نص الموضوع
دین میں بدعت ایجاد کرنا کبیرہ گنا ہے۔ شرک کے بعد ابلیس کو بدعت سے بڑھ کر کوئی ایسا گناہ محبوب نہیں، جس کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کی جائے۔ ابن قیم رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
"شیطان بندے پر سات گھاٹیوں میں سے کسی ایک گھاٹی میں غلبہ پانا چاہتا ہے، جن میں سے ہر گھاٹی دوسری سے زیادہ کٹھن ہے۔ وہ مشکل گھاٹی سے نیچے والی گھاٹی کی طرف اسی وقت اترتا ہے، جب وہ بندے کو اس میں دبوچ نہ سکے:
پہلی گھاٹی: اللہ کا، اس کے دین کا، اس سے ملاقات کا، اس کے صفاتِ کمال کا اور ان تمام باتوں کا انکار جن کی خبر اس کے رسولوں نے دی ہے۔ اگر شیطان اس گھاٹی میں بندے پر قابو پا لے، تو اس کی دشمنی کی آگ ٹھنڈی پڑ جاتی ہے اور اسے سکون مل جاتا ہے۔ لیکن اگر بندہ ہدایت کی بصیرت کے ساتھ اس گھاٹی کو عبور کر لے، اس سے نجات پا جائے اور ایمان کا نور اس کے دل میں سلامت رہے، تو شیطان دوسری گھاٹی میں اس کی تاک میں رہتا ہے:
یہ بدعت کی گھاٹی ہے۔ بدعت یا تو اس حق کے خلاف عقیدہ رکھنا ہے، جس کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول ﷺ کو بھیجا اور جسے اپنی کتاب میں نازل فرمایا، یا پھر دین میں نو ایجاد کردہ ایسے طور طریقوں اور رسموں کے ذریعے عبادت کرنا ہے جن کی اللہ تعالیٰ نے اجازت نہیں دی اور جنھیں وہ قبول نہيں کرتا۔ [39]
[34] مدارج السالكين (1/ 379)۔
بدعت کی حقیقت: دین میں ایجاد کردہ ایک خود ساختہ طریقہ جو شرعی طریقے کے مشابہ ہو اور اسے اختیار کرنے سے مقصود اللہ سبحانہ کی عبادت میں مبالغہ کرنا ہو۔ [40]
[40] الاعتصام للشاطبی : 1/50۔
ممنوعہ بدعت وہ ہے، جس کا تعلق دینی امور سے ہو۔ جہاں تک دنیوی امور کا تعلق ہے، مثلاً لوگوں کا گاڑی، ہوائی جہاز، کمپیوٹر، ٹیلیفون اور ان جیسی دیگر اشیا کا ایجاد کرنا، تو یہ سب بدعت نہیں کہلاتے، اگرچہ لغوی اعتبار سے انھیں بدعت کہہ دیا جائے۔
دراصل نبی صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں ایک ایسی روشن شاہراہ پر چھوڑ گئے ہیں جس کی راتیں دن کی طرح روشن ہیں۔ اس سے وہی بھٹکتا ہے جس کی قسمت میں ہلاکت لکھی ہو۔ ہر خیر پر آپ نے ہمیں ابھارا اور ہر شر سے ہمیں خبردار کیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی ناقد کے لیے کوئی گنجائش نہیں چھوڑی۔
اسی وجہ سے جس نے اللہ کے دین میں کوئی ایسی چیز ایجاد کی جس کی اللہ نے اجازت نہیں دی اور جسے اس کے رسول نے مشروع نہیں کیا، اس میں کوئی خیر نہیں، بلکہ اسے اس کے کرنے والے کے منہ پر مار دیا جائے گا۔
لہذا ہر وہ کام جس پر نبی ﷺ، آپ کے خلفائے راشدین اور آپ کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کاربند نہ تھے، اس کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنا درست نہیں ہے۔ چنانچہ ہمیں اپنے لیے وہی پسند کرنا چاہیے جسے انھوں نے اپنے لیے پسند کیا، کیونکہ وہ اصحاب علم وبصیرت تھے۔
جان لیں کہ دین کے نام پر وجود میں آنے والی ہر بدعت حرام اور گمراہی ہے، ہر گمراہی اور گمراہ ہونے والوں کا ٹھکانہ جہنم ہے۔ اس کی حرمت کے بہت سے دلائل موجود ہیں۔ کچھ دلائل ملاحظہ ہوں:
اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب اور اپنے نبی کی سنت کے علاوہ کسی اور کی پیروی سے خبردار کرتے ہوئے فرمایا:
"تم لوگ اس کی اتباع کرو جو تمہارے رب کی طرف سے آئی ہے اور اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر من گھڑت سرپرستوں کی اتباع مت کرو۔ تم لوگ بہت ہی کم نصیحت پکڑتے ہو۔"
[الاعراف: 3].
ایک اور جگہ ارشاد باری تعالی ہے:
"کیا ان لوگوں نے ایسے (اللہ کے) شریک (مقرر کر رکھے) ہیں جنہوں نے ایسے احکام دین مقرر کر دیے ہیں جو اللہ کے فرمائے ہوئے نہیں ہیں؟..."
[الشوری: 21]
عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
""جس نے ہمارے اس دین میں کوئی ایسی چیز ایجاد کی، جو اس میں سے نہیں ہے، تو وہ مردود ہے"۔ [41]
[1] صحیح بخاری، حدیث نمبر: 2766، صحیح مسلم، حدیث نمبر: 89۔
- جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہما سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ فرمایا کرتے تھے:
"امّابعد؛ سب سے اچھی بات کتاب اللہ ہے، سب سے بہتر طریقہ محمد ﷺ کا طریقہ ہے، بدترین امور (دین کے نام پر ایجاد کردہ) نت نئی بدعتیں ہیں اور ہر بدعت گمراہی ہے"۔ [42]
[3] صحیح مسلم، حدیث نمبر: 233۔
حذیفہ بن اليمان رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں:
"ہر وہ عبادت، جسے محمد ﷺ کے صحابہ نے نہ کیا ہو، اسے تم نہ کرنا، کیوں کہ پہلوں نے بعد والوں کے لیے کچھ کہنے کو نہیں چھوڑا۔ اس لیے، اے علما کی جماعت! تم اللہ سے ڈرو اور اپنے پیش رو کے نقشِ قدم پر چلو۔" [43]
[43] الباعث على إنكار البدع والحوادث (ص: 16)۔
سفیان ثوری رحمہ اللہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں:
”بدعت ابلیس کو گناہ سے زیادہ محبوب ہے۔ گناہ سے تو توبہ ہو جاتی ہے، مگر بدعت سے توبہ نہیں کی جاتی“ [44]۔
[44] اس روایت کو امام لالکائی نے ’’شرح اصول الاعتقاد‘‘ (ص : 238) میں نقل کیا ہے۔
بدعت کے متعدد نقصانات اور مفاسد ہیں، جن میں سے چند یہ ہیں:
- روز اول سے آج تک دنیا بھر کے تجربات اور مشاہدات سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ انسانی عقل اپنے مفادات کے تعین میں خود مختار نہیں ہے۔ اسی لیے ایک ایسی شریعت کا ہونا ناگزیر ہے، جس پر انسان چلے، جسے اس کے رب نے پیدا کیا ہے اور وہی اس کے نفع ونقصان کو سب سے بہتر جانتا ہے۔ لہذا جب وہ اپنے رب کی مرضی پر نہیں چلے گا، تو خود اپنا نقصان اور اپنی ہلاکت کا سامان کرے گا۔
- بدعتی خواہشِ نفس کی پیروی کرتا ہے؛ کیونکہ جب عقل شریعت کی پیروکار نہ ہو، تو اس کے پاس خواہشِ نفس اور شہوت کے سوا کچھ باقی نہیں رہتا۔ اللہ تعالیٰ اپنے بندے داؤد علیہ السلام سے ارشاد فرماتا ہے:
"اور اپنی نفسانی خواہش کی پیروی نہ کرو، ورنہ وه تمہیں اللہ کی راه سے بھٹکا دے گی۔ یقیناً جو لوگ اللہ کی راه سے بھٹک جاتے ہیں، ان کے لئے سخت عذاب ہے، اس لئے کہ انہوں نے حساب کے دن کو بھلا دیا ہے۔"
[ص : 26]۔
- شریعت اسلامیہ کامل شریعت ہے۔ اس میں کسی کمی بیشی کی گنجائش نہیں ہے؛ جیسا کہ اللہ تعالی کا ارشاد ہے:
"...آج میں نے تمہارے لئے دین کو کامل کردیا اور تم پر اپنا انعام بھرپور کردیا اور تمہارے لئے اسلام کے دین ہونے پر رضامند ہوگیا۔"
(المائدۃ: 38)۔
لہذا جس نے دین میں کوئی بدعت ایجاد کی، اس نے دراصل یہ دعویٰ کیا کہ شریعت ناقص ہے اور نبی ﷺ نے وحی کا کچھ حصہ چھپا لیا ہے۔
- بدعتی شریعت سے عناد رکھتا اور اس کی مخالفت کرتا ہے؛ اس لیے کہ شارع نے عبادت کے لیے کچھ خاص طریقے اور کیفیات متعین فرما دی ہیں اور امر ونہی اور وعد و وعید کے ذریعے مخلوق کو انہی کا پابند بنایا ہے۔ یہ بھی بتا دیا ہے کہ خیر انہی میں مضمر ہے اور ان سے تجاوز کرنا سراپا شر ہے۔ کیونکہ اللہ جانتا ہے اور ہم نہیں جانتے اور اس نے اپنے رسول ﷺ کو رحمۃ للعالمین ہی بنا کر بھیجا ہے۔
جب کہ بدعتی ان ساری باتوں کو درکنار کرتا ہے۔ کیونکہ وہ یہ دعوی کرتا ہے کہ اللہ کی عبادت کے کچھ اور بھی طریقے ہيں۔ شارع کا کھنچا ہوا دائرہ حرف آخر نہيں ہے۔ گویا وہ یہ کہنا چاہتا ہے کہ شارع جانتا ہے اور ہم بھی جانتے ہیں۔
بلکہ بسا اوقات نئے طریقے رائج کر کے وہ یہ جتلانا چاہتا ہے کہ وہ کچھ ایسی باتیں بھی جانتا ہے جو شارع کو معلوم نہيں تھیں۔ یہ بات اگر سچ مچ بدعتی کے دل میں ہو، تو یہ شریعت اور شارع کے ساتھ کفر ہے۔ اور اگر دل میں نہ بھی ہو، تب بھی یہ کھلی گمراہی ہے۔
اس سے بچنے کے راستے:
اس سنگین کبیرہ گناہ سے بچنے کے لیے درج ذیل طریقے اپنائے جا سکتے ہیں:
- کتاب وسنت کو مضبوطی سے تھامنا اور اس کی زیادہ سے زیادہ لوگوں میں تبلیغ واشاعت کرنا۔ اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا:
"اللہ تعالیٰ کی رسی کو سب مل کر مضبوط تھام لو اور پھوٹ نہ ڈالو..."
[آل عمران: 103]
اللہ کی رسی: اسلام، قرآن اور سنت۔
- عقیدے سے متعلق ان امور میں صرف کتاب وسنت پر اعتماد کیا جائے جن میں اجتہاد، استحسان اور قیاس کی کوئی گنجائش نہیں ہے، نیز متشابہات کی بحث میں نہ پڑا جائے؛ کیونکہ اس میں پڑنا ضلالت وبدعت کی علامت اور مسلمانوں پر آنے والی ہر بلا ومصیبت کا سبب ہے۔
- فرد اور معاشرے کی عملی زندگی میں سنت کی تطبیق۔ مطلب یہ کہ انسان سنت سے متعلق اپنے علم کو زندگی کے تمام شعبوں میں عملی طور پر نافذ کرے۔ سنت کی یہ تطبیق بدعت کو معاشرے میں ایک منکر اور ناپسندیدہ عمل بنا دیتی ہے، جس سے اس کے قبیح خد وخال اور بد نما صورت نمایاں ہو جاتی ہے اور وہ خود ہی اپنی قباحت اور اسلام ومسلمانوں کے لیے اپنے اندر پوشیدہ خطرے کو واضح کر دیتی ہے۔
- امر بالمعروف اور نہی عن المنكر؛ کیونکہ بدعتیں ابتدا میں چھوٹی ہوتی ہیں، پھر بڑی ہو جاتی ہیں، اسے کوئی ایک فرد ایجاد کرتا ہے اور جلد ہی خواہش پرست لوگ اس کے گرد جمع ہو جاتے ہیں۔ لہذا جب بھلائی کا حکم دینے والے اور برائی سے روکنے والے معاشرے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں، تو وہ بدعتوں کا خاتمہ اور سنتوں کو زندہ کرتے ہیں۔
- دین کے خلاف ہونے والی تمام ظاہری اور خفیہ مہم کی تردید کرنا، بدعت کے مظاہر کو بے نقاب کرنا اور ان کے سدِّ باب اور خاتمہ کے لیے قرآن وسنت کی روشنی میں ان پر روشنی ڈالنا، نیز سنت کی حدود سے ہر قسم کے انحراف سے گریز کرنا، چاہے وہ کتنا ہی معمولی یا کم اثر کیوں نہ ہو۔
- عوام کو علم کے بغیر دینی معاملات میں بات کرنے سے روکنا اور ان کے عہدہ ومنصب سے قطع نظر، ان کی خلافِ شرع آرا کا اعتبار نہ کرنا۔