نص الموضوع
شراب ان ناپاک چیزوں میں سے ہے، جنہیں شریعت نے حرام قرار دیا ہے۔ شریعت نے اسے استعمال کرنے، بنانے، بیچنے، اٹھانے، پلانے یا کسی بھی طرح اس میں شریک ہونے والے تمام لوگوں پر لعنت بھیجی ہے۔ شراب نوشی ان بڑے گناہوں میں سے ہے، جو انسان کو آخرت میں سخت وعید سے دوچار کرتے ہیں اور دنیا میں برے انجام تک پہنچاتے ہیں۔
نبی ﷺ نے بتایا کہ شراب نوشی کا رائج اور عام ہو جانا قیامت کی نشانیوں میں سے ہے۔ چنانچہ انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
’’قیامت کی نشانیوں میں سے ہے کہ علم اٹھا لیا جائے گا، جہالت عام ہو جائے گی، شراب پی جانے لگے گی اور زنا رائج ہوجائے گے۔" [76]
[76] صحیح بخاری، حدیث نمبر: 80 اور صحیح مسلم، حدیث نمبر: 2671۔
شراب کے حکم میں ہر وہ چیز داخل ہے جو نشہ آور ہو اور عقل کو غائب کر دے، جیسے ہر قسم کی منشیات اور گانجا وغیرہ۔ یہ ساری چیزيں حرام ہیں اور ان میں سے کسی بھی چیز کا استعمال جائز نہیں ہے۔ چنانچہ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
"ہر نشہ آور چیز 'خمر' (شراب) ہے اور ہر نشہ آور چیز حرام ہے۔ جس نے دنیا میں شراب پی اور توبہ کیے بنا اس کی لت لے کر مر گیا، وہ آخرت میں اسے پینے سے محروم رہے گا"۔ [96]
[3] صحیح مسلم، حدیث نمبر: 233۔
دلائل:
شراب نوشی کی حرمت، اس کی قباحت اور اس کے سنگین جرم ہونے کی بہت سی دلیلیں موجود ہیں، جن میں سے چند یہ ہیں:
ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
"اے ایمان والو! بات یہی ہے کہ شراب اور جوا اور تھان اور فال نکالنے کے پانسے کے تیر، یہ سب گندی باتیں، شیطانی کام ہیں۔ ان سے بالکل الگ رہو، تاکہ تم فلاح یاب ہو۔
شیطان تو چاہتا ہے کہ شراب اور جوئے کے ذریعے سے تمہارے آپس میں عداوت اور بغض واقع کرا دے اور اللہ تعالیٰ کی یاد سے اور نماز سے تم کو باز رکھے، سو اب بھی باز آجاؤ۔"
(المائدۃ: 38)۔
انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں:
"جس دن شراب حرام کی گئی، میں ابو طلحہ کے گھر میں لوگوں کو پلا رہا تھا کہ اسی درمیان ایک منادی نے ندا دی۔ ابو طلحہ نے کہا: باہر جا کر دیکھو۔ چنانچہ میں باہر نکلا تو ایک منادی یہ اعلان کر رہا تھا: سن لو! شراب حرام کر دی گئی ہے۔ اس پر ابو طلحہ نے مجھ سے کہا: باہر جاؤ اور اسے بہا دو۔ چنانچہ میں نے اسے بہا دیا۔ پھر دیکھتے ہی دیکھتے مدینے کی گلیوں میں شراب بہنے لگی۔" [97]
[1] صحیح بخاری، حدیث نمبر: 2766، صحیح مسلم، حدیث نمبر: 89۔
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ اللہ کے نبی ﷺ نے فرمایا:
"کوئی زنا کرنے والا جب زنا کرتا ہے تو مومن نہيں ہوتا اور کوئی شراب پینے والا جب شراب پیتا ہے تو وہ مومن نہيں ہوتا۔" [98]
نیز عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
’’اللہ نے شراب پر، اس کے پینے والے پر، اس کے پلانے والے پر، اس کے بیچنے والے پر، اس کے خریدنے والے پر، اس کے نچوڑنے والے پر، اس کے نچڑوانے والے پر، اس کے اٹھانے والے پر اور اس پر جس کے لیے یہ اٹھا کر لائی جائے، لعنت فرمائی ہے‘‘۔[99]
[37] سنن ابو داود، حدیث نمبر : 4607۔
اور ابودرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں: میرے خلیل ﷺ نے مجھے وصیت فرمائی:
"شراب نہ پیو، کیونکہ یہ ہر برائی کی کنجی ہے"۔ [100]
[74] سنن ابن ماجہ، حدیث نمبر : 4019۔
نیز ابو درداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ کے نبی ﷺ نے فرمایا:
"شراب کا عادی جنت میں داخل نہیں ہوگا۔"
نقصانات:
اس گناہ کبیرہ کے نتیجے میں جو سزائيں مرتب ہوتی ہیں اور خطرات سامنے آتے ہیں، ان میں سے چند یہ ہیں:
- جس نے شراب پی، اس کی نماز چالیس دن تک قبول نہیں کی جائے گی۔ چنانچہ عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
’’جس نے شراب پی، چالیس دن اس کی نماز قبول نہیں ہوگی۔ اگر وہ توبہ کرلے تو اللہ تعالیٰ اس کی توبہ قبول کرلے گا، اور اگر وہ دوبارہ (یہ گناہ) کرے تو چالیس دن اس کی نماز قبول نہیں ہوگی۔ پھر اگر وہ توبہ کرلے تو اللہ تعالیٰ اس کی توبہ قبول کرلے گا، اگر وہ پھر (تیسری بار یہ گناہ) کرے تو چالیس دن اس کی نماز قبول نہیں ہوگی۔ پھر اگر وہ توبہ کرلے تو اللہ تعالیٰ اس کی توبہ قبول کرلے گا اور اگر وہ چوتھی بار یہی گناہ کرے تو چالیس دن اس کی نماز قبول نہیں ہوگی اور اس کے بعد اگر وہ توبہ کرے تو اللہ اس کی توبہ قبول نہیں کرے گا اور اسے نہرِِ خَبال سے پلائے گا‘‘۔ پوچھا گیا: اے ابو عبدالرحمٰن! یہ نہرِ خَبال کیا ہے؟ فرمایا: ’’یہ جہنمیوں کی پیپ کی ایک نہر ہے‘‘۔[102]
[28] سنن ترمذی، حدیث نمبر : 2140۔
- اگر شراب پینے والا توبہ کیے بغیر مر جائے تو آخرت میں جنت کی شراب سے محروم رہے گا۔ چنانچہ عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
”جس نے دنیا میں شراب پی اور اس سے توبہ نہیں کی، وہ آخرت میں اس سے محروم رہے گا۔“ [103]
- شراب نوشی مسلمانوں کے درمیان دشمنی اور بغض پیدا کرتی ہے اور بہت سے خاندانوں کو تباہ وبرباد کر دیتی ہے۔ چنانچہ طلاق اور بچوں کے بکھرنے کے بہت سے واقعات شراب نوشی کی لت کی وجہ سے سامنے آتے ہیں۔ جو شخص شراب پیتا ہے اور اس کی عقل زائل ہو جاتی ہے، تو وہ بے شعور ہو جاتا ہے اور بسا اوقات ایسے تباہ کن گناہوں کا ارتکاب کر بیٹھتا ہے، جن سے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ شراب تمام برائیوں کی جڑ اور ہر شر کی کنجی ہے۔
- شراب، شرابی کے مال کو نقصان دہ اور بے فائدہ چیزوں میں ضائع کرتی ہے، جب کہ انسان سے اس کے مال کے بارے میں سوال کیا جائے گا کہ اُسے کہاں سے کمایا اور کہاں خرچ کیا۔ چنانچہ ابو برزہ اسلمی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
"قیامت کے دن کسی شخص کے قدم اس وقت تک اپنی جگہ سے نہیں ہٹیں گے، جب تک اس کی عمر کے بارے میں نہ پوچھ لیا جائے کہ اسے کس چیز میں فنا کیا، اس کے علم کے بارے میں نہ پوچھ لیا جائے کہ اس سے کیا کیا، اس کے مال کے بارے میں نہ پوچھ لیا جائے کہ اسے کہاں سے کمایا اور کہاں خرچ کیا اور اس کے جسم کے بارے میں نہ پوچھ لیا جائے کہ اسے کہاں کھپایا۔" [104]
- شراب، مسرت اور خوشی لانے کی بجائے غموں میں مزید اضافہ کرتی ہے اور مسائل کو مزید پیچیدہ بنا دیتی ہے۔ اگر اس سے کوئی خوشی حاصل ہوتی بھی ہے تو وہ ایک جعلی، کھوٹی خوشی اور جھوٹا سرور ہوتا ہے، جو بہت جلد زائل ہو جاتا ہے اور اس کے بعد طویل عرصے تک ندامت، حسرت اور رنج وغم باقی رہتا ہے۔
- نشہ آور چیز کا استعمال بہت سے حسی اور معنوی نقصانات کا باعث بنتا ہے۔ اس کا بس یہی ایک نقصان کافی ہے کہ یہ اس عقل کو زائل کر دیتی ہے جس کے ذریعہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا۔
اس سے بچنے کے راستے:
شراب کے استعمال اور اس کی عادت سے بچنے کے درج ذیل طریقے ہیں:
- اللہ کے امر ونہی کا احترام کرنا، فوری طور پر حکم بجا لانا اور منہیات سے رک جانا۔ اس لیے کہ جب انسان اللہ تعالیٰ کی اس کامل رحمت اور حکمت پر ایمان لے آتا ہے، جو اس کی تخلیق، تقدیر، امر اور نہی میں کارفرما ہے، تو وہ اپنے رب کی تمام تعلیمات اور احکامات پر راضی ہو جاتا ہے، انہیں بخوشی قبول کرتا ہے اور بغیر کسی اکتاہٹ یا پس وپیش کے ان کی تعمیل کے لیے کوشاں ہو جاتا ہے۔
- نشہ آور اشیا کے استعمال سے پیدا ہونے والے برے نتائج، شرمناک حرکات، ذلت ورسوائی اور شرمندگی وندامت کا علم۔
- بدلاؤ لانے کا عزم وارادہ۔ چنانچہ اس کے لیے پختہ عزم اور بھرپور کوشش لازم ہے۔
- برے دوستوں سے دور رہنا اور نیک وصالح لوگوں کی صحبت اختیار کرنا۔ ان شاء اللہ اسے سے بہت مدد ملے گی۔
- شراب یا نشہ آور اشیا کے عادی افراد کے علاج کے لیے بعض طبی طریقے بھی موجود ہیں۔ لہٰذا ان سے استفادہ کرنے کے لیے ڈاکٹروں اور خصوصی مراکز سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔