رسول اللہ! کوئی شخص اپنے والدین پر کیسے لعنت کرتا ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ”آدمی کسی کے باپ کو گالی دے گا، تو وہ بھی اس کے باپ کو گالی دے گا اور وہ کسی کی ماں کو گالی دے گا، تو وہ بھی اس کی ماں کو گالی دے گا“۔ [127]
- اس بات کی کوشش کرنا کہ والدین کو رنجیدہ نہ ہونے دیا جائے۔ چنانچہ عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں:
ایک شخص رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا: میں ہجرت پر آپ سے بیعت کرنے آیا ہوں اور اپنے والدین کو روتا ہوا چھوڑ آیا ہوں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’ان کے پاس لوٹ جاؤ اور جس طرح تم نے انہیں رلایا ہے، اسی طرح انہیں ہنساؤ۔‘‘ [128]
[37] سنن ابو داود، حدیث نمبر : 4607۔
- بچوں کو بچپن ہی سے والدین کی فرماں برداری کی تعلیم دینا۔