Skip to content

اللہ تعالیٰ رسولوں کو کیوں بھیجتا ہے؟ اس بات پر اکتفا کیوں نہیں کرتا کہ لوگ اپنے خالق کو اپنی عقل سے پہچان لیں؟

محاور التعريف بالإسلام
الرسل والنبوات
مصدر الإجابة
قسم ما يتعلق بغير المسلمين والشرك والعبادة
الباب / الفصل
(قسم ما يتعلق بغير المسلمين والشرك والعبادة)

السؤال

اللہ تعالیٰ رسولوں کو کیوں بھیجتا ہے؟ اس بات پر اکتفا کیوں نہیں کرتا کہ لوگ اپنے خالق کو اپنی عقل سے پہچان لیں؟

الجواب

بے شک اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے لوگوں کو شتر بے مہار کی طرح نہيں چھوڑ دیا، بلکہ ان کی طرف رسولوں کو خوش خبری دینے والے اور ڈرانے والے بنا کر مبعوث فرمایا، تاکہ وہ لوگوں کے لیے ہدایت کا راستہ واضح کریں اور ان چیزوں کی تفصیل بیان کریں جنھیں عقل اور فطرت نے مجمل رکھا ہے۔ لہذا عقلِ سلیم اور فطرتِ مستقیم خالق کے وجود اور اس کی عبادت کے وجوب پر دلالت تو کرتی ہیں، لیکن وہ اس عبادت کی تفصیلات متعین کرنے سے قاصر ہیں۔ وہ ان اقوال و افعال کو متعین نہیں کر سکتیں جنھیں اللہ تعالیٰ پسند کرتا ہے اور جن سے وہ راضی ہوتا ہے، اور جنھیں وہ ناپسند کرتا ہے اور جن سے منع کرتا ہے۔

رسول، اللہ تعالیٰ اور اس کی مخلوق کے درمیان واسطہ ہوتے ہیں۔ وہ اس وحی کے حامل ہوتے ہیں جو لوگوں کو ان کے رب کی صفات اور اس کے اسما سے متعارف کراتی ہے، اور ان حقوق سے آگاہ کرتی ہے جو ان پر واجب ہیں۔ وہ ایسا صحیح منہج پیش کرتے ہیں جو انسانوں کی زندگیوں کو عبادات، معاملات اور اخلاقیات سے ہم آہنگ کرتا ہے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :

’’ہم نے انہیں رسول بنایا ہے، خوش خبریاں سنانے والے اور آگاه کرنے والے تاکہ لوگوں کی کوئی حجت اور الزام رسولوں کے بھیجنے کے بعد اللہ تعالیٰ پر ره نہ جائے۔ اللہ تعالیٰ بڑا غالب اور بڑا باحکمت ہے۔‘‘

[النساء :1]

چنانچہ لوگوں پر حجت وحی کے ذریعے قائم ہوتی ہے۔ محض عقل رسالت کا قائم مقام بننے کے لیے کافی نہیں ہے۔

رسولوں کو مبعوث کرنے کے پیچھے ایک حکمت یہ بھی ہے کہ لوگوں کی عقلیں متفاوت ہوتی ہیں۔ جس چیز کو بعض لوگ اچھا اور درست سمجھتے ہیں، ممکن ہے کہ دوسرے اسے قبیح سمجھیں۔ لہذا اگر انسانوں کو محض عقل کے سہارے چھوڑ دیا جاتا، تو معیارات مختلف ہو جاتے، مقصد فوت ہو جاتا اور لوگ حق سے بھٹک جاتے۔ اسی لیے وحی آئی؛ تاکہ وہ ایک ایسا مستقل مرجع بن جائے، جو زمان و مکان کے بدلنے سے تبدیل نہ ہو، فطرت کو منضبط کرے، عقل کو مہذب بنائے اور اس کے عمل کی حدود کو واضح کرے۔

رسول محض احکام و نواہی پہنچانے والے ہی نہیں ہیں، بلکہ ایسے عملی نمونے ہیں جو اپنی زندگیوں میں دین کو عملی جامہ پہناتے ہیں اور انسانوں کے سامنے اطاعت اور بندگی کی اعلیٰ ترین مثال پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے :

’’یقیناً تمہارے لیے رسول اللہ میں عمده نمونہ (موجود) ہے...‘‘

چنانچہ رسول صرف علم نہیں پہنچاتے، بلکہ اپنے قول و فعل دونوں کے ذریعے نفوس کی تربیت اور ان کی رہنمائی کرتے ہیں۔

رہا یہ اعتراض کہ : "اللہ تعالیٰ نے محض عقل کو ہی کیوں کافی نہ رہنے دیا؟" تو اس کا جواب یہ ہے کہ اگر اللہ تعالیٰ ایسا کرتا تو لوگ حیرت و اختلاف کا شکار ہو جاتے اور ان پر مکمل حجت قائم نہ ہو پاتی۔ مزید یہ کہ عقل ادراک کا ایک ذریعہ تو ہے، لیکن حواس اور تجربے کی حدود تک محدود ہے۔ غیب تک رسائی حاصل کرنے کی طاقت نہیں رکھتی۔ اسی لیے وحی عقل کی تکمیل کے لیے، اس کی رہنمائی کے لیے اور انسانوں کو تاریکیوں سے نکال کر روشنی کی طرف لانے کے لیے نازل ہوئی۔

اسی لیے انسان کی مکمل ہدایت، فطرت کی پختگی اور عقل کو منضبط کرنے کے لیے رسولوں کو مبعوث کرنا ایک منطقی اور شرعی ضرورت ہے۔ چنانچہ عقل خالق کی طرف رہنمائی کرتی ہے، جب کہ رسول اس کی شریعت اور اس کی مراد کو واضح کرتے ہیں۔ جس شخص میں عقل کا نور اور وحی کی روشنی جمع ہو جائيں، اسے صراطِ مستقیم نصیب ہو جائے گی۔

المصدر

قسم ما يتعلق بغير المسلمين والشرك والعبادة

ملاحظات

--