Skip to content

قرآن مجید کن موضوعات پر مشتمل ہے؟

محاور التعريف بالإسلام
التعريف بالقرآن الكريم
مصدر الإجابة
قسم القرآن والكتب السابقة
الباب / الفصل
(قسم القرآن والكتب السابقة)

السؤال

قرآن مجید کن موضوعات پر مشتمل ہے؟

الجواب

الحمد للہ، قرآن کریم اللہ تعالیٰ کا کلام، سب سے آخری اور دیگر آسمانی کتابوں کو منسوخ قرار دینے والی آسمانی کتاب ہے۔ یہ ہمارے نبی محمد ﷺ پر نازل ہوا ہے۔ اس کے کئی اجزا ہيں، ہر جز میں کئی سورتیں اور ہر سورت میں کئی آیتیں۔ کوئی سورت ایک موضوع پر مشتمل ہو سکتی ہے یا کئی موضوعات پر۔

قرآن کریم کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ یہود و نصاریٰ کی کتابوں کی طرح کوئی ایسا مسلسل تاریخی بیان نہیں ہے۔ جسے ایک مرتبہ پڑھ لیا جائے تو شاید دوبارہ نہ پڑھا جائے، بلکہ ہم دیکھتے ہیں کہ اس کا ہر مقام انبیا علیہم السلام کے قصوں، ان سے حاصل ہونے والی عبرتوں اور اللہ تعالیٰ کی آیات اور اس کی بدیع صناعی پر غور و فکر کی دلالتوں کے حوالے سے ایک زبردست تنوع پر مشتمل ہے اور اسی درمیان اوامر و نواہی، اخلاق و آداب اور تشریعات کا بیان بھی آ جاتا ہے۔ یہ سب کچھ ایک ایسے باغ کی مانند ہے جس سے انسان بوقتِ مطالعۂ قرآن عموماً کسی بھی مقام سے استفادہ کر سکتا ہے، یہاں تک کہ کسی ایک نبی علیہ السلام کا قصہ بھی محض ایک ہی مرتبہ آ کر ختم نہیں ہو جاتا، بلکہ وہ ایک سے زائد سورتوں اور متعدد مقامات پر بیان ہوتا ہے اور غور و فکر کرنے والے قاری کی توجہ مرکوز کرانے کے لیے ہر مقام پر نئے فوائد اور واقعات کا ایک نیا زاویہ پنہاں ہوتا ہے۔

قرآن کریم میں وارد ہونے والے کچھ موضوعات درج ذیل ہيں :

  1. بلاشبہ قرآن ایک ایسی کتاب ہے، جس میں انسان کے دین و دنیا، رب سے تعلق، خود اپنی ذات سے تعلق، آس پاس کے لوگوں سے تعلق اور کائنات سے تعلق، جس میں وہ جی رہا ہے، کے بارے میں تمام ضروری باتیں بتا دی گئی ہیں۔
  2. اس میں اللہ تعالی کی صفات، اس کے اسما، افعال، جزا، دین، شریعت اور قضا و قدر کے ساتھ ساتھ اس بات کا بیان ہے کہ پیدا کرنے، مالک ہونے، روزی دینے، تدبیر کرنے، زندگی دینے اور مارنے وغیرہ کام بس اللہ ہی کرتا ہے۔
  3. اس میں بتایا گیا ہے کہ مخلوق پر اللہ تعالی کا کیا حق ہے۔ مخلوق پر اللہ کا حق یہ ہے کہ اس کی توحید کا اقرار کرے اور اس کے سوا کسی اور کی نہیں بلکہ تنہا اسی کی عبادت کرے۔ اسی طرح قرآن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مخلوق جب خالق کی عبادت اور اس کے حکم کی تعمیل کرے تو خالق پر مخلوق کا کیا حق ہے۔ قرآن میں عبادات، احکام اور معاملات کی تفصیلات بھی موجود ہیں۔
  4. یہ مخلوق کے لیے بصیرت، ہدایت کا سرچشمہ، رحمت، موعظت اور سیدھی بتانے کے لیے اکیلے ہی کافی کتاب ہے۔ فرمان باری تعالی ہے:

"یقیناً یہ قرآن وه راستہ دکھاتا ہے جو بہت ہی سیدھا ہے اور ایمان والوں کو، جو نیک اعمال کرتے ہیں، اس بات کی خوش خبری دیتا ہے کہ ان کے لیے بہت بڑا اجر ہے۔"

[سورۃ الإسراء : 88]۔

ایک اور مقام پر فرمایا ہے :

"کیا انہیں یہ کافی نہیں کہ ہم نے آپ پر کتاب نازل فرما دی جو ان پر پڑھی جا رہی ہے۔ اس میں رحمت (بھی) ہے اور نصیحت (بھی) ہے ان لوگوں کے لیے جو ایمان والے ہیں۔"

[العنکبوت: 6]۔

"اب بلاشبہ تمہارے پاس تمہارے رب کی جانب سے حق بینی کے ذرائع پہنچ چکے ہیں۔ سو جو شخص دیکھ لے گا وه اپنا فائده کرے گا اور جو شخص اندھا رہے گا وه اپنا نقصان کرے گا اور میں تمہارا نگران نہیں ہوں۔"

[سورہ انعام : 103]

"... آپ فرما دیجیے کہ میں اس کا اتباع کرتا ہوں جو مجھ پر میرے رب کی طرف سے حکم بھیجا گیا ہے۔ یہ گویا بہت سی دلیلیں ہیں تمہارے رب کی طرف سے اور ہدایت اور رحمت ہے ان لوگوں کے لیے جو ایمان رکھتے ہیں۔"

(الأعراف : 54)۔

طاہر بن عاشور رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

"بصائر، بصیرت کی جمع ہے۔ اس سے مراد وہ چیز ہے جس سے حق واضح ہوتا ہو... اس میں قرآن مجید کی شان و عظمت کا بیان ہے اور اس بات کی نشان دہی ہے کہ قرآن ان نشانیوں سے بہتر ہے جن کا وہ مطالبہ کرتے ہیں؛ کیونکہ یہ اپنے معجز کلام ہونے اور ایک اُمّی سے صادر ہونے کی وجہ سے محمد عربی صلی اللہ علیہ و سلم کے سچے رسول ہونے کی دلیل ہے، ہدایت، تعلیم، رہنمائی کا سرچشمہ ہے اور زمانوں تک باقی رہنے والی نشانی ہے۔ لفظ 'بصائر' کو جمع کے صیغے میں اس لیے ذکر کیا گیا ہے، کیوں کہ قرآن مجید ان پہلوؤں کے اعتبار سے مختلف اقسام کی ہدایت پر مشتمل ہے، جن کی طرف یہ رہنمائی کرتا ہے، جیسے اصلاحِ عقیدہ کے لیے عقل کو منور کرنا، دین کی درست فہم عطا کرنا، لوگوں کے باہمی معاملات اور حسنِ معاشرت کے لیے قوانین وضع کرنا، دنیا میں کامیابی اور نجات کے راستوں کی طرف رہنمائی کرنا اور خسارے کی جگہوں سے خبردار کرنا۔"

[التحرير والتنوير : 9/ 238]۔

  1. اللہ تعالی کی نازل کردہ کتابوں اور ان میں موجود ہدایت و رہنمائی، حلال و حرام اور احکامِ شریعت کا بیان۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے:

"اور ہم نے ان کے پیچھے عیسیٰ بن مریم کو بھیجا جو اپنے سے پہلے کی کتاب یعنی تورات کی تصدیق کرنے والے تھے اور ہم نے انہیں انجیل عطا فرمائی جس میں نور اور ہدایت تھی اور وه اپنے سے پہلے کی کتاب تورات کی تصدیق کرتی تھی اور وه سراسر ہدایت ونصیحت تھی پارسا لوگوں کے لیے۔"

[المائدۃ: 46]۔

  1. قرآن مجید نے جن عظیم ترین موضوعات کو بیان کیا ہے، ان میں نبوتیں اور الٰہی رسالتیں بھی شامل ہیں۔ ہر نبی نے اپنی امت سے کیا کہا اور اس کی قوم کے سرداروں نے اسے کیا جواب دیا، اس پر ایمان لانے والوں کی جزا اور اس کی مخالفت و نافرمانی کرنے والوں کی سزا اور ہر نبی کو عطا کی گئی نشانیاں، سب کچھ بیان ہوا ہے۔ مخلوق کو رسولوں کی ضرورت، ان کے ڈرانے اور بشارت دینے کا ذکر، ان پر نازل کی گئی کتابیں جن پر ایمان لانا واجب ہے، سابقہ امتوں کے حالات اور اپنے نبیوں کے ساتھ ان کا برتاؤ، ان ساری باتوں کا ذکر ہے۔
  2. قرآن عظیم نے جن عظیم ترین موضوعات کو چھیڑا ہے، ان میں سے ایک آخرت یعنی دوبارہ اٹھائے جانے اور جزا وسزا کا دن ہے۔ مومنوں کی جزا اور ان کے ہمیشہ ہمیش کے لیے جنت میں داخل ہونے کی تفصیل اور کافروں کی سزا اور ان کے ہمیشہ ہمیش کے لیے جہنم میں داخل ہونے کی تفصیل بیان کی گئی ہے۔
  3. غیبی عوالم؛ جیسے فرشتوں، جنات اور شیاطین کے بارے میں گفتگو کہ انہیں کیسے پیدا کیا گیا، ان کے اعمال اور صفات کیا ہیں، فرشتوں کی اپنے رب کی فرماں برداری، جنات و شیاطین کی نافرمانی اور ان کے دیگر تمام احوال کے ساتھ ساتھ اس بات کا بیان کہ فرشتے نیکی کے کاموں مومنوں کی مدد کرتے ہیں اور شیاطین کافروں کو گناہوں کی طرف خوب اکساتے ہیں۔
  4. مشروع عبادتوں جیسے نماز، زکاۃ، روزے، حج، نیکی، احسان اور ولاء و براء؛ اور معاملات، جیسے خرید و فروخت، لین دین، نکاح اور وراثت؛ اعلیٰ اخلاق کے ذریعے تزکیۂ نفس اور اسے برے اخلاق سے پاک کرنا؛ اور حرام اور مکروہ کاموں، بدکاریوں اور گناہوں کا بیان۔
  5. آسمان اور زمین، سورج چاند اور ستاروں میں موجود کائناتی نشانیوں، اسی طرح آفاق اور خود انسان کی ذات پر غور کرنے کی اور عبرت حاصل کرنے کی دعوت۔ ایسا غور و فکر، جو انسان کو ایمان، اسلام اور خالق کی فرماں برداری اور اس کی عبادت کی طرف لے جائے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:

"آسمانوں اور زمین کی پیدائش، رات دن کا ہیر پھیر، کشتیوں کا لوگوں کو نفع دینے والی چیزوں کو لیے ہوئے سمندروں میں چلنا، آسمان سے پانی اتار کر مرده زمین کو زنده کردینا ، اس میں ہر قسم کے جانوروں کو پھیلا دینا، ہواؤں کے رخ بدلنا اور بادل، جو آسمان اور زمین کے درمیان مسخر ہیں، ان میں عقل مندوں کے لیے قدرت الٰہی کی نشانیاں ہیں۔"

[البقرۃ : 21]

"آسمانوں اور زمین کی پیدائش میں اور رات دن کے ہیر پھیر میں یقیناً عقل مندوں کے لیے نشانیاں ہیں۔"

[آل عمران: 3-4].

  1. اس کائنات کی تخلیق، پہلے انسان کی پیدائش، روئے زمین پر اسے جانشیں بنانے اور اسے زمین کو آباد کرنے کا مکلف ٹھہرانے کا قصہ، ان ربانی شریعتوں اور کائناتی قوانین کا بیان جو اس جانشینی میں اس کی مدد کرتے ہیں، اس اعلیٰ تہذیب کو وجود میں لانے کا ذکر جسے انسان کو قرآنی ہدایات کی رہنمائی میں پروان چڑھانا چاہیے، نیز اس بات کا بیان کہ پچھلی قومیں کس طرح گمراہ ہوئیں، انہوں نے کس طرح سرکشی کی اور زمین میں فساد برپا کیا، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:

"کیا انہوں نے زمین پر چل پھر کر یہ نہیں دیکھا کہ ان سے پہلے لوگوں کا انجام کیسا (برا) ہوا؟ وه ان سے بہت زیاده توانا (اور طاقتور) تھے اور انہوں نے (بھی) زمین بوئی جوتی تھی اور ان سے زیاده آباد کی تھی اور ان کے پاس ان کے رسول روشن دﻻئل لے کر آئے تھے۔ یہ تو ناممکن تھا کہ اللہ تعالیٰ ان پر ظلم کرتا لیکن (دراصل) وه خود اپنی جانوں پر ظلم کرتے تھے۔"

[الروم : 27]۔

ایک اور جگہ پر فرمایا ہے :

"وه تو (صرف) دنیوی زندگی کے ظاہر کو (ہی) جانتے ہیں اور آخرت سے تو بالکل ہی بےخبر ہیں۔

کیا ان لوگوں نے اپنے دل میں یہ غور نہیں کیا کہ اللہ تعالیٰ نے آسمانوں کو اور زمین اور ان کے درمیان موجود تمام چیزوں کو بہترین قرینے سے مقرر وقت تک کے لیے (ہی) پیدا کیا ہے؟ ہاں اکثر لوگ یقیناً اپنے رب کی ملاقات کے منکر ہیں۔

پھر آخر برا کرنے والوں کا بہت ہی برا انجام ہوا، اس لیے کہ وه اللہ تعالیٰ کی آیتوں کو جھٹلاتے اور ان کی ہنسی اڑاتے تھے۔

اللہ تعالیٰ ہی مخلوق کی ابتدا کرتا ہے، پھر وہی اسے دوباره پیدا کرے گا، پھر تم سب اسی کی طرف لوٹائے جاؤ گے۔"

اللہ تعالیٰ نے بتایا ہے کہ اچھا انجام متقیوں کے حصے میں آئے گا۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

"یہ آخرت کا گھر ہم ان لوگوں کے لیے مخصوص کر دیتے ہیں، جو زمین میں اپنی بڑائی نہیں چاہتے اور نہ فساد کرنا چاہتے ہیں، اور انجام تو پرہیزگاروں ہی کے لیے ہے۔"

[القصص: 83]۔

  1. قرآن کریم میں اس قدر عقلی دلائل، منطقی قیاسات، واضح مثالیں اور لاجواب کر دینے والے سوالات موجود ہیں کہ ان کا احاطہ کرنا مشکل ہے۔ یہ سب دراصل قرآن کریم میں بیان کردہ مسائل پر واضح حجتیں اور قطعی دلائل ہیں۔ اگر کوئی انصاف پسند انسان ان دلائل پر غور کرے، تو اس کے لیے ان سے ثابت باتوں کو تسلیم کرنے اور ماننے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہتا، حتیٰ کہ حق کا سچا متلاشی ملحد بھی اگر ان پر غور و فکر کرے تو وہ اپنا الحاد چھوڑ دے گا اور قرآن عظیم کی لائی ہوئی تمام باتوں پر ایمان لے آئے گا۔
  2. اعلیٰ و ارفع اقدار، جن کی موجودگی اور ان کے حصول کی کوشش کے بغیر کوئی صالح تہذیب یا جامع تمدن قائم نہیں ہو سکتا۔ چنانچہ قرآن مجید میں آپ کو ایمانی، عدل و انصاف، صحت، امن و سلامتی، معاشرتی، اخلاقی اور مالیاتی اقدار سمیت دیگر وہ تمام اقدار ملیں گی، جن کی روئے زمین پر انسانی وجود کو ضرورت ہے۔

قرآن کریم کے قاری کو یہ بات بھی ملحوظ رکھنی چاہیے کہ وہ قرآن کو عام انسانی تصانیف کی طرح موضوع وار مرتب نہیں پائے گا؛ بلکہ یہ ایک کتابِ الٰہی ہے، جس میں کوئی ایمانی مسئلہ، اس کی دلیل اور اس کی جزا زمین کو آباد کرنے کے کسی کائناتی قانون کے ساتھ مربوط ہو کر بیان ہوتی ہے، پھر اس کے متصل بعد کسی ایسی سابقہ امت کے حالات کا ذکر آ جاتا ہے، جس نے اس مسئلے میں مخالفت کی ہو۔ لہٰذا جو شخص قرآن کریم کے بیان کردہ موضوعات سے آگاہی کا خواہاں ہو، اسے چاہیے کہ وہ مکمل قرآن پڑھے؛ تاکہ ان موضوعات کو جان سکے، جن کا اس میں احاطہ کیا گیا ہے۔

اس لئے ہر ایسے شخص پر جو اپنی انسانیت کی قدر اور اپنی عقل کا احترام کرتا ہے، لازم ہے کہ وہ اس عظیم کتاب کو پڑھنے کی کوشش کرے، جس سے بہتر کوئی کتاب بنی نوع انساں تک نہیں پہنچی۔ اگر وہ عربی زبان نہیں جانتا تو اس کے معانی کا ترجمہ پڑھے۔ کیونکہ اگر کسی عقل مند کو یہ بتایا جائے کہ ایک کتاب کسی کامل حکمت والے حکیم نے لکھی ہے اور اس نے اپنی پوری حکمت اس میں سمو دی ہے، تو وہ اس کے بارے میں جاننے کی بھرپور کوشش کرے گا۔ لہذا ایسی صورت میں آپ کو کیا کہا جائے، جب آپ کے سامنے ایک ایسی الہی کتاب موجود ہے، جو آج تک اپنی اسی زبان میں موجود ہے جس میں وہ نازل ہوئی تھی، جو کمی بیشی سے محفوظ اور تحریف و تبدیلی سے پاک ہے، اس میں گزرے ہوئے لوگوں کی خبریں ہیں، اگلوں اور پچھلوں کی شریعت ہے اور ہر زندہ وجود کے انجام کا بیان ہے اور پھر بھی آپ اس کے بارے میں جاننا نہ چاہیں؟ یقیناً انسان کا قرآن کو نظر انداز کرنا اور اس کی جانب توجہ نہ دینا، قرآن کریم کو کوئی نقصان نہیں پہنچاتا، بلکہ اعراض کرنے والا خود اپنا نقصان کرتا ہے، کیونکہ اللہ تعالی اپنی مخلوق سے بے نیاز ہے۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے:

"اور میں قرآن کی تلاوت کرتا رہوں۔ جو راه راست پر آجائے وه اپنے نفع کے لیے راه راست پر آئے گا اور جو بہک جائے تو کہہ دیجیے کہ میں تو صرف ہوشیار کرنے والوں میں سے ہوں۔"

[النمل : 88]۔

"اور ہر ایک کوشش کرنے واﻻ اپنے ہی بھلے کی کوشش کرتا ہے۔ ویسے تو اللہ تعالیٰ تمام جہان والوں سے بےنیاز ہے۔"

درود وسلام ہو ہمارے نبی محمد ﷺ پر۔

المصدر

قسم القرآن والكتب السابقة

ملاحظات

--