کسی کو اللہ کا شریک ٹھہرانا
- التصنيف الشرعي
- العقيدةالإسلامنواقض الإسلامالشرك
- الموضوعات
- التوحيد وحمايتهالشرك بالله وأقسامه
نص الموضوع
اللہ تعالیٰ کے ساتھ شرک کرنا، اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کی على الاطلاق سب سے بڑی مثال اور سب سے بڑا گناہ ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ پر ایمان اور اس کی توحید کے منافی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
"بے شک شرک بڑا بھاری ظلم ہے."
[لقمان: 13]
عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں:
میں نے نبی ﷺ سے پوچھا کہ اللہ کے نزدیک سب سے بڑا گناہ کون سا ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’سب سے بڑا گناہ یہ ہے کہ تو اللہ کا شریک بنائے، جب کہ اسی نے تجھے پیدا کیا ہے‘‘۔ [22]
[1] صحیح بخاری، حدیث نمبر: 2766، صحیح مسلم، حدیث نمبر: 89۔
الند: یعنی شریک۔
شرک کی حقیقت یہ ہے کہ اللہ جل وعلا کے ساتھ ربوبیت، عبادت یا اسماء وصفات میں کسی کو شریک یا ہمسر ٹھہرایا جائے، اور یہ کہ بندہ اللہ کے حقوق میں سے کوئی حق یا عبادت کی کوئی قسم غیر اللہ کے لیے انجام دے۔
لہذا ہر وہ عقیدہ، قول یا عمل جس کا شارع کی طرف سے مامور بہ ہونا ثابت ہو، اُسے صرف اللہ وحدہٗ کے لیے بجا لانا توحید، ایمان اور اخلاص ہے، اور اُسے اللہ کے علاوہ کسی اور کے لیے بجا لانا شرک اور کفر ہے۔
شرک میں مردوں کو پکارنا، ان سے ضرورت کی چیزیں مانگنا، ان کے لیے نذر ماننا اور ان سے مدد طلب کرنا، اسی طرح غیر اللہ کو سجدہ کرنا، غیر اللہ کے لیے ذبح کرنا اور ان جیسے دیگر امور داخل ہیں۔
شرک کی حرمت، اس کی شناعت اور اس کے عظیم جرم ہونے کے دلائل بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ کچھ دلائل ملاحظہ ہوں:
اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
"یقیناً اللہ تعالیٰ اپنے ساتھ شریک کئے جانے کو نہیں بخشتا اور اس کے سوا جسے چاہے بخش دیتا ہے اور جو اللہ تعالیٰ کے ساتھ شریک مقرر کرے اس نے بہت بڑا گناه اور بہتان باندھا۔"
[النساء: 31]،
ایک اور جگہ ارشاد باری تعالی ہے:
"...یقین مانو کہ جو شخص اللہ کے ساتھ شریک کرتا ہے اللہ تعالیٰ نے اس پر جنت حرام کر دی ہے، اس کا ٹھکانہ جہنم ہی ہے اور گنہگاروں کی مدد کرنے واﻻ کوئی نہیں ہوگا۔"
(المائدۃ: 38)۔
مزید فرمایا:
"یقیناً تیری طرف بھی اور تجھ سے پہلے (کے تمام نبیوں) کی طرف بھی وحی کی گئی ہے کہ اگر تو نے شرک کیا تو بلاشبہ تیرا عمل ضائع ہو جائے گا اور بالیقین تو زیاں کاروں میں سے ہوجائے گا۔
بلکہ تو اللہ ہی کی عبادت کر اور شکر کرنے والوں میں سے ہو جا۔"
[الزمر: 65 - 66]۔
ابو بکرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہيں کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا:
’’کیا میں تمھیں سب سے بڑے گناہ کے بارے میں نہ بتاؤں؟‘‘ آپ ﷺ نے یہ بات تین مرتبہ دہرائی۔ صحابہ نے عرض کیا: کیوں نہیں، اے اللہ کے رسول! ضرور بتائیے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’اللہ کے ساتھ شرک کرنا، والدین کی نافرمانی کرنا، کسی جان کو قتل کرنا اور جھوٹی گواہی دینا‘‘۔ [23]
شرک کے بہت سے نقصانات ہیں۔ چند نقصانات ملاحظہ ہوں:
- شرک تمام اعمال کو برباد کر دیتا ہے، جیسا کہ فرمان الہی ہے:
"...اور اگر فرضاً یہ حضرات بھی شرک کرتے تو جو کچھ یہ اعمال کرتے تھے وه سب اکارت ہوجاتے۔"
[الانعام : 88]۔
- جو شخص شرک کی حالت میں مر جائے اور اس سے توبہ نہ کرے، وہ ہمیشہ ہمیش جہنم میں رہے گا۔ چنانچہ جابر رضی اللہ عنہ نے فرمایا:
ایک آدمی نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا: اے اللہ کے رسول! واجب کر دینے والی دو چیزیں کیا ہیں؟ آپ نے فرمایا: "جو شخص اس حالت میں مرے کہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائے تو وہ جنت میں جائے گا اور جو اس حال میں مرے کہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرائے تو وہ جہنم میں جائے گا۔" [24]
[3] صحیح مسلم، حدیث نمبر: 233۔
- مشرک کا خون ومال معصوم نہیں ہے؛ عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا:
”مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں لوگوں سے قتال کروں یہاں تک کہ وہ اس بات کی گواہی دیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں اور محمد صلی اللہ علیہ و سلم اللہ کے رسول ہیں، نماز قائم کریں اور زکوٰۃ ادا کریں۔ جب وہ یہ سب کرنے لگیں گے تو مجھ سے اپنی جانوں اور اپنے مالوں کو محفوظ کر لیں گے، سوائے اسلام کے حق کے، اور ان کا (باطنی) حساب اللہ تعالیٰ کے ذمہ ہوگا۔“ [25]
- مشرک کو دنیا میں جو مصیبتیں پیش آتی ہیں‘ ان پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے اسے کوئی مدد اور سہارا نہیں ملتا، شیطان ہر طرف سے اس پر مسلط ہو جاتا ہے اور وہ بے چینی واضطراب، دائمی خوف اور مسلسل غم میں زندگی بسر کرتا ہے۔ ارشاد باری تعالى ہے:
"... سنو! اللہ کے ساتھ شریک کرنے واﻻ گویا آسمان سے گر پڑا، اب یا تو اسے پرندے اچک لے جائیں گے یا ہوا کسی دور دراز کی جگہ پھینک دے گی۔"
[الحج: 31]۔
شیخ سعدی رحمہ اللہ اس آیت کی تفسیر میں فرماتے ہیں:
"...یہی حال مشرک کا ہے؛ ایمان آسمان کی مانند ہے جو محفوظ اور بلند ہے۔ جو شخص ایمان کو چھوڑ دیتا ہے وہ آسمان سے گرنے والے کی طرح ہے، جو آفتوں اور مصیبتوں کا شکار ہو جاتا ہے۔ چنانچہ اسے پرندے اچک کر ٹکڑے ٹکڑے کر دیتے ہیں۔ اسی طرح مشرک جب ایمان کا مضبوط بندھن چھوڑ دیتا ہے تو شیاطین اسے ہر طرف سے اچک لیتے ہیں، اسے پارہ پارہ کر دیتے ہیں اور اس کے دین ودنیا کو برباد کر دیتے ہیں" [26]۔
[11] تفسیر سعدی (ص : 324)۔
- مشرک کو نہ غسل دیا جائے گا، نہ کفن پہنایا جائے گا، نہ اس پر جنازہ کی نماز پڑھی جائے گی اور نہ ہی اسے مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کیا جائے گا۔
شرک سے بچاؤ کے ذرائع :
ایک مسلمان درج ذیل امور کے ذریعے خود کو شرک سے محفوظ رکھ سکتا ہے:
- توحید اور صحیح عقیدہ سیکھے اور اس کے تقاضے کے مطابق عمل کرے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
"سو (اے نبی!) آپ یقین کر لیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں ہے..."
[محمد : 19]
امام ابن القیم رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
"اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿فَٱعۡلَمۡ أَنَّهُۥ لَآ إِلَٰهَ إِلَّا ٱللَّه...﴾، یعنی اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور اس بات کا علم کہ اُس کے سوا کوئی معبود برحق نہیں، بذاتِ خود مطلوب ہے۔ اگرچہ صرف اسی پر اکتفا نہیں کیا جا سکتا، بلکہ اس کے ساتھ صرف ایک اللہ کی عبادت بھی ضروری ہے جس کا کوئی شریک نہیں۔ یہ دونوں امور بذاتِ خود مطلوب ہیں: ایک یہ کہ رب تعالیٰ کو اس کے اسما وصفات، افعال اور احکام کے ذریعے پہچانا جائے، اور دوسرا یہ کہ ان کے موجبات اور تقاضوں کے مطابق اس کی عبادت کی جائے۔ چنانچہ جس طرح اس کی عبادت بذاتِ خود مطلوب ومقصود ہے، اسی طرح اس کا علم اور اس کی معرفت بھی (مطلوب ہے)۔ نیز علم بھی افضل ترین عبادات میں سے ہے۔ [27]۔
[27] مفتاح دار السعادة: (1/ 178)۔
- شرک اصغر سے اجتناب کیا جائے؛ جیسے تھوڑی سی ریاکاری، غیر اللہ کی قسم کھانا اور کسی کا دوسرے سے ان جیسے جملے کہنا: ”جو اللہ چاہے اور آپ چاہیں“، ”یہ اللہ کی طرف سے اور آپ کی طرف سے ہے“، ”میں اللہ کے اور آپ کے سہارے ہوں“ اور ”میں نے اللہ پر اور آپ پر بھروسہ کیا“۔ کیونکہ شرکِ اصغر، شرکِ اکبر کی راہ ہموار کرتا ہے۔
- لوگوں میں پھیلی ہوئی شرک کی صورتوں اور اقسام کی معرفت، تاکہ اپنے آپ کو ان سے دور رکھے۔
- اللہ عزوجل سے دعا کرنا کہ وہ توحید پر ثابت قدم رکھے اور شرک سے محفوظ فرمائے۔ اللہ تعالیٰ نے ابراہیم علیہ السلام کے بارے میں خبر دیتے ہوئے ارشاد فرمایا:
"(ابراہیم کی یہ دعا بھی یاد کرو) جب انہوں نے کہا کہ اے میرے پروردگار! اس شہر کو امن واﻻ بنادے اور مجھے اور میری اوﻻد کو بت پرستی سے پناه دے۔"
[ابراھیم: 35]،
نیز رسول اللہ ﷺ اکثر فرمایا کرتے تھے:
”اے دلوں کو الٹنے پلٹنے والے! میرے دل کو اپنے دین پر ثابت قدم رکھ۔“ [28]
[28] سنن ترمذی، حدیث نمبر : 2140۔