Skip to content

کہانت، عرافہ وشعبدہ بازی اور ستاروں کی گردش دیکھ کر غیب کی بات بتانے والوں اور ایسے دیگر منکرات میں ملوث لوگوں کے پاس جانے (کا حکم)۔

نص الموضوع

کہانت، عرافہ وشعبدہ بازی اور ستاروں کی گردش دیکھ کرغیب کی بات بتانا عظیم گناہ ہیں، جن سے عقیدہ میں خلل پیدا ہوتا ہے؛ کیونکہ ایسا کرنے والا شخص یا تو علمِ غیب کا دعویٰ کرتا ہے یا پھر معاملات کو ستاروں سے منسوب کرتا ہے اور یہ سب توحید کے منافی ہے۔

کاہن وہ ہے جو مستقبل کے غیبی امور کے بارے میں بات کرے۔ کچھ لوگوں کے مطابق کاہن وہ ہے جو دلوں کا حال بتائے۔

عرّاف وہ شخص ہے، جو بعض ایسے قرائن کی بنا پر غیبی امور جاننے کا دعوی کرتا ہے, جن کے ذریعہ چوری شدہ یا کھوئے ہوئے سامان وغیرہ کی جگہ معلوم کرتا ہے۔

جب کہ نجومی وہ شخص ہے جو علمِ تنجیم وتاثیر کا استعمال کرتا ہے۔ چنانچہ وہ مثلاً کہتا ہے: جب فلاں ستارہ طلوع ہو اور فلاں ستارے سے مل جائے، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ایسا اور ایسا ہوگا، یا جب فلاں شخص کے ہاں فلاں برج میں کوئی بچہ پیدا ہو تو اسے امیری وغریبی یا سعادت وشقاوت حاصل ہوگی۔ یہ لوگ ستاروں کی حرکت سے زمین اور اس میں بسنے والے لوگوں کے احوال کا پتہ لگاتے ہیں۔ [138]

[138] دیکھیں: تیسیر العزیز الحمید (ص351)۔

اس میں وہ شخص بھی شامل ہے جو غیبیات کی خبر دیتا ہو، غیبی امور جاننے کا دعویٰ کرتا ہو یا برجوں کے ذریعے، ریت پر لکیریں کھینچ کر، کنکریوں سے، پیالی میں دیکھ کر، ہاتھ پڑھ کر یا ان جیسے دیگر طریقوں سے غیبی امور کا پتہ لگاتا ہو۔

جو شخص مذکورہ وسائل یا ان کے علاوہ کسی اور وسیلے سے علمِ غیب کا دعویٰ کرے، وہ جھوٹا اور کافر ہے۔ [139]

[139] دیکھیں: عقيدة التوحيد، از شیخ صالح الفوزان، ص 97۔

اس بات سے خبر دار رہنا واجب ہے کہ کاہنوں، نجومیوں اور ان جیسے دیگر فریب کاروں کے پاس جانا ان عظیم گناہوں میں سے ہے جن سے خبردار کیا گیا ہے۔ اس میں مبتلا ہونے سے دینی ودنیاوی امور میں بہت سے مفاسد مرتب ہوتے ہیں۔

دلائل:

شرعی دلائل سے کہانت، عرافت، تنجیم اور ان منکرات میں ملوث لوگوں کے پاس جانے کی حرمت ثابت ہے۔ چند دلیلیں یہ ہیں:

اللہ تعالی کا فرمان ہے:

"بے سند باتیں کرنے والے غارت کر دیے گئے۔ جو غفلت میں پڑے ہوئے ہیں۔ پوچھتے ہیں کہ روزِ جزا کب ہوگا؟"

[الذاریات : 10-12]

یعنی ایسے کاہنوں پر لعنت ہو، جو جھوٹ اور باطل کی قیاس آرائی کرتے ہیں۔ ابن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا:

’’وہی کاہن ہیں۔‘‘ [140]

[140] دیکھیں: تفسیر طبری: (21/ 492)۔

زید بن خالد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ فرماتے ہیں کہ ہم حدیبیہ کے سال رسول اللہ ﷺ کے ساتھ نکلے، تو ایک رات ہم پر بارش ہوئی۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے ہمیں صبح کی نماز پڑھائی اور اس کے بعد ہماری طرف متوجہ ہو کر فرمایا: ”کیا تم جانتے ہو کہ تمہارے رب نے کیا فرمایا؟“ ہم نے عرض کیا: اللہ اور اس کا رسول ہی بہتر جانتے ہیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ نے فرمایا: میرے بندوں نے اس حال میں صبح کی کہ کچھ مجھ پر ایمان لانے والے تھے اور کچھ میرے ساتھ کفر کرنے والے۔ جس نے یہ کہا کہ ہم پر اللہ کی رحمت، اللہ کے رزق اور اللہ کے فضل سے بارش ہوئی ہے، وہ مجھ پر ایمان لانے والا اور ستارے کا منکر ہے اور جس نے کہا کہ ہم پر فلاں ستارے کی وجہ سے بارش ہوئی ہے، وہ ستارے پر ایمان لانے والا اور میرے ساتھ کفر کرنے والا ہے۔“ [141]

[1] صحیح بخاری، حدیث نمبر: 2766، صحیح مسلم، حدیث نمبر: 89۔

اس حدیث کی رو سے بندوں کی دو قسمیں ہیں:

پہلی قسم: اللہ عز وجل پر ایمان رکھنے والا، جو اس نعمت کو اللہ کی طرف منسوب کرتا ہے، اس پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہے، یہ تسلیم کرتا ہے کہ یہ اللہ ہی کی طرف سے ہے اور اس پر اللہ کی حمد وثنا کرتا ہے۔

دوسری قسم: اللہ کے ساتھ کفر کرنے والا۔ ان کافروں کی دو قسمیں ہیں:

پہلی قسم: ایسا شخص جو کفرِ اصغر کا مرتکب ہو، جیسے کوئی یہ کہے کہ ہم پر فلاں نچھتر یا ستارے کے سبب بارش ہوئی اور یہ عقیدہ رکھے کہ نچھتر اور ستارہ بارش کا سبب ہیں۔ اس کا یہ کفر، کفرِ اصغر ہے؛ کیونکہ اس نے شرک اور (ستارے کی) خود مختاری کا عقیدہ نہیں رکھا، بلکہ اس نے اس چیز کو سبب بنایا جو (حقیقتاً) سبب نہیں ہے اور نعمت کو غیر اللہ کی طرف منسوب کیا۔ اس کا یہ قول كافروں کے اقوال میں سے ہے اور یہ اللہ عز وجل کے ساتھ کفرِ اصغر ہے۔

دوسری قسم: کفرِ اکبر کا مرتکب، جو یہ عقیدہ رکھے کہ بارش ستاروں اور سیاروں کا ایک اثر ہے نیز یہ کہ وہی بارش برساتے ہیں اور جب اس کی پرستش کرنے والے ان کی طرف متوجہ ہوتے ہیں تو وہ ایک خاص حرکت کرتے اور ان کی دعا کے جواب میں بارش نازل کرتے ہیں۔ یہ بالاجماع کفرِ اکبر ہے؛ کیونکہ یہ اللہ عز وجل کے علاوہ کسی اور کے لیے ربوبیت اور الوہیت کا عقیدہ رکھنا ہے۔ [142]

[142] دیکھیں: التمهيد لشرح كتاب التوحيد، از شيخ صالح آل شيخ (صفحہ: 356)۔

ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

"جس نے علم نجوم کا کوئی حصہ سیکھا تو اس نے جادو کا ایک حصہ سیکھا۔ وہ جتنا زیادہ علمِ نجوم سیکھے گا اتنا ہی زیادہ جادو سیکھے گا۔" [143]

[37] سنن ابو داود، حدیث نمبر : 4607۔

یعنی کوئی شخص جتنا زیادہ علمِ نجوم سیکھتا جائے گا، وہ جادو میں اتنا ہی زیادہ ملوث ہوتا جائے گا اور نتیجتاً اس کے گناہ میں بھی اتنا ہی اضافہ ہوتا جائے گا۔

اور ابو مسعود انصاری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ

رسول اللہ ﷺ نے کتے کی قیمت، فاحشہ کی اجرت اور کاہن کی کمائی سے منع فرمایا ہے۔ [144]

حُلْوانُ الکاھن: کاہن کی کہانت کی اجرت۔

نیز معاویہ بن حکم سُلَمی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ

میں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! میں قریب ہی زمانۂ جاہلیت سے نکلا ہوں، اللہ تعالی نے ہمیں اسلام سے سرفراز کیا اور ہم میں سے کچھ لوگ کاہنوں کے پاس جاتے ہیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’تم ان کے پاس مت جانا۔‘‘ [145]

[3] صحیح مسلم، حدیث نمبر: 233۔

ام المؤمنین صفیہ رضی اللہ عنہا بعض ازواج مطہرات سے روایت کرتی ہیں، جنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کیا کہ آپ ﷺ نے فرمایا:

”جو کسی عرّاف (غیبی امور کا دعوی کرنے والے) کے پاس آئے اور اس سے کسی چیز کے متعلق پوچھے، تو چالیس دن تک اس کی نماز قبول نہیں کی جائے گی“۔ [146]

اور ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا:

’’جس شخص نے حائضہ عورت سے جماع کیا یا عورت کی دبر کا استعمال کیا یا کاہن کے پاس گیا تو اُس شخص نے نبی ﷺ پر جو دین اُترا اُس کا انکار کیا‘‘۔ [147]

[28] سنن ترمذی، حدیث نمبر : 2140۔

قرطبی رحمہ اللہ کاہنوں کے بارے میں فرماتے ہیں:

”حِسبہ کے ذمہ دار (یعنی بازاروں اور آدابِ عامہ کی نگرانی کرنے والوں) پر واجب ہے کہ وہ انہیں بازاروں میں نہ رہنے ديں، ان پر سخت ترین نکیر کریں اور کسی کو بھی اس مقصد کے لیے ان کے پاس نہ آنے دیں"۔ [148]

[148] المفهم لما أشكل من تلخيص مسلم (5/ 633)۔

نقصانات:

کہانت، عرافہ، تنجیم اور ان منکرات میں ملوث افراد کے پاس جانے کے نقصانات:

  • مذکورہ بالا افراد طاغوت کے زمرے میں آتے ہيں اور ان کے پاس جانا طاغوت کو فیصل بنانے کے زمرے میں آتا ہے۔ یاد رہے کہ طاغوت ہر وہ چیز ہے جس کی اللہ تعالیٰ کے سوا عبادت کی جائے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:

"کیا آپ نے انہیں نہیں دیکھا، جن کا دعویٰ تو یہ ہے کہ جو کچھ آپ پر اور جو کچھ آپ سے پہلے اتارا گیا ہے اس پر ان کا ایمان ہے، لیکن وه اپنے فیصلے غیر اللہ کی طرف لے جانا چاہتے ہیں؟ حاﻻں کہ انہیں حکم دیا گیا ہے کہ شیطان کا انکار کریں۔ شیطان تو یہ چاہتا ہے کہ انہیں بہکا کر دور ڈال دے۔"

[النساء: 31]،

طبری نے قتادہ سے روایت کیا ہے کہ یہ آیت دو شخص کے بارے میں نازل ہوئی: ایک انصاری اور ایک یہودی، جن کے مابین کسی حق کے بارے میں جھگڑا تھا۔ چنانچہ وہ اللہ کے نبی ﷺ کو چھوڑ کر مدینہ کے ایک کاہن کے پاس فیصلہ کروانے چلے گئے، تو اللہ عز وجل نے ان کے اس عمل کو ناپسند فرمایا۔ [149]

[109] تفسیر الطبری (625/ 6)۔

  • یہ اہلِ جاہلیت اولیٰ کے افعال میں سے ہے۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے فرمایا:

"جابر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: وہ طاغوت جن سے لوگ فیصلے کرواتے تھے، ان میں سے ایک قبیلہ جہینہ میں تھا، ایک قبیلہ اسلم میں اور ہر قبیلے میں ایک ایک تھا۔ یہ وہ کاہن تھے، جن پر شیطان اترتے تھے...‘‘ اور عکرمہ رحمہ اللہ کا قول ہے: ’’جِبتْ حبشی زبان میں شیطان کو اور طاغوت کاہن کو کہتے ہیں‘‘۔ [150]

[150] صحیح بخاری: (6/ 45)۔

  • یہ انسانوں کا، دیگر انسانوں اور جنوں کے ذریعے فتنے میں مبتلا ہونا ہے۔ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، وہ فرماتی ہیں:

کچھ لوگوں نے نبی ﷺ سے کاہنوں کے بارے میں پوچھا، تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”وہ کچھ نہیں ہیں۔“ انہوں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! وہ کوئی ایسی بات بتاتے ہیں جو سچ نکل آتی ہے۔ اس پر نبی ﷺ نے فرمایا: ”یہ وہ سچی بات ہے جس کو جنّی اچک لیتا ہے اور اپنے دوست کے کان میں مرغی کے کڑکڑانے کی طرح ڈال دیتا ہے، پھر وہ اس میں سو سے زیادہ جھوٹ ملا دیتے ہیں“۔ [151]

یعنی کاہن اپنے شیطان دوست کی بتائی ہوئی اس ایک بات میں سو جھوٹ ملا دیتا ہے یا پھر شیطان خود ہی آسمان سے چوری چھپی سنی ہوئی اپنی اس ایک بات میں سو جھوٹ ملا دیتا ہے اور پھر یہ سب کچھ اپنے انسانی دوست (کاہن) کو بتا دیتا ہے۔ یوں عام انسان اس کاہن کے ذریعے اور یہ دونوں اپنے شیطان دوست کے ذریعے فتنے میں مبتلا ہوجاتے ہیں اور اس کی لائی ہوئی سچی جھوٹی تمام باتوں کو قبول کر لیتے ہیں، کیونکہ وہ آسمان سے لائی گئی خبر کے معاملے میں کبھی کبھی سچے بھی نکل جاتے ہیں۔ [152]۔

  • جو شخص عراف کے پاس جائے اور اُس سے غیب کی بات پوچھے، تو چالیس راتوں تک اُس کی نماز قبول نہیں ہوتی، جیسا کہ سابقہ حدیث میں وارد ہوا ہے۔

اس سے بچنے کے راستے:

کہانت، عرافہ اور تنجیم وغیرہ سے بچنے کے درج ذیل طریقے ہیں:

  • اس بات کا کامل یقین کہ اللہ کے سوا کوئی غیب نہیں جانتا۔ اللہ تعالی نے فرمایا:

"کہہ دیجیے کہ آسمانوں والوں میں سے اور زمین والوں میں سے سوائے اللہ کے کوئی غیب نہیں جانتا..."

[النمل : 65]

ایک اور جگہ ارشاد باری تعالی ہے:

"اور اللہ تعالیٰ نے آدم کو تمام نام سکھا کر ان چیزوں کو فرشتوں کے سامنے پیش کیا اور فرمایا کہ اگر تم سچے ہو تو ان چیزوں کے نام بتاؤ۔

ان سب نے کہا: اے اللہ! تیری ذات پاک ہے، ہمیں تو صرف اتنا ہی علم ہے جتنا تونے ہمیں سکھا رکھا ہے۔ پورے علم وحکمت واﻻ تو تو ہی ہے۔"

[البقرۃ: 264]۔

یہاں ہم دیکھتے ہيں کہ فرشتوں کے پاس اپنی عاجزی کا اقرار کرنے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا کہ وہ صرف اتنا ہی جانتے ہیں جتنا اللہ نے انہیں سکھایا ہے۔ چنانچہ انہوں نے کہا:

"تیری ذات پاک ہے۔ ہم اتنا ہی جانتے ہيں، جتنا تونے ہمیں سکھایا ہے۔۔۔"

اس طرح یہ آیت ہر اس نجومی کاہن کے قول کے جھوٹ ہونے کی واضح ترین دلیل اور حجت ہے، جس نے کسی طرح کے غیب جاننے کا دعوی کیا۔ [153]

  • اللہ تعالیٰ کی سچی عبودیت کا پیکر بننا اور طاغوت کا انکار کرنا۔ جس نے علمِ غیب کا دعویٰ کیا یا معاملات کو ستاروں کی طرف منسوب کیا اور انہیں بذاتِ خود مؤثر مانا، اس نے سرکشی کی، حد سے تجاوز کیا، کفر کیا اور خود طاغوت بن گیا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:

"...اس لیے جو شخص اللہ تعالیٰ کے سوا دوسرے معبودوں کا انکار کرکے اللہ تعالیٰ پر ایمان ﻻئے اس نے مضبوط کڑے کو تھام لیا، جو کبھی نہ ٹوٹے گا اور اللہ تعالیٰ سننے واﻻ، جاننے واﻻ ہے۔"

سعید بن جبیر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ فرماتے ہیں:

”طاغوت سے مراد کاہن ہے“ [154]۔

  • توحید سیکھنا، اس کی تعلیم دینا، توحید کے مخالف امور کو جاننا، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا فریضہ انجام دینا اور ان شیطانی اعمال کے مرتکبین پر شرعی سزائیں نافذ کرنا۔