Skip to content

اللہ اور اس کے رسول پر جھوٹ گھڑنا۔

نص الموضوع

عام جھوٹ کبیرہ گناہوں میں سے ہے اور جھوٹ کی سب سے قبیح اور بدترین قسم اللہ اور اس کے رسول ﷺ پر جھوٹ باندھنا ہے۔ سعدی فرماتے ہیں:

"کوئی شخص اس سے بڑا ظالم اور مجرم نہیں جو اللہ پر جھوٹ بولے، اس طرح کہ وہ اللہ کی طرف کوئی ایسا قول یا حکم منسوب کرے جس سے اللہ تعالیٰ بری ہے۔ یہ شخص مخلوق میں سب سے بڑا ظالم اس لیے ہے کہ اس کے اس عمل میں جھوٹ بولنا اور دین کے اصول وفروع میں تبدیلی لانا شامل ہے، اور اس (جھوٹ) کو اللہ کی طرف منسوب کرنا ایک عظیم ترین فساد ہے۔"[29]

[11] تفسیر سعدی (ص : 324)۔

جھوٹ کی اقسام میں سے ایک یہ بھی ہے کہ کوئی اللہ کے کلام کی تفسیر اللہ کی مراد کے خلاف کرے۔ کیونکہ کلام سے مقصود اس کا معنی ہوتا ہے۔ لہذا جب کوئی کہتا ہے کہ اللہ نے اس سے یوں مراد لی ہے، تو وہ اللہ پر جھوٹ باندھنے والا اور اللہ عز و جل کے خلاف ایک ایسی بات کی گواہی دینے والا ہے جس کا اللہ نے ارادہ نہیں فرمایا۔ اسی طرح جب کوئی اللہ کے رسول ﷺ کی حدیث کی تشریح آپ ﷺ کی مراد کے خلاف کرے، تو وہ بھی جھوٹ بولنے والوں میں شامل ہے۔

اللہ اور اس کے رسول پر جھوٹ باندھنے کی حرمت اور اس کے قبیح و سنگین جرم ہونے کے دلائل بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ ان میں سے کچھ دلائل ملاحظہ ہوں:

اللہ تعالیٰ نے فرمایا:

"وه کہتے ہیں کہ اللہ اوﻻد رکھتا ہے۔ سبحان اللہ! وه تو کسی کا محتاج نہیں۔ اسی کی ملکیت ہے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے۔ تمہارے پاس اس پر کوئی دلیل نہیں۔ کیا اللہ کے ذمے ایسی بات لگاتے ہو جس کا تم علم نہیں رکھتے؟

آپ کہہ دیجئے کہ جو لوگ اللہ پر جھوٹ افترا کرتے ہیں، وه کامیاب نہ ہوں گے۔

یہ دنیا میں تھوڑا سا عیش ہے، پھر ہمارے پاس ان کو آنا ہے، پھر ہم ان کو ان کے کفر کے بدلے سخت عذاب چکھائیں گے۔"

[یونس : 68-70]

لہذا جس نے اللہ تعالیٰ پر جھوٹ باندھا اور یہ دعویٰ کیا کہ اللہ کی کوئی بیوی یا اولاد یا شریک ہے، تو وہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ کفر کرنے والا ہے۔

مزید فرمایا:

"اور جن لوگوں نے اللہ پر جھوٹ باندھا ہے، آپ دیکھیں گے کہ قیامت کے دن ان کے چہرے سیاه ہوگئے ہوں گے۔ کیا تکبر کرنے والوں کاٹھکانا جہنم میں نہیں ہے؟"

[الزمر: 65 - 66]۔

سمعانی رحمہ اللہ کہتے ہیں:

"اللہ پر جھوٹ باندھنے کے معنی یہ ہیں کہ انہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ اللہ تعالیٰ نے کوئی بیٹا یا شریک بنا لیا ہے۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اس میں اللہ تعالیٰ پر باندھا جانے والا ہر جھوٹ شامل ہے"۔ [30]۔

[30] تفسيرِ سمعانی (4/ 478)۔

"اس سے بڑھ کر ظالم کون ہوگا جو اللہ پرجھوٹ باندھے؟ یہ لوگ اپنے پروردگار کے سامنے پیش کئے جائیں گے اور سارے گواه کہیں گے کہ یہ وه لوگ ہیں جنہوں نے اپنے پروردگار پر جھوٹ باندھا تھا۔ خبردار ہو کہ اللہ کی لعنت ہے ظالموں پر۔"

[ھود: 114]

"کسی چیز کو اپنی زبان سے جھوٹ موٹ نہ کہہ دیا کرو کہ یہ حلال ہے اور یہ حرام ہے کہ اللہ پر جھوٹ بہتان باندھ لو۔ سمجھ لو کہ اللہ تعالیٰ پر بہتان بازی کرنے والے کامیابی سے محروم ہی رہتے ہیں۔

انہیں بہت معمولی فائده ملتا ہے اور ان کے لئے ہی دردناک عذاب ہے۔"

[النحل : 116-117]

ابن حجر ہیتمی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

”اس میں کوئی شک نہیں کہ حرام کو حلال یا حلال کو حرام ٹھہرانے کے لیے اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ پر عمداً جھوٹ باندھنا سراسر کفر ہے“۔ [31]

[31] الزواجر عن اقتراف الكبائر (1/ 162)۔

اور مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا:

’’بے شک مجھ پر جھوٹ بولنا کسی اور پر جھوٹ بولنے کی طرح نہیں ہے۔ جو شخص مجھ پر جان بوجھ کر جھوٹ بولے، وہ اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنا لے۔‘‘ [32]

[1] صحیح بخاری، حدیث نمبر: 2766، صحیح مسلم، حدیث نمبر: 89۔

نووی کہتے ہیں:

"اس میں آپ ﷺ پر جھوٹ باندھنے کی حرمت کی سنگینی بیان ہوئی ہے اور یہ بتایا گیا ہے کہ یہ ایک عظیم بے حیائی اور ہلاکت خیز کبیرہ گناہ ہے، لیکن اس جھوٹ کی وجہ سے کوئی شخص کافر نہیں ہوتا، اِلّا یہ کہ وہ اسے حلال سمجھ لے۔ علما کے مذاہب میں یہی مشہور قول ہے۔" [33]۔

[33] شرح مسلم (1/ 69)۔

علامہ ابن القیم رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

"رسول اللہ ﷺ پر جھوٹ باندھنا جہنم میں داخل ہونے اور اس میں اپنا ٹھکانہ بنا لینے کا موجب ہے اور یہ ایک ایسا لازمی ٹھکانہ ہے کہ اس کا مکین اس سے کبھی جدا نہیں ہوگا"۔ [34]

[34] مدارج السالكين (1/ 379)۔

اللہ اور اس کے رسول پر جھوٹ باندھنے کے بہت سے نقصانات ہیں، جن میں سے چند یہ ہیں:

  • اللہ تعالیٰ پر جھوٹ باندھنا مشرکوں کا طریقہ ہے۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے:

ابن کثیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

"اللہ تعالیٰ نے مشرکوں کی راہ پر چلنے سے منع فرمایا ہے، جنھوں نے محض اپنی عقل سے بحیرہ، سائبہ، وصیلہ اور حامی جیسے نام رکھ کر چیزوں کو حلال وحرام ٹھہرا لیا تھا، اور اس طرح کی دیگر چیزوں سے بھی (منع فرمایا ہے) جنھیں انھوں نے اپنی جاہلیت میں ایجاد کرکے اپنا دین بنا لیا تھا"۔ [35]

[35] تفسیر ابن کثیر (4/609)-

  • اللہ اور اس کے رسول ﷺ پر جھوٹ باندھنا الٰہی شریعت کو بدل دینے کا سبب ہے۔ یعنی اللہ کی حلال کردہ چیزوں کو حرام یا حرام کردہ چیزوں کو حلال قرار دینا ہے۔
  • یہ بدعات اور (دین میں) نت نئی ایجادات کی جانب لے جاتا ہے۔ ابن کثیر فرماتے ہیں:

"اور اس حکم میں –یعنی اللہ تعالیٰ کے اس فرمان ﴿وَلَا تَقُولُوا لِمَا تَصِفُ أَلْسِنَتُكُمُ الْكَذِبَ هَذَا حَلَالٌ وَهَذَا حَرَامٌ﴾ میں– ہر وہ شخص داخل ہے جو محض اپنی رائے اور خواہشِ نفس کی بنا پر ایسی بدعت ایجاد کرے جس کی اس کے پاس کوئی شرعی دلیل نہ ہو، اللہ کی حرام کردہ کسی چیز کو حلال کر لے یا اللہ کی مباح کردہ کسی چیز کو حرام ٹھہرا لے۔" [36]

اللہ اور اس کے رسول پر جھوٹ باندھنے کے جرم سے بچنے کے درج ذیل طریقے ہیں:

  • کچھ کہنے یا کرنے سے پہلے علم حاصل کرنا۔
  • نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کو لازم پکڑنا اور بدعت سے اجتناب کرنا۔ چنانچہ عرباض بن ساریہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

"تم میری سنت کو اور ہدایت یافتہ خلفائے راشدین کے طریقے کو لازم پکڑنا۔ اسے داڑھوں سے مضبوطی سے پکڑ لینا اور دین میں نئے نئے کام ایجاد کرنے سے بچنا، کیوں کہ (دین میں) ہر نو ایجاد کردہ چیز بدعت ہے اور ہر بدعت گمراہی ہے"۔ [37]

[37] سنن ابو داود، حدیث نمبر : 4607۔

  • سچائی کا اہتمام کرنا۔ چنانچہ عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

"تم سچائی کو لازم پکڑو؛ بلاشبہ سچ نیکو کاری کا راستہ بتلاتا ہے اور نیکو کاری یقینًا جنت میں پہنچا دیتی ہے۔ انسان ہمیشہ سچ بولتا رہتا ہے اور سچ بولنے کا ہی ارادہ رکھتا ہے، جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ اللہ عز وجل کے یہاں اسے صدیق (بہت سچا) لکھ دیا جاتا ہے۔ اور جھوٹ سے مکمل پرہیز کرو، کیوں کہ جھوٹ گناہ کا راستہ بتلاتا ہے، اور گناہ یقینًا جہنم میں پہنچا دیتا ہے۔ انسان ہمیشہ جھوٹ بولتا رہتا ہے اور جھوٹ بولنے کا ہی ارادہ رکھتا ہے، جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ اللہ عز وجل کے یہاں اسے کذاب (بہت جھوٹا) لکھ دیا جاتا ہے۔" [38]

  • دنیا اور آخرت میں اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر جھوٹ باندھنے کا جو انجام ہوتا ہے‘ اس پر غور وفکر کرنا۔
  • ایسے علما کا وجود جو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا دفاع اور ان کی جانب منسوب جھوٹ کا رد کریں۔