Skip to content

کبیرہ اور صغیرہ گناہ کی تعریف:

نص الموضوع

کبیرہ گناہ: ہر وہ گناہ، جس پر کتاب اللہ یا سنتِ رسول اللہ ﷺ میں کوئی وعید، لعنت یا حد وارد ہوئی ہو یا جس کا فساد اس گناہ کے فساد جیسا یا اس سے بھی زیادہ ہو، جس پر وعید، حد یا لعنت وارد ہوئی ہو، یا جو دین کے معاملے میں اس کے مرتکب کی لا پرواہی پر دلالت کرے۔

جب کہ صغیرہ گناہ سے مراد ہر وہ گناہ ہے جو کبیرہ گناہ کی مذکورہ تعریف میں نہ آتا ہو۔ یعنی جس پر عذاب کی وعید نہ سنائی گئی ہو، جس کے ساتھ کوئی حد، لعنت یا وعید نہ جڑی ہو اور جس سے اس کے مرتکب کی طرف سے شریعت کے تئیں لا پرواہی ظاہر نہ ہوتی ہو۔

کبیرہ اور صغیرہ گناہ میں فرق :

  1. کبیرہ وہ گناہ ہے جس کے ساتھ وعید، حد یا لعنت وغیرہ جڑی ہو اور صغیرہ وہ گناہ ہے جس کے ساتھ ان میں سے کچھ بھی نہ جڑا ہو۔
  2. کبیرہ گناہ شریعت کے معاملے میں انسان کی لا پرواہی کو ظاہر کرتا ہے، جب کہ صغیرہ گناہ میں ایسا نہیں ہے۔
  3. کبیرہ گناہوں کے مرتکب کو ان کی معافی کے لیے توبہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ جب کہ صغیرہ گناہ توبہ سے، کبیرہ گناہوں سے بچنے سے، انسان کو پہنچنے والی مصیبتوں سے یا نیک اعمال سے مٹا دیے جاتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا:

"اگر تم ان بڑے گناہوں سے بچتے رہوگے، جن سے تم کو منع کیا جاتا ہے، تو ہم تمہارے چھوٹے گناه دور کر دیں گے اور تمھیں عزت وبزرگی کی جگہ داخل کریں گے۔"

[النساء: 31]،

مزید فرمایا:

"دن کے دونوں سروں میں نماز قائم کر اور رات کی کئی ساعتوں میں بھی۔ یقیناً نیکیاں برائیوں کو دور کر دیتی ہیں۔ یہ نصیحت ہے نصیحت پکڑنے والوں کے لیے۔"

[ھود: 114]

عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

’’مسلمان کو جو بھی مصیبت پہنچتی ہے، اللہ تعالیٰ اس کے بدلے میں اس کے گناہ معاف کر دیتا ہے، یہاں تک کہ اسے چبھنے والے ایک کانٹے کے بدلے میں بھی‘‘۔[2]

[1] صحیح بخاری، حدیث نمبر: 2766، صحیح مسلم، حدیث نمبر: 89۔

ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ کے رسول ﷺ فرمایا کرتے تھے:

”پانچوں نمازیں، ایک جمعہ دوسرے جمعہ تک اور ایک رمضان دوسرے رمضان تک اپنے مابین سرزد ہونے والے گناہوں کا کفارہ بن جاتے ہیں، بشرطیکہ کبیرہ گناہوں سے اجتناب کیا جائے“ [3]۔

[3] صحیح مسلم، حدیث نمبر: 233۔

كبيره گناہوں کے دینی اور دنیوی خطرات اور نقصانات:

کبیرہ گناہوں کا ارتکاب دنیا اور آخرت میں بہت سے خطرات اور نقصانات کا باعث ہے۔ کچھ خطرات اور نقصانات کا یہاں ذکر کیا جا رہا ہے:

  • کبیرہ گناہ اپنے مرتکب کو اس وعید کا سزاوار بنا دیتے ہیں کہ وہ جنت میں داخل نہیں ہوگا؛ چنانچہ جبیر بن مطعم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انھوں نے نبی ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا:

"رشتے ناتے کو توڑنے والا جنت میں داخل نہیں ہوگا۔" [4]

یعنی قطع رحمی کرنے والا۔

حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ میں نے نبی ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا:

"جنت میں چغل خور داخل نہيں ہوگا۔" [5]

اس حدیث میں وارد لفظ "نمام" کے معنی ہیں چغل خور۔

  • کچھ کبیرہ گناہ عذابِ قبر کا سبب ہیں؛ ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں:

ایک دفعہ نبی ﷺ دو قبروں کے پاس سے گزرے، تو فرمایا: ”ان دونوں (قبر والوں) کو عذاب ہو رہا ہے اور یہ عذاب کسی بڑے گناہ کی وجہ سے نہیں ہو رہا ہے؛ ان میں سے ایک پیشاب کے چھینٹوں سے نہیں بچتا تھا اور دوسرا چغل خوری کرتا پھرتا تھا“[6]۔

  • کبیرہ گناہ آخرت میں سخت عذاب کا ایک سبب ہیں۔ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، وہ کہتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

”قیامت کے دن سب سے سخت عذاب ان لوگوں کو دیا جائے گا، جو اللہ تعالیٰ کی تخلیق کی مشابہت کرتے ہیں“۔ [7]

يضاهون: مشابہت کرنا۔ یہاں مراد تصویر بنانے والے ہیں۔

  • کبیرہ گناہ اللہ اور اس کے رسول کی لعنت کا سبب ہیں۔ چنانچہ ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں:

"اللہ کے نبی ﷺ نے عورتوں کی مشابہت اختیار کرنے والے مردوں اور مردوں کی مشابہت اختیار کرنے والی عورتوں پر لعنت کی ہے۔" [8]

[8] صحیح بخاری، حدیث نمبر: 5885۔

اسی طرح عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہيں:

’’اللہ کے رسول ﷺ نے سود کھانے والے اور کھلانے والے پر لعنت فرمائی ہے‘‘ [9]۔

  • کبیرہ گناہ اعمال کے ضائع اور باطل ہونے کا سبب بنتے ہیں؛ چنانچہ بریدہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا:

’’جس نے عصر کی نماز چھوڑ دی، یقینََا اس کے اعمال برباد ہو گئے۔‘‘ [10]

  • کبیرہ گناہ شرعی حدود وتعزیرات کے نفاذ کا سبب بنتے ہیں، اگر گناہ ایسے ہوں کہ ان کی حدود مقرر ہوں، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:

"چوری کرنے والے مرد اور اور چوری کرنے والی عورت کے ہاتھ کاٹ دیا کرو ۔ یہ بدلہ ہے اس کا جو انہوں نے کیا۔ عذاب، اللہ کی طرف سے اور اللہ تعالیٰ قوت وحکمت واﻻ ہے۔"

(المائدۃ: 38)۔

اللہ تعالی کا مزید ارشاد ہے:

"زناکار عورت ومرد میں سے ہر ایک کو سو سو کوڑے لگاؤ...۔"

[النور: 2]،

ایک اور جگہ ارشاد باری تعالی ہے:

"جو لوگ پاک دامن عورتوں پر زنا کی تہمت لگائیں، پھر چار گواه نہ پیش کرسکیں، تو انہیں اسی کوڑے لگاؤ اور کبھی بھی ان کی گواہی قبول نہ کرو۔ یہ فاسق لوگ ہیں۔"

  • کبیرہ گناہ نعمتوں کے زائل ہونے کا سبب ہیں۔ ارشادِ ربانی ہے:

"یہ اس لیے کہ اللہ تعالیٰ ایسا نہیں کہ کسی قوم پر کوئی نعمت انعام فرما کر پھر بدل دے، جب تک کہ وه خود اپنی اس حالت کو نہ بدل دیں..."

[الانفال: 53]

شیخ عبد الرحمن بن ناصر السعدی رحمہ اللہ کہتے ہیں:

"﴿یہ﴾ عذاب جو اللہ تعالیٰ نے جھٹلانے والی امتوں پر نازل کیا اور ان سے ان کی نعمتیں اور آسائشیں زائل کر دیں، یہ ان کے گناہوں اور اپنی حالت کو خود بدلنے کی وجہ سے ہوا۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ کا یہ دستور نہیں کہ وہ کسی قوم کو عطا کردہ دین ودنیا کی کوئی نعمت بدل دے، بلکہ اگر وہ شکر گزاری کریں تو وہ اسے باقی رکھتا اور اس میں اضافہ فرماتا ہے، ﴿یہاں تک کہ وہ خود اپنی حالت کو بدل ڈالیں﴾۔ یعنی اطاعت کو چھوڑ کر نافرمانی کرنے لگیں، اللہ کی نعمت کی ناشکری کریں اور اسے کفر سے بدل دیں۔ تب اللہ بھی وہ نعمت ان سے سلب کر لیتا ہے اور ان کے حالات بدل دیتا ہے، جیسا کہ انہوں نے خود اپنی حالت کو بدل دیا تھا۔ اس میں اللہ تعالیٰ کی حکمت، عدل اور اپنے بندوں پر احسان کار فرما ہے کہ انھیں ان کے ظلم ہی کی وجہ سے سزا سے دو چار کرتا ہے۔"[11]

[11] تفسیر سعدی (ص : 324)۔

  • کبیرہ گنا زمین میں فساد وبگاڑ کے ظہور کا سبب ہیں؛ کیونکہ فساد گناہوں کے سبب ہی ظاہر ہوتا ہے اور بدرجہ اولیٰ کبیرہ گناہوں کے سبب۔ اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا:

"خشکی اور تری میں لوگوں کی بد اعمالیوں کے باعث فساد پھیل گیا۔ اس لیے کہ انہیں ان کے بعض کرتوتوں کا پھل اللہ تعالیٰ چکھا دے، (بہت) ممکن ہے کہ وه باز آجائیں."

[ الروم : 41 ]

  • کبیرہ گناہ علم سے محرومی کا سبب بنتے ہیں؛ کیونکہ علم ایک نور ہے، جسے اللہ تعالیٰ دل میں ڈالتا ہے اور معصیت اس نور کو بجھا دیتی ہے۔

جب امام شافعی رحمہ اللہ، امام مالک رحمہ اللہ کے روبرو بیٹھے اور انہیں کچھ پڑھ کر سنایا، تو وہ ان کی ذہانت کی فراوانی، ذکاوت کی تیزی اور کمالِ فہم کو دیکھ کر بہت متاثر ہوئے اور فرمایا:

""بے شک میں دیکھتا ہوں کہ اللہ نے تمہارے دل میں نور ڈال دیا ہے۔ چنانچہ اسے معصیت کی تاریکی سے مت بجھانا" [12]۔"

[12] دیکھیں: مناقب الشافعي للبيهقي (1/ 104)۔

  • کبیرہ گناہ اپنے مرتکب کے معاملات میں تنگی اور دشواری کا سبب بنتے ہیں۔ چنانچہ وہ جس کام کا بھی رخ کرتا ہے، اسے اپنے لیے ناممکن یا دشوار پاتا ہے۔ یہ بالکل اسی طرح ہے کہ جو شخص اللہ سے ڈرتا ہے، اللہ اس کے کام میں آسانی پیدا فرما دیتا ہے۔ لہذا جو شخص تقویٰ کو چھوڑ کر کبیرہ گناہوں کا ارتکاب کرتا ہے، اللہ اس کے کام میں دشواری پیدا کر دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:

"جو نفیس چیزیں ان کے لئے حلال کی گئی تھیں، وه ہم نے ان پر حرام کردیں، ان کے ظلم کے باعث اور اللہ تعالیٰ کی راه سے اکثر لوگوں کو روکنے کے باعث۔

اور سود، جس سے منع کئے گئے تھے، اسے لینے کے باعث اور لوگوں کا مال ناحق مار کھانے کے باعث اور ان میں جو کفار ہیں، ہم نے ان کے لیے المناک عذاب مہیا کر رکھا ہے۔"

  • کبیرہ گناہ اپنے مرتکب کے دل میں ایک تاریکی پیدا کر دیتا ہے، جسے وہ ایسے ہی محسوس کرتا ہے جیسے رات کی تاریکی کو محسوس کرتا ہے۔ چنانچہ گناہ کی تاریکی اس کے دل کے لیے ویسی ہی ہو جاتی ہے جیسی حسی تاریکی اس کی آنکھ کے لیے ہوتی ہے۔ کیونکہ اطاعت نور ہے اور گناہ تاریکی ہے، یہ تاریکی جتنی قوی ہوتی جاتی ہے، اس کی حیرانی وگمراہی اتنی ہی بڑھتی جاتی ہے، یہاں تک کہ وہ بدعتوں، گمراہیوں اور ہلاکت خیز امور میں واقع ہو جاتا ہے اور اسے اس کا احساس تک نہیں ہوتا۔ چنانچہ حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں: ہم لوگ عمر رضی اللہ عنہ کے پاس تھے کہ اسی درمیان انھوں نے پوچھا: تم میں سے کس نے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم کو فتنوں کا ذکر کرتے ہوئے سنا ہے؟ کئی لوگوں نے جواب دیا : ہم نے سنا ہے۔ عمر رضی اللہ عنہ نے کہا : شاید تم لوگ اہل وعیال اور پڑوسی کا فتنہ سمجھ رہے ہو؟ لوگوں نے کہا : جی ہاں! عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: اس طرح کے فتنوں کا کفارہ نماز، روزہ اور صدقہ بن جاتا ہے۔ تم میں سے کس نے اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم کو اس فتنے کا ذکر کرتے ہوئے سنا ہے، جو سمندر کی لہروں کی طرح اٹھے گا؟ حذیفہ رضی اللہ عنہ کہتے ہيں : اس پر سب لوگ خاموش رہ گئے۔ تب میں نے کہا : میں نے سنا ہے۔ عمر رضی اللہ عنہ نے کہا : شاباش! حذیفہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں نے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم کو فرماتے ہوئے سنا:

«فتنے دلوں پر چٹائی کے ایک ایک تنکے کی مانند پیش ہوتے ہیں۔ چنانچہ جس دل میں یہ فتنے جاگزیں ہو جائیں، اس میں ایک سیاہ نکتہ پڑ جاتا ہے اور جس دل نے ان کو ٹھکرا دیا، اس میں ایک سفید نکتہ پڑ جاتا ہے، یہاں تک کہ دل دو طرح کے ہو جاتے ہیں: ایک سفید چکنے پتھر کی طرح، جسے کوئی فتنہ نقصان نہیں پہنچا سکتا جب تک آسمان اور زمین قائم ہیں، اور دوسرا سیاہی مائل، اوندھے کوزے کی طرح، جو نہ نیکی کو پہچانتا ہے اور نہ برائی کا انکار کرتا ہے، سوائے اس کے جو اس کی خواہشِ نفس نے اسے پلا دیا ہو» [13]۔

[13] صحیح مسلم، حدیث نمبر : 144۔

  • کبیرہ گناہ کی وجہ سے دشمنی اور بغض پیدا ہوتا ہے اور دشمن مسلط ہو جاتا ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:

"اور جو اپنے آپ کو نصرانی کہتے ہیں، ہم نے ان سے بھی عہد وپیمان لیا۔ چنانچہ انہوں نے بھی اس کا بڑا حصہ فراموش کر دیا، جو انہیں نصیحت کی گئی تھی۔ تو ہم نے بھی ان کے درمیان آپسی بغض وعداوت ڈال دی، جو تا قیامت رہے گی اور جو کچھ یہ کرتے تھے عن قریب اللہ تعالیٰ انہیں سب بتا دے گا۔"

چنانچہ جب لوگ اللہ کے بعض احکامات کو چھوڑ دیتے اور اس کی منع کردہ چیزوں کا ارتکاب کرتے ہیں، تو ان کے درمیان عداوت اور بغض پیدا ہو جاتا ہے اور ان پر دشمن مسلط ہو جاتے ہیں [14]۔

[14] دیکھیں: مجموع الفتاوى (3/ 421)۔

  • کبیرہ گناہ معاشرتی بگاڑ کا سبب بنتے ہیں، کیونکہ ان کی وجہ سے برے اخلاق، جیسے جھوٹ، بہتان تراشی، غیبت، چغل خوری، دھوکہ دہی، فریب، تکبر، فخر اور لوگوں کا ایک دوسرے کا مال ناحق کھانا جیسی برائیاں عام ہوجاتی ہیں۔ اسی طرح زندگی میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے اور لوگوں کے درمیان اذیت پھیل جاتی ہے جیسا کہ جادو وغیرہ میں ہوتا ہے۔ نیز بے حیائی کے کام جیسے زنا، لواطت، زنانہ پن اور مردوں اور عورتوں کا ایک دوسرے کی مشابہت اختیار کرنا بھی عام ہو جاتے ہیں۔[15]

[15] دیکھیں: الداء والدواء لابن القيم (1/ 132)۔

مرتکبِ کبیرہ اور احادیثِ وعد ووعید کے بارے میں اہل سنت کا موقف:

اہل سنت کا موقف یہ ہے کہ کبیرہ گناہ کا مرتکب، جس کا گناہ شرک اور کفرِ اکبر سے کم تر ہو، وہ ایک ناقص الایمان مومن ہے۔ اس کے ایمان میں اس کے گناہ کے بقدر کمی آ جاتی ہے۔ چنانچہ اس سے نہ تو ایمان کا نام بالکلیہ سلب کیا جاتا ہے اور نہ ہی اسے علی الاطلاق مومن کہا جاتا ہے۔ وہ یا تو ناقص الایمان مومن ہے یا پھر اپنے ایمان کی وجہ سے مومن اور اپنے کبیرہ گناہ کی وجہ سے فاسق ہے۔

آخرت میں اس کا معاملہ اللہ کی مشیت کے تحت ہوگا؛ اگر اللہ چاہے تو اسے بخش دے گا اور بغیر کسی سابقہ عذاب کے جنت میں داخل فرما دے گا، اور اگر چاہے تو اس کے جرم کے بقدر اسے عذاب دے گا اور پھر (اس عذاب سے) نکال کر مومنوں کے ساتھ جنت میں داخل فرما دے گا۔ کبھی کبھی بندہ آخرت سے پہلے دنیا میں ہی کبیرہ گناہ سے پاک ہو جاتا ہے۔ یہ پاکی؛ سچی توبہ کے ذریعے، اس پر حد قائم کیے جانے سے، مصیبتوں کے ذریعے یا نیک اعمال کی کثرت سے حاصل ہوتی ہے۔ چنانچہ وہ قیامت کے دن جب آئے گا تو اسے کسی عذاب کا سامنا نہیں ہوگا۔

رہی بات ان حدیثوں کی، جن میں مرتکبینِ کبائر کے لیے وعید آئی ہے، مثلا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی یہ حدیث کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:

""کوئی زنا کرنے والا جب زنا کرتا ہے تو مومن نہيں ہوتا، کوئی شراب پینے والا جب شراب پیتا ہے تو مومن نہيں ہوتا، کوئی چوری کرنے والا جب چوری کرتا ہے، تو مومن نہيں ہوتا۔""[16]

تو ان احادیث سے مراد یہ ہے کہ اس سے کامل ایمان کی صفت زائل ہو جاتی ہے اور اسلام باقی رہتا ہے، یہاں تک کہ جب وہ اس گناہ کو چھوڑ کر اس سے توبہ کر لیتا ہے تو اس کا ایمان دوبارہ لوٹ آتا ہے۔ چنانچہ ان کبیرہ گناہوں کے ارتکاب کی حالت میں صرف کامل ایمان کی نفی ہوتی ہے اور اصلِ ایمان باقی رہتا ہے؛

کیونکہ دیگر احادیث میں اس شخص کے لیے بھی جنت میں داخلے کا وعدہ آیا ہے جو اس حال میں مرے کہ اللہ کے ساتھ شرک نہ کرتا ہو، گرچہ اس نے زنا اور چوری کی ہو۔ جیسا کہ ابو ذر رضی اللہ عنہ کی حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

’’میرے پاس میرے رب کی طرف سے ایک آنے والا آیا اور اس نے مجھے خوش خبری دی کہ میری امت کا جو شخص اس حال میں مرے کہ وہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراتا ہو، تو وہ جنت میں جائے گا۔‘‘ میں نے پوچھا: اگرچہ وہ زنا کرے اور چوری کرے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’اگرچہ وہ زنا اور چوری کرے۔‘‘ [17]۔

کبیرہ گناہوں کا سد باب:

  • معاشرے کے افراد میں گناہوں، بالخصوص کبیرہ گناہوں کی سنگینی کا شعور بیدار کرنا اور انھیں یہ سمجھانا کہ ان گناہوں کی وجہ سے پورا معاشرہ سزاؤں اور مصیبتوں کی لپیٹ میں آجاتا ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:

"اور تم ایسے وبال سے بچو کہ جو خاص کر صرف ان ہی لوگوں پر واقع نہ ہو گا، جو تم میں سے ان گناہوں کے مرتکب ہوئے ہیں اور یہ جان رکھو کہ اللہ سخت سزا دینے واﻻ ہے۔"

  • شرعی علم حاصل کرنا نفس کو گناہوں سے روکتا ہے؛ کیونکہ جو شخص ان گناہوں پر مرتب ہونے والی سزاؤں سے واقف ہوتا ہے، اس کا نفس ان میں پڑنے سے باز رہتا ہے۔
  • نہی عن المنکر کا فریضہ انجام دیتے ہوئے اہلِ فسق وفجور کو کبیرہ گناہوں سے روکنا اور ان پر ان کی سرزنش کرنا۔ چنانچہ نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا:

’’اللہ کی حدود پر قائم رہنے والوں اور ان کی خلاف ورزی کرنے والوں کی مثال ایسے لوگوں کی سی ہے، جنہوں نے ایک کشتی میں جگہ کی تعیین کے لیے قرعہ اندازی کی، جس کے نتیجہ میں کچھ لوگوں نے کشتی کے اوپر والے حصے میں اور کچھ لوگوں نے نیچے والے حصے میں جگہ حاصل کی۔ جو لوگ نیچے والے حصے میں تھے، انہیں پانی لینے کے لیے اوپر والوں کے پاس سے گزرنا پڑتا۔ لہذا انہوں نے سوچا کہ کیوں نہ ہم اپنے ہی حصہ میں ایک سوراخ کر لیں، تاکہ اوپر والوں کو ہم کوئی تکلیف نہ دیں ۔ اب اگر اوپر والے نیچے والوں کو من مانی کرنے دیں گے، تو سب کے سب ہلاک ہو جائیں گے اور اگر اوپر والے نیچے والوں کا ہاتھ پکڑلیں گے (اور انہیں ایسا نہیں کرنے دیں گے) تو یہ خود بھی بچ جائیں گے اور باقی لوگ بھی بچ جائیں گے۔" [18]

حدیث کے الفاظ «القَائِمِ عَلَى حُدُودِ اللَّهِ» کے معنی ہیں: اللہ تعالیٰ کے احکامات پر قائم رہنے والا، منہیات سے اجتناب کرنے والا، بھلائی کا حکم دینے والا اور برائی سے روکنے والا۔

«الوَاقِعِ فِيهَا» کے معنی ہیں: نیکی کو ترک کرنے والا اور برائی کا ارتکاب کرنے والا۔

«اسْتَهَمُوا» کے معنی ہيں: انہوں نے قرعہ اندازی کی، تاکہ ہر شخص اپنی جگہ حاصل کر سکے۔

«أَخَذُوا عَلَى أَيْدِيهِمْ» کے معنی ہیں: انہیں کشتی میں شگاف ڈالنے سے روکا۔

  • خاندان کی طرف سے دی جانے والی درست ایمانی تربیت اور والدین کا اپنے بچوں کی نگرانی کرنا، خاص طور پر نوجوانی کے مرحلے میں، اس کے نتیجے میں صالح نوجوان کی ایک ایسی نسل پروان چڑھتی ہے، جو ایمانی رنگ میں رنگی ہوئی اور عمدہ اخلاق سے متصف ہوتی ہے۔
  • گناہوں کا جائز متبادل فراہم کرنا، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے جتنی بھی چيزیں حرام کی ہیں ان کا حلال متبادل بھی رکھا ہے۔ مثلا زنا کا متبادل یہ ہے کہ نوجوانوں کی جلدی شادی کر دی جائے۔

چوری کا سدباب افراد کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کر کے، غیبت اور لوگوں کی عزت و آبرو اچھالنے کا سدباب فارغ اوقات کو اللہ تعالیٰ کی عبادت یا اس کے مشروع کردہ مباح امور میں صرف کر کے کیا جا سکتا ہے۔ یہی معاملہ ہر نافرمانی اور کبیرہ گناہ کا ہے۔

  • نوجوانوں کی صلاحیتوں کو استعمال میں لانا اور انہیں دین ودنیا کے ان امور کی رہنمائی کرنا جو امت کے لیے نفع بخش ہوں، جیسے علمِ شرعی سیکھنا، اسلامی دعوت کی نشر واشاعت کرنا، اور دنیا کے فائدہ مند نظریاتی وعملی علوم جیسے طب، انجینئرنگ، تجارت وغیرہ حاصل کرنا، نیز بڑھئی اور لوہار کے کام جیسی مفید صنعتوں اور دستکاریوں کو سیکھنا۔ کیونکہ نفس اگر اطاعت میں مشغول نہ ہو تو معصیت میں مشغول ہو جاتا ہے۔

مسلمان کو اپنے ایمان کی مسلسل خبر گیری کرنی چاہیے؛ کیونکہ ایمان دل میں اسی طرح بوسیدہ ہو جاتا ہے، جس طرح کپڑا بوسیدہ ہوتا ہے۔ اس لیے دل کی اصلاح کے لئے کثرت سے ایسے نیک اعمال کرنے چاہئے جو ایمان میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔

  • مسلمان کو ہر اس چیز سے دور رہنا چاہیے، جو اسے گناہ کی دعوت دیتی ہو۔ خاص طور پر اس دور میں جبکہ سوشل میڈیا اور ایسی ویب سائٹس کا طوفان برپا ہے جو فحاشی، الحاد اور ہر اس چیز کو فروغ دیتی ہیں، جو اللہ کو ناراض کرتی ہے۔ ایک مسلمان کو چاہیے کہ وہ اپنے لیے شر کا کوئی دروازہ نہ کھولے، کیونکہ جو اسے کھولتا ہے، وہ اس میں داخل ہو جاتا ہے۔ نواس بن سمعان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

"اللہ نے ایک مثال بیان کی ہے (جو کہ) صراط مستقیم (سیدھا راستہ) ہے، اس راستے کے دونوں طرف دو دیواریں ہیں، جن میں کھلے ہوئے دروازے ہیں، اور ان دروازوں پر پردے لٹکے ہوئے ہیں۔ راستے کے دروازے پر ایک پکارنے والا ہے جو کہتا ہے: اے لوگو! سب کے سب اس راستے میں داخل ہو جاؤ اور ادھر اُدھر نہ بھٹکو۔ اور ایک پکارنے والا راستے کے اوپر سے پکارتا ہے۔ چنانچہ جب کوئی ان دروازوں میں سے کسی کو کھولنا چاہتا ہے تو وہ (پکارنے والا) کہتا ہے: تیری خرابی ہو! اسے مت کھول، کیونکہ اگر تو نے اسے کھول دیا، تو تو اس میں داخل ہو جائے گا۔ صراط سے مراد اسلام ہے، دو دیواروں سے مراد اللہ کی حدود ہیں، کھلے ہوئے دروازوں سے مراد اللہ کی حرام کردہ چیزیں ہیں، اور وہ پکارنے والا جو راستے کے سرے پر ہے، وہ اللہ کی کتاب ہے، اور وہ پکارنے والا جو راستے کے اوپر سے (پکارتا) ہے، وہ ہر مسلمان کے دل میں اللہ کا واعظ (اور ناصح) ہے"۔ [19]

[19] مسند احمد، حدیث نمبر : 17634۔

  • حکام اور اہل حل وعقد حضرات کی ذمے داری ہے کہ وہ دین کی حفاظت کا فریضہ انجام دیں، جس میں امر بالمعروف، نہی عن المنکر، اس کا ازالہ اور حدود کا قیام وغیرہ شامل ہیں۔ چنانچہ معقل بن یسار رضی اللہ عنہ سے مرفوعاً روایت ہے:

”کوئی ایسا بندہ، جسے اللہ کسی رعایا کا نگران بناتا ہے اور مرنے کے دن وہ اس حالت میں مرتا ہے کہ اپنی رعیت سے دھوکا کرکے جا رہا ہوتا ہے، تو اللہ اس پر جنت حرام کردیتا ہے“ [20]۔

[20] صحیح بخاری، حدیث نمبر : 7150، صحیح مسلم، حدیث نمبر : 142۔ مذکورہ الفاظ مسلم کے ہیں۔

ایک اور حدیث میں ارشاد نبوی ہے:

"تم میں سے جو شخص کوئی غلط کام دیکھے، وہ اسے اپنے ہاتھ (قوت) سے بدل دے۔ اگر اس کی طاقت نہ رکھتا ہو تو اپنی زبان سے اس کی نکیر کرے۔ اگر اس کی بھی طاقت نہ رکھتا ہو تو اپنے دل میں (اسے برا جانے) اور یہ ایمان کا سب سے کمزور درجہ ہے"۔ [21]

یہ مرتبہ دراصل صاحبِ قوت وغلبہ یا صاحبِ ولایت کے لیے ہے۔

اخیر میں اللہ سے دعا ہے کہ وہ ہمارے دلوں اور اعضاء وجوارح کو اپنی اطاعت پر قائم رکھے اور ہمیں تمام ظاہری وباطنی اور چھوٹے بڑے گناہوں سے محفوظ رکھے۔