نص الموضوع
چوری کبیرہ گناہوں میں سے ایک ایسا گناہ ہے جو انسان کی امانت اور دین داری میں خلل ڈالتا ہے۔ اللہ تعالی نے اس پر حد کو واجب ٹھہرایا ہے، جو کہ تمام شرطوں کے پائے جانے پر ہاتھ کاٹنا ہے۔ اس کبیرہ گناہ کے ارتکاب کے وقت اس کے مرتکب سے ایمان کی نفی کی ہے اور اس پر لعنت کو واجب قرار دیا ہے۔
کچھ اور بھی گناہ ہیں، جن کا یک گونہ تعلق چوری سے ہے، اگرچہ ان کا حکم الگ ہو۔ جیسے اچک لینا، لوٹ لینا اور پاکٹ مار لینا۔ ان قبیح افعال میں سے ہر ایک کا اپنا حکم اور اپنی سزا ہے۔
دلائل:
چوری کی حرمت، اس کی شناعت اور اس کے جُرم کی سنگینی کے بہت سے دلائل موجود ہیں، جن میں سے چند یہ ہيں:
اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
"چوری کرنے والے مرد اور اور چوری کرنے والی عورت کے ہاتھ کاٹ دیا کرو ۔ یہ بدلہ ہے اس کا جو انہوں نے کیا۔ عذاب، اللہ کی طرف سے اور اللہ تعالیٰ قوت وحکمت واﻻ ہے۔"
(المائدۃ: 38)۔
امام ابن شہاب زہری رحمہ اللہ نے فرمایا:
’’اللہ نے لوگوں کا مال چرانے پر ہاتھ کاٹنے کی عبرت ناک سزا مقرر فرمائی ہے اور اللہ چور سے اپنے انتقام لینے میں غالب اور اُس حکم کو واجب ٹھہرانے میں حکیم ہے‘‘۔ [88]
[64] الكبائر للذهبي (ص: 20)۔
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ اللہ کے نبی ﷺ نے فرمایا:
"زناکار جب زنا کر رہا ہوتا ہے تو وہ اس وقت مومن نہیں ہوتا اور جب چوری کر رہا ہوتا ہے تو اس وقت بھی مومن نہیں ہوتا۔"[89]
[1] صحیح بخاری، حدیث نمبر: 2766، صحیح مسلم، حدیث نمبر: 89۔
اور ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا:
’’اللہ کی لعنت ہو چور پر، وہ انڈا چراتا ہے تو اس کا ہاتھ کاٹ دیا جاتا ہے اور رسی چراتا ہے تو اس کا ہاتھ کاٹ دیا جاتا ہے۔‘‘ [90]۔
عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، وہ کہتی ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا:
"ایک چوتھائی دینار یا اس سے زیادہ قیمت کی چیز چرانے پر ہاتھ کاٹا جائے گا" [91]۔
عروہ بن زبیر سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ کے عہد میں غزوۂ فتح کے موقع پر ایک عورت نے چوری کر لی، تو اس کی قوم کے لوگ گھبرا کر اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ کے پاس سفارش کروانے کے لیے پہنچے۔ چنانچہ جب اسامہ نے اس عورت کے بارے میں آپ ﷺ سے گفتگو کی، تو رسول اللہ ﷺ کے چہرے کا رنگ بدل گیا اور آپ ﷺ نے فرمایا:
’’کیا تم اللہ کی حدود میں سے ایک حد کے بارے میں مجھ سے بات کر رہے ہو؟‘‘ اسامہ رضی اللہ عنہ نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میرے لیے مغفرت کی دعا فرمائیے۔ پھر جب شام ہوئی تو رسول اللہ ﷺ خطبہ دینے کے لیے کھڑے ہوئے۔ آپ نے اللہ تعالیٰ کی اس کی شان کے لائق حمد وثنا بیان کی، پھر فرمایا: ’’اما بعد! تم سے پہلے لوگوں کو اسی چیز نے ہلاک کیا کہ جب ان میں کوئی معزز آدمی چوری کر لیتا تو اسے چھوڑ دیتے اور جب کوئی کمزور چوری کرتا تو اس پر حد قائم کر دیتے تھے۔ قسم ہے اس ذات کی جس کے ہاتھ میں محمد کی جان ہے! اگر محمد (ﷺ) کی بیٹی فاطمہ بھی چوری کرتی تو میں اس کا ہاتھ بھی کاٹ دیتا۔‘‘ پھر رسول اللہ ﷺ نے اس عورت کے بارے میں حکم صادر فرمایا اور اس کا ہاتھ کاٹ دیا گیا۔ اس کے بعد اس نے سچی توبہ کی اور شادی کر لی۔ عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: "اس کے بعد وہ (میرے پاس) آیا کرتی تھیں اور میں ان کی ضرورت رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں پیش کر دیا کرتی تھی۔"[92]
ہاتھ کاٹنے کی یہ سخت سزا دوسروں کے مال پر زیادتی کرنے کی وجہ سے مقرر ہے۔ یہ سزا دوسروں کو اس جرم سے باز رکھنے کے ساتھ ساتھ اس شخص کے لیے بھی باعثِ عبرت ہے، جو لوگوں کا مال چرانے کا خیال دل میں لاتا ہے۔ یہ چور کے لیے گناہ سے پاکی، معاشرے میں امن وسکون کے قیام اور لوگوں کے اموال کی حفاظت کا ذریعہ بھی ہے۔
نقصانات:
چوری کے بہت سے نقصانات ہیں، جن میں سے کچھ یہ ہیں:
- چوری کمالِ ایمان کے منافی ہے، جیسا کہ سابقہ حدیث میں آیا ہے: ’’چوری کرنے والا جب چوری کرتا ہے تو وہ مومن نہیں ہوتا‘‘۔
- چور اگر توبہ نہ کرے تو دنیاوی رسوائی کے ساتھ اس کے لیے آخرت میں بھی عذاب کی وعید آئی ہے۔
- یہ چور کے ہاتھ کاٹے جانے کا سبب ہے۔
- چور کو دعا کی قبولیت سے محروم کر دیا جاتا ہے۔ چنانچہ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا:
’’رسول اللہ ﷺ نے ایک شخص کا ذکر فرمایا جو لمبا سفر کرتا ہے، جس کے بال پراگندہ اور وہ غبار آلود ہوتا ہے، وہ اپنے ہاتھ آسمان کی طرف اٹھا کر پکارتا ہے ’یا رب! یا رب!‘، جب کہ اس کا کھانا حرام، اس کا پینا حرام اور اس کا لباس حرام ہے، اور اس کی پرورش حرام سے ہوئی ہے، تو اس کی دعا کیسے قبول کی جا سکتی ہے؟‘‘ [93]۔
[3] صحیح مسلم، حدیث نمبر: 233۔
- یہ نفس کی ذلت اور بے غیرتی کی دلیل ہے۔
- لوگ چور پر کسی بھی چیز کے بارے میں بھروسہ نہیں کرتے، خواہ وہ کتنی ہی حقیر کیوں نہ ہو۔
اس سے بچنے کے راستے:
چوری کے گناہ سے بچنے کے درج ذیل طریقے ہیں:
- چور کا ہاتھ کاٹ کر چوری کی حد نافذ کرنا، یہ معاشرے میں چوری کے سد باب کا ایک انتہائی مؤثر ذریعہ ہے۔
- امانت کی حفاظت کی ترغیب اور چوری وغیرہ جیسی خیانت سے ترہیب۔
- حلال روزی سے پورے خاندان کو ملنے والی برکت کو یاد کرنا اور چوری کی نحوست اور اس کے برے اثرات کو یاد کرنا۔
- بچوں کو عفت وپاک دامنی کی تربیت دینا، انھیں دوسروں کے حقوق اور املاک پر دست درازی سے روکنا، اور ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنا تاکہ شیطان انھیں چوری کے لیے نہ ورغلائے‘ نیز انھیں برے دوستوں سے دور رکھنا جو ان کے سامنے اس طرح کے برے کاموں کو مزین کرکے پیش کرتے ہیں۔
- حرام کی بجائے حلال رزق اور اس کے ذرائع پر اکتفا کرنا، اس کے لیے کوشش کرنا اور اللہ عز و جل سے دعا کرنا۔ اسی ضمن میں نبی ﷺ سے یہ حدیث وارد ہے:
’’اے اللہ ! تو مجھے اپنی حلال چیزوں کے ساتھ اپنی حرام چیزوں سے کافی ہوجا اور مجھے اپنے فضل سے نواز کر، اپنے ماسوا سے بے نیاز کردے۔‘‘ [94]
[28] سنن ترمذی، حدیث نمبر : 2140۔