Skip to content

نص الموضوع

اسلام میں نماز کا ایک بلند مقام ہے۔ یہ دین کا ستون اور شہادتین کے بعد پہلی عبادت ہے۔ چنانچہ عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

”اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے: اس بات کی گواہی دینا کہ اللہ کے سوا کوئی سچا معبود نہیں اور بے شک محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں، نماز قائم کرنا، زکوٰۃ ادا کرنا، خانہ کعبہ کا حج کرنا اور رمضان کے روزے رکھنا۔“ [55]

[1] صحیح بخاری، حدیث نمبر: 2766، صحیح مسلم، حدیث نمبر: 89۔

نماز ترک کرنا ایک عظیم ترین گناہ ہے اور اسے چھوڑنے والے پر کفر کا اندیشہ ہے۔ چنانچہ جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا:

”بے شک آدمی اور شرک وکفر کے درمیان (فاصلہ مٹانے والا عمل) نماز کا ترک کرنا ہے۔“ [56]

[3] صحیح مسلم، حدیث نمبر: 233۔

دلائل:

نماز چھوڑنے کی حرمت اور اس کی شناعت وسنگینیِ جرم کے بہت سے دلائل موجود ہیں، جن میں سے چند ملاحظہ ہو:

اللہ پاک کا فرمان ہے:

"پھر ان کے بعد ایسے ناخلف پیدا ہوئے کہ انہوں نے نماز ضائع کردی اور نفسانی خواہشوں کے پیچھے پڑ گئے، سو ان کا نقصان ان کے آگے آئے گا۔"

[مریم: 59]

یعنی: ان کے آگے بڑا سخت اور دوہرا عذاب ہوگا۔ مفسرین ذکر کرتے ہیں کہ اضاعتِ صلاۃ سے مراد یا تو اسے کلی طور پر ترک کر دینا ہے یا پھر اسے اس کے اوقات سے مؤخر کرنا ہے۔ [57]

[57] دیکھیں: تفسیر ابن کثیر: (5/ 243)۔

مزید فرمایا:

"تمہیں دوزخ میں کس چیز نے ڈاﻻ؟

وه جواب دیں گے کہ ہم نمازی نہ تھے۔"

[المدثر: 42-43]

معلوم ہوا کہ نماز ترک کرنا جہنم میں داخل ہونے کا سبب ہے۔ اللہ ہمیں اس سے بچائے۔

اللہ تعالی کا مزید ارشاد ہے:

"ان نمازیوں کے لئے افسوس (اور ویل نامی جہنم کی جگہ) ہے۔

جو اپنی نماز سے غافل ہیں۔

[الماعون: 4 - 6]

شیخ سعدی رحمہ اللہ کہتے ہیں:

’’﴿ان نمازیوں کے لیے ہلاکت ہے﴾ یعنی جو پابندی کے ساتھ نماز تو قائم کرتے ہیں، لیکن وہ ﴿اپنی نماز سے غافل ہیں﴾، یعنی اسے ضائع کر دیتے ہیں، اسے وقت سے مؤخر کر دیتے اور اس کے ارکان کو فوت کر دیتے ہیں۔ یہ اس لیے کہ انہوں نے اللہ کے حکم کو اہمیت نہیں دی، جس کی وجہ سے انہوں نے نماز کو ضائع کیا، جو کہ اہم ترین اطاعت اور افضل ترین عبادت ہے۔‘‘[58]

[11] تفسیر سعدی (ص : 324)۔

بریدہ رضی اللہ عنہ نبی کریم ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ آپ ﷺ نے فرمایا:

”ہمارے اور ان (کافروں) کے درمیان فرق نماز کا ہے۔ جس نے نماز چھوڑدی، اس نے کفر کیا۔“ [59]

[28] سنن ترمذی، حدیث نمبر : 2140۔

شقیق بن عبد اللہ رحمہ اللہ تعالی فرماتے ہیں:

""محمد ﷺ کے صحابہ نماز کے سوا کسی عمل کے ترک کرنے کو کفر نہیں سمجھتے تھے۔" [60]

نقصانات:

نماز ترک کرنے کے بہت سے نقصانات ہیں۔ چند نقصانات یہ ہیں:

  • اسلام کے ظاہری شعائر میں سے ایک عظیم شعار کا ضیاع۔
  • نماز ترک کرنے والے کے تئیں کفر میں واقع ہونے کا اندیشہ ہے۔ اللہ کی پناہ۔ فقہا کا اس میں اختلاف ہے کہ کیا وہ کافر ہے اور اس پر کفار کے احکام جاری ہوں گے یا وہ کبیرہ گناہ کا مرتکب ہے؟
  • بے نمازی کا اسلام میں کوئی حصہ نہیں ہے۔

مِسوَر بن مَخرمہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ وہ اس رات عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کے پاس گئے جس رات آپ کو خنجر مارا گیا تھا اور انھیں نمازِ فجر کے لیے بیدار کیا۔ عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ”ہاں، اسلام میں اس شخص کا کوئی حصہ نہیں جو نماز ترک کر دے“۔ چنانچہ عمر رضی اللہ عنہ نے اس حالت میں نماز پڑھی کہ ان کے زخم سے خون بہہ رہا تھا۔[61]

[61] موطأ مالک : 51

يثعب دمًا: خون کا بہنا اور پھوٹ کر نکلنا۔

امام باجی رحمہ اللہ نے فرمایا:

’’عمر رضی اللہ عنہ کے قول: ’’اسلام میں اس شخص کا کوئی حصہ نہیں، جس نے نماز چھوڑدی‘‘ کا مطلب ہے کہ اس کا اسلام میں کوئی حصہ نہیں اور اس کے اعمال قبول نہیں کیے جاتے؛ کیونکہ نماز تمام اسلامی اعمال میں سب سے پہلے قبول ہونے والا اور سب سے بلند مرتبہ عمل ہے۔ چنانچہ جس نے نماز ترک کردی، دیگر تمام اسلامی اعمال میں اس کا حصہ باطل ہو گیا، وہ ان سے کوئی فائدہ نہیں اٹھا پاتا اور نہ ہی ان میں اس کا کوئی حصہ رہتا ہے‘‘۔[62]

[62] المنتقى شرح الموطأ (1/ 86)-

  • نماز چھوڑنا قیامت کے دن ناکامی اور خسارے کا باعث ہے۔ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا:

”بلا شبہ قیامت کے دن بندے کے اعمال میں سے سب سے پہلے اس کی نماز کا حساب ہو گا۔ اگر اس کی نماز صحیح رہی، تو پھر وہ کامیاب ہو گیا اور نجات پاگیا۔ لیکن اگر نماز کا معاملہ بگڑ گیا، تو پھر وہ نا کام ونامراد ہوگیا“۔ [63]

عون بن عبد اللہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

"یقیناً بندے کو جب اس کی قبر میں داخل کیا جاتا ہے تو سب سے پہلی چیز جس کے بارے میں اس سے سوال ہوتا ہے، وہ نماز ہے۔ چنانچہ اگر نماز درست نکلی تو اس کے دیگر اعمال کو دیکھا جائے گا اور اگر وہ درست نہ نکلی تو اس کے بعد اس کے کسی عمل کو نہیں دیکھا جائے گا۔" [64]

[64] الكبائر للذهبي (ص: 20)۔

`- جو شخص ایک نماز بھی ترک کرتا ہے، اللہ اس پر غضب ناک ہوتا ہے۔ ابن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا:

”جو شخص جان بوجھ کر ایک نماز چھوڑ دے، وہ اللہ تعالی سے اس حال میں ملے گا کہ وہ اس پر غضب ناک ہوگا“ [65]۔

  • نبی ﷺ کو بے نمازیوں سے قتال کا حکم دیا گیا ہے۔ عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

”مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں لوگوں سے قتال کروں یہاں تک کہ وہ اس بات کی گواہی دیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں اور محمد صلی اللہ علیہ و سلم اللہ کے رسول ہیں، نماز قائم کریں اور زکوٰۃ ادا کریں۔ جب وہ یہ سب کرنے لگیں گے تو مجھ سے اپنی جانوں اور اپنے مالوں کو محفوظ کر لیں گے، سوائے اسلام کے حق کے، اور ان کا (باطنی) حساب اللہ تعالیٰ کے ذمہ ہوگا۔“ [25]

  • اس نور سے محرومی جس کے بارے میں نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا:

"نماز نور ہے"۔ [67]

  • نماز چھوڑنا مسلم معاشرے میں بے حیائی اور برائیوں کو عام کرتا ہے؛ کیوں کہ مسلمانوں کا نماز کی پابندی کرنا انہیں اور معاشرے کو بے حیائی اور برائی سے روکتا ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:

"...اور نماز قائم کریں، یقیناً نماز بے حیائی اور برائی سے روکتی ہے..."

[العنكبوت: 45]

اس سے بچنے کے راستے:

اس کبیرہ گناہ سے بچنے کے درج ذیل طریقے ہیں:

  • اس بات کی معرفت حاصل کرنا کہ اسلام میں نماز کی بڑی قدر ومنزلت ہے اور قرآن وسنت کی روشنی میں اس کا علم حاصل کرنا۔
  • نبی ﷺ کی نماز کا طریقہ سیکھنا۔ چنانچہ مالک بن حویرث رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا:

”تم اسی طرح نماز پڑھو، جس طرح تم نے مجھے نماز پڑھتے دیکھا ہے۔“ [67]

  • مسجد میں مسلمانوں کی جماعت کے ساتھ فرض نمازوں کی ادائیگی کی پابندی کرنا اور کسی چیز کو وقت پر نماز سے غافل کرنے کا سبب نہ بننے دینا۔ اللہ تعالی نے فرمایا:

"اے مسلمانو! تمہارے مال اور تمہاری اوﻻد تمہیں اللہ کے ذکر سے غافل نہ کر دیں اور جو ایسا کریں وه بڑے ہی زیاں کار لوگ ہیں۔"

[المنافقون: 9]

ابن حجر ہیتمی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

"مفسرین کی ایک جماعت کا قول ہے کہ اس آیت میں ذکر اللہ سے مراد پنجگانہ نمازیں ہیں۔ چنانچہ جو شخص اپنے مال، مثلاً اپنی خرید وفروخت، اپنے پیشے یا اپنی اولاد میں مشغول ہو کر، نماز کو اس کے وقت پر ادا کرنے سے غافل رہا، وہ خسارہ پانے والوں میں سے ہے"۔ [68]

[31] الزواجر عن اقتراف الكبائر (1/ 162)۔

  • برے دوستوں اور نمازیں ضائع کرنے والے گناہ گاروں سے دور رہنا۔
  • بچوں کو کم عمری ہی سے نماز کا عادی بنانا۔ عبد اللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

"جب تمہارے بچے سات سال کے ہو جائیں تو انہیں نماز پڑھنے کا حکم دو اور جب وہ دس سال کے ہوجائیں تو نماز میں غفلت پر انہیں مارو۔"[69]۔

[37] سنن ابو داود، حدیث نمبر : 4607۔

  • کثرت سے نفل نمازیں پڑھنا؛ کیونکہ یہ فرائض میں رہ جانے والی کمیوں کو پورا کرتی ہیں۔ چنانچہ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا:

”بے شک قیامت کے دن بندے کے تمام اعمال میں سب سے پہلے اس کی نماز کا حساب ہو گا؛ اگر نماز درست ہوئی تو بندہ کامیاب اور سرخ رو ہو گیا اور اگر نماز خراب ہوئی تو وہ ناکام و نامراد ہو گیا۔ اگر اس کے فرائض میں کچھ کمی رہی، تو اللہ عز وجل فرمائے گا: دیکھو، کیا میرے بندے کے پاس کچھ نوافل ہیں کہ ان کے ذریعے فرائض کی کمی کو پورا کر دیا جائے؟ پھر اس کے سارے اعمال کا حساب اسی طریقے پر ہو گا۔“ [70]

  • نماز کی ادائیگی پر حاصل ہونے والے عظیم اجر وثواب کو جاننا کہ یہ مسلمان کا محبوب ترین عمل ہے جسے وہ اللہ کی اطاعت کرتے ہوئے ادا کرتا ہے اور یہ وہ وسیلہ ہے جس کے ذریعے بندہ اپنے خالق سے جڑتا، اسے پکارتا اور اس سے مدد طلب کرتا ہے۔
  • نماز کو اول وقت میں ادا کرنے کی ضرورت پر حریص اور متنبہ رہنا اور اس کام میں مددگار وسائل کو استعمال کرنا، جیسے الارم لگانا، کسی دوست سے یاد دہانی کروانا یا ایسی چیز کی مدد لینا جس میں نماز کے اوقات پوری باریکی کے ساتھ درج ہوں وغیرہ۔

ملاحظات

[55] رواه البخاري برقم (8)، ومسلم برقم (21).

[56] رواه مسلم برقم (134).

[57] ينظر: تفسير ابن كثير (5/ 243).

[58] تفسير السعدي (ص: 935).

[59] رواه الترمذي برقم (261).

[60] رواه الترمذي برقم (2622).

[61] موطأ مالك برقم (51).

[62] المنتقى شرح الموطأ (1/ 86).

[63] رواه الترمذي برقم (413).

[64] الكبائر للذهبي (ص: 20).

[65] الكبائر للذهبي (ص: 20).

[66] رواه البخاري برقم (25)، ومسلم برقم (22).

[67] رواه مسلم برقم (223).

[67] رواه البخاري برقم (631)، ومسلم برقم (674).

[68] الزواجر عن اقتراف الكبائر (1/ 220).

[69] رواه أبو داود برقم (495).

[70] رواه الترمذي برقم (413).