تمام ادیان یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ اللہ کی طرف سے ہیں، تو پھر انسان کو فقط اسلام ہی کی پیروی کیوں کرنی چاہیے؟
- محاور التعريف بالإسلام
- الشبهات والاعتراضات
- مصدر الإجابة
- قسم الإسلام
- الباب / الفصل
- (قسم الإسلام)
السؤال
تمام ادیان یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ اللہ کی طرف سے ہیں، تو پھر انسان کو فقط اسلام ہی کی پیروی کیوں کرنی چاہیے؟
الجواب
تمام تعریفیں اللہ کی ہيں۔ بلاشبہ وہ اصول و ضوابط جن سے دینِ حق کی تمیز ہوتی ہے، حسب ذیل ہیں:
پہلا: تمام مذاہب یہ دعویٰ نہیں کرتے کہ وہ اللہ عزوجل کی طرف سے ہیں، بلکہ بعض مذاہب انسان کے خود ساختہ ہیں، مثلا بدھ مت اور ہندو مت وغیرہ۔ یعنی ان کے بانی یہ دعویٰ نہیں کرتے کہ وہ انہیں اللہ کی طرف سے لائے ہیں، بلکہ یہ مذاہب بعض انسانوں کی تعظیم کرنے اور انہیں معبود سمجھ کر ان کی عبادت کرنے یا بعض موجود اور محسوس چیزوں جیسے سورج و چاند یا بعض سیاروں کی کی عبات اور بعض مخلوقات جیسے درخت، پہاڑ، جانور اور دریا وغیرہ کی تعظیم کی دعوت دیتے ہیں۔ یہ دراصل بت پرستانہ مذاہب ہیں۔
دوسرا: دینِ حق وہ ہے جو اللہ کی طرف سے آیا ہو، جسے اس نے اپنے بندوں کے لیے بطور دستور حیات طے کیا ہو اور جسے رسولوں نے لوگوں تک پہنچایا ہو۔ یہودیت اور نصرانیت جیسی سابقہ رسالتیں، برحق الہٰی رسالتیں تھیں، پھر ان میں تحریف اور رد و بدل در آیا اور رسولِ اسلام محمد ﷺ کی آمد سے وہ منسوخ ہو گئیں۔ ان رسالتوں میں تحریف سے قبل یہ حکم موجود تھا کہ محمد عربی ﷺ کے ظہور پر آپ ﷺ کی پیروی کرنا واجب ہے۔ آج بھی ان میں بعض نصوص ایسے موجود ہیں، جو نبیِ اسلام محمد ﷺ کی گواہی دیتے اور آپ ﷺ کی بشارت سناتے ہیں۔ یہ نصوص سابقہ کتابوں کے ماننے والوں کو مذہب اسلام اپنا لینے کی دعوت دیتے ہیں۔ اسی لیے ہم دیکھتے ہیں کہ نبی ﷺ کے ہم عصر یہود آپ ﷺ کی پیروی کرنے کی غرض سے آپ ﷺ کے ظہور کا انتظار کرتے اور راہ تکتے تھے اور جب مشرکینِ عرب کے ساتھ ان کے تنازعات پیدا ہوتے تو انہیں آپ ﷺ کے ظہور کی دھمکیاں دیا کرتے تھے۔ سلمہ بن سلامہ بن وقش رضی اللہ عنہ، جو اصحابِ بدر میں سے تھے، فرماتے ہیں:
بنی عبد الاشہل میں ایک یہودی ہمارا پڑوسی تھا۔ نبی ﷺ کی بعثت سے کچھ ہی عرصہ قبل، ایک دن وہ اپنے گھر سے نکل کر ہمارے پاس آیا اور بنی عبد الاشہل کی مجلس میں آ کر کھڑا ہو گیا۔ میں ان دنوں وہاں موجود لوگوں میں عمر کے لحاظ سے سب سے چھوٹا تھا، اور ایک چادر اوڑھ کر لیٹا ہوا تھا۔ پھر اس نے مرنے کے بعد دوبارہ اٹھائے جانے، قیامت، حساب، میزان اور جنت و دوزخ کا ذکر کیا۔ اس نے یہ باتیں ایسی قوم سے کہیں جو مشرک اور بت پرست تھی، جو موت کے بعد دوبارہ اٹھائے جانے کی قائل نہ تھی۔ انہوں نے اس سے کہا: اے فلاں! تجھ پر افسوس، کیا تو سمجھتا ہے کہ ایسا واقعی ہونے والا ہے کہ لوگ مرنے کے بعد ایک ایسے گھر کی طرف اٹھائے جائیں گے جس میں جنت اور دوزخ ہو گی اور انہیں ان کے اعمال کا بدلہ دیا جائے گا؟ اس نے کہا: ہاں! اس ذات کی قسم جس کی قسم کھائی جاتی ہے، وہ (عذاب کا مستحق شخص) تو یہ چاہے گا کہ اس آخرت کی آگ کے حصے کے بدلے اس کے لیے دنیا کے سب سے بڑے تنور کو خوب دہکایا جائے، پھر اسے اس میں داخل کر کے اوپر سے بند کر دیا جائے، لیکن وہ کل اس (دوزخ کی) آگ سے بچ جائے۔ انہوں نے اس سے کہا: تجھ پر افسوس! پھر اس کی نشانی کیا ہے؟ اس نے کہا: ایک نبی، جو ان شہروں کی طرف سے مبعوث ہوں گے اور اس نے اپنے ہاتھ سے مکہ اور یمن کی طرف اشارہ کیا۔ انہوں نے کہا: تمہارے خیال میں وہ کب آئیں گے؟ راوی کہتے ہیں: اس پر اس نے میری طرف دیکھا اور میں ان میں عمر کے لحاظ سے سب سے چھوٹا تھا، اور کہا: اگر اس لڑکے نے اپنی طبعی عمر پوری کی تو یہ انہیں پا لے گا۔ سلمہ کہتے ہیں: پس اللہ کی قسم! ابھی زیادہ دن رات گزرنے نہ پائے تھے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول ﷺ کو مبعوث فرما دیا اور وہ یہودی ہمارے درمیان زندہ موجود تھا۔ تو ہم آپ ﷺ پر ایمان لے آئے اور اس نے سرکشی اور حسد کی بنا پر آپ ﷺ کا انکار کر دیا۔ تب ہم نے اس سے کہا: اے فلاں! تیری بربادی ہو، کیا تو ہی وہ شخص نہیں جس نے ہمیں ان کے بارے میں وہ باتیں کہی تھیں جو تو نے کہیں؟ اس نے کہا: ہاں، لیکن یہ وہ (نبی) نہیں ہیں۔
[اسے امام احمد (15841) نے حسن سند کے ساتھ روایت کیا ہے]،
لیکن جب نبی محمدﷺ تشریف لائے اور یہودیوں پر واضح ہو گیا کہ آپﷺ یہودی نسل سے نہیں ہیں، تو انھوں نے حسد کی وجہ سے آپﷺ کا انکار کر دیا، ورنہ وہ جانتے تھے کہ آپﷺ اللہ کی طرف سے نبی ہیں۔
تیسرا: انسان پر اس عظیم دین کی پیروی لازم ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ یہ اللہ کا دین ہے اور اس کے علاوہ جتنے دین ہیں، وہ شیطان کے دین ہیں۔ اسلام ہی برحق مذہب ہے اور اس کے سوا سارے مذاہب باطل ہیں۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:
"یہ سب (انتظامات) اس وجہ سے ہیں کہ اللہ تعالیٰ حق ہے اور اس کے سوا جن جن کو لوگ پکارتے ہیں سب باطل ہیں اور یقیناً اللہ تعالیٰ بہت بلندیوں واﻻ اور بڑی شان واﻻ ہے۔"
[لقمان: 15]،
چوتھا: دینِ حق یعنی اسلام کے ذریعے انسان کو دنیوی اور اخروی دو دو ثمرات حاصل ہوتے ہیں۔ جہاں تک دنیوی ثمرے کا تعلق ہے تو وہ یہ ہے کہ انسان اطمینان اور پاکیزہ زندگی سے بہرہ ور ہوتا ہے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:
’’جو شخص نیک عمل کرے، مرد ہو یا عورت، لیکن باایمان ہو تو ہم اسے یقیناً نہایت بہتر زندگی عطا فرمائیں گے ۔ اور ان کے نیک اعمال کا بہتر بدلہ بھی انھیں ضرور ضرور دیں گے۔‘‘
[سورہ نحل : 97]،
ایک اور مقام پر فرمایا ہے :
"جو لوگ ایمان ﻻئے ان کے دل اللہ کے ذکر سے اطمینان حاصل کرتے ہیں۔ یاد رکھو اللہ کے ذکر سے ہی دلوں کو تسلی حاصل ہوتی ہے۔"
[الرعد: 28]،
رہی بات اخروی ثمرے کی تو اس سے مراد ابدی کامیابی، جہنم سے نجات اور اللہ کی رضامندی کا حصول ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
"ہر جان موت کا مزه چکھنے والی ہے اور قیامت کے دن تم اپنے بدلے پورے پورے دیے جاؤ گے۔ پس جو شخص آگ سے ہٹا دیا جائے اور جنت میں داخل کر دیا جائے بے شک وه کامیاب ہوگیا، اور دنیا کی زندگی تو صرف دھوکے کی جنس ہے۔"
[سورة آل عمران : 81]۔
"آپ کہہ دیجیے : کیا میں تمہیں اس سے بہت ہی بہتر چیز بتاؤں؟ تقویٰ والوں کے لیے ان کے رب تعالیٰ کے پاس جنتیں ہیں، جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہیں، جن میں وه ہمیشہ رہیں گے اور پاکیزه بیویاں اور اللہ تعالیٰ کی رضامندی ہے۔ سب بندے اللہ تعالیٰ کی نگاه میں ہیں۔"
پانچواں: دینِ برحق یعنی اسلام انسان کو ایک ایسی میزان عطا کرتا ہے، جس کے ذریعے وہ حق و باطل اور ہدایت و گمراہی کے درمیان فرق اور خیر و شر کے درمیان تمیز کر سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
"اے ایمان والو! اگر تم اللہ سے ڈرتے رہو گے تو اللہ تعالیٰ تم کو ایک فیصلے کی چیز دے گا اور تم سے تمہارے گناه دور کر دے گا اور تم کو بخش دے گا اور اللہ تعالیٰ بڑے فضل واﻻ ہے۔"
[سورہ انفال : 50]۔
چنانچہ ہر انسان پر، خواہ مرد ہو یا عورت، دینِ اسلام میں داخل ہونا واجب ہے؛ کیونکہ دیگر ادیان یا تو سابقہ آسمانی رسالتیں ہیں، جن میں تحریف اور تبدیلی کر دی گئی اور اسلام نے انہیں منسوخ کر دیا یا پھر سرے سے باطل ادیان ہیں، جن میں کوئی بھلائی نہیں اور ان کے مطابق عبادت کرنا دنیا و آخرت میں خسارے کا باعث ہے۔ فرمان باری تعالی ہے:
’’جو شخص اسلام کے سوا اور دین تلاش کرے، اس کا دین قبول نہ کیا جائے گا اور وه آخرت میں نقصان پانے والوں میں ہوگا۔‘‘
درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر۔
المصدر
ملاحظات
--