کیا انسانیت کی ترقی میں مسلمانوں کا کوئی کردار رہا ہے؟
- محاور التعريف بالإسلام
- الغاية من خلق الإنسان ومعنى الحياةالخير والشر
- مصدر الإجابة
- قسم المسلمين
- الباب / الفصل
- (قسم المسلمين)
السؤال
کیا انسانیت کی ترقی میں مسلمانوں کا کوئی کردار رہا ہے؟
الجواب
مسلمانوں نے انسانیت کی ترقی میں ایسا نمایاں کردار ادا کیا کہ اس کی برابری کسی دوسری امت کا کردار نہیں کر سکتا۔ ان کا یہ کردار مندرجہ ذیل زاویوں سے بڑا عظیم اور ہمہ گیر تھا :
پہلا: وہ جگہ جسے ان کے تعاون نے آباد کیا۔
دوسرا: وہ زمانی مدت جسے ان کی شراکت کا شرف حاصل ہوا۔
تیسرا: ان کی پیش کردہ تہذیبی خدمات کے مشمولات۔
جہاں تک اس علاقے کا تعلق ہے جسے ان کے تہذیبی کارناموں نے آباد کیا، تو یہ بتانے کی ضرورت نہيں کہ ان کی تہذیب اپنے دور میں کرۂ ارض کے تمام آباد حصوں پر محیط تھی، یہاں تک کہ جارج بش — جو امریکی صدر کے دادا اور ایک امریکی یونیورسٹی میں عبرانی زبان کے پروفیسر تھے — نے ریاستِ خلافتِ اسلامیہ کے بارے میں کہا تھا:
”بلاشبہ اس نے اسّی سال کے عرصے میں اتنی کثیر اور وسیع مملکتوں اور ملکوں پر اپنا تسلط قائم کر لیا، جتنا روم آٹھ سو سالوں میں بھی قائم نہ کر سکا تھا۔ ہماری حیرت میں اس وقت مزید اضافہ ہو جاتا ہے جب ہم آپ کی سیاسی کامیابی ـــــ اس سے مراد نبی کریم محمد ﷺ ہیں ـــــ سے قطع نظر کرتے ہوئے آپ کے دین کے عروج، اس کی تیز رفتار اشاعت اور اس کے تسلسل اور دائمی استحکام کے بارے میں گفتگو کرتے ہیں۔ محمد ﷺ دینِ اسلام کے بانی اور مسلمانوں کی سلطنت کے مؤسس ہیں۔“
تالیف جارج بش، تعریب استاذ عبد اللہ الشیخ۔
ہم اس کافر کی یہ بات تسلیم نہیں کرتے کہ رسول محمد ﷺ دینِ اسلام کے بانی ہیں اور نہ ہی ریاستِ خلافت کوئی سلطنت ہے۔
جہاں تک زمانے کا تعلق ہے، تو مسلمانوں کی حکمرانی 1340 سال سے زیادہ عرصے پر محیط رہی، جس پر یکے بعد دیگرے اسلامی حکومتیں آتی رہیں، جن کی ابتدا خلافتِ راشدہ کی حکومت سے ہوئی، پھر بنو امیہ کی حکومت، پھر بنو عباس کی حکومت اور اس کے بعد عثمانی حکومت آئی۔ اسلامی حکومت کا پرچم 1344 ہجری بمطابق 1923 عیسوی میں ہی جا کر سرنگوں ہوا، جس کا مطلب یہ ہے کہ اسلامی حکومت کی حکمرانی ایک ہزار تین سو سال سے زیادہ عرصے پر محیط رہی، جب کہ تاریخ کسی ایسی حکومت کو نہیں جانتی جس کا نفوذ اور اقتدار ایک ہزار سال تک محیط رہا ہو، جس نے ایک ہی پرچم یعنی اسلام کا پرچم اٹھایا ہو، اگرچہ حکمران خاندان کا قبیلہ یا ان کی نسل جیسے عرب یا ترک یا حکومت کی قیادت کی جگہ اور اس کا دارالحکومت مختلف ہی کیوں نہ رہا ہو۔
جہاں تک مسلمانوں کے پیش کردہ تہذیبی سرمائے کا تعلق ہے، تو یہ ایک روشن، جامع اور متنوع سرمایہ ہے، جو عقل، علم، روح، جسم اور فطرت سے ہم آہنگ ہے۔ ہم درج ذیل روشن پہلوؤں میں اس شان دار سرمائے کی چند جھلکیاں پیش کریں گے:
پہلا پہلو: مسلمانوں نے جو تہذیبی و تمدنی تعاون (کنٹریبوشن) پیش کیا ہے، وہ ایک ایسے معتدل، مستحکم اور قیمتی دین پر مشتمل ہے، جس میں نہ تو غلو ہے اور نہ ہی کوتاہی۔ یہ وہی دین ہے جو تمام انبیاء (علیہم السلام) کا دین رہا ہے؛ آسانی اور فطرت کا دین، جو دل، عقل اور روح کو غذا فراہم کرتا ہے، فطرتِ انسانی سے ہم آہنگ ہے اور جسمانی و روحانی دونوں تقاضوں کو پورا کرتا ہے۔ یہ ایک ایسا دین ہے جس سے انسان کسی بھی حال میں بے نیاز نہیں ہو سکتا؛ کیونکہ انسان اپنی فطرت کے اعتبار سے مذہب پسند ہے اور وہ کسی نہ کسی دین کی پیروی سے الگ نہیں رہ سکتا۔ چنانچہ مسلمانوں نے دنیا کے سامنے ایک ایسا الہی دین پیش کیا جس پر انسانیت آج بھی قائم ہے اس کی طرف مائل ہو رہی ہے، اور ہر روز ہزاروں لوگ اپنے نظریاتی، علمی اور سماجی اختلافات کے باوجود اس میں داخل ہو رہے ہیں۔ ہم دیکھتے ہيں کہ مغربی سماج اپنی اس مادی تہذیب کی وجہ سے کس قدر بد اور بے چینی کا شکار ہوا، جس نے دین اور روح کے تقاضوں کو نظر انداز کر رکھا ہے اور دوسری طرف، مشرقی سماج ان انسان کے بنائے ہوئے مذاہب کی وجہ سے کس قدر مصائب کا شکار ہوا جو زندگی، عقل اور جسم کی قیمت پر صرف روحانی تقاضوں کو پورا کرنے میں حد سے آگے بڑھے ہوئے ہيں۔
دوسرا پہلو : مسلمانوں نے جو تہذیبی کارنامہ پیش کیا، اس کا ایک اہم حصہ علم ہے۔ مسلمانوں نے انسانیت کے سامنے ایک ایسا جامع اور مربوط علم پیش کیا جو خدائی علم (وحی) اور انسانی علم (سائنس و تجربات) کو یکجا کرتا ہے اور انسانوں کی خوش حالی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے اپنے سے پہلی قوموں کے علوم میں سے جو کچھ درست تھا، اسے (ترجمے اور تحقیق کے ذریعے) اگلی نسلوں تک پہنچایا اور ان اقوام میں پائی جانے والی توہم پرستی اور جھوٹے علوم (علمِ نجوم وغیرہ) کو یکسر مسترد کر دیا، بلکہ ان درست علوم میں گراں قدر اضافہ بھی کیا۔ چنانچہ انھوں نے ایسی ایجادات پیش کیں جو اپنے دور کے لحاظ سے نہایت حیرت انگیز تھیں۔ انہیں علمِ فلکیات سے خاص شغف تھا، جس کی مثال مشہور عالم محمد بن ابراہیم الفزاری (متوفی 180ھ) ہیں، جو اصطرلاب بنایا کرتے تھے۔ انہی کی طرح علمِ الجبر کے ماہر محمد بن موسیٰ الخوارزمی (متوفی 232ھ) ہیں۔ آج کا آرٹیفیشل انٹیلیجنس بھی اسی مایہ ناز اور یکتا عالم کی 'خوارزميات' (Algorithms) پر ہی انحصار کرتا ہے۔
انہوں نے دنیا کے سامنے تجرباتی طریقہ کار کو اس کے جدید مفہوم کے ساتھ پیش کیا۔ یہی وہ تجرباتی طریقہ کار ہے جس نے مغربی تہذیب کو عصری ایجادات تک پہنچایا۔ ایک وقت تھا جب یورپ کے حکام کے بچے قرطبہ، بغداد اور شام میں مسلمانوں کی یونی ورسٹیوں میں سائنس کی تعلیم حاصل کرتے تھے۔
تیسرا پہلو: مسلمانوں نے جو تہذیبی کارنامہ پیش کیا، اس میں ایک کامل عدل و انصاف پر مبنی نظام اور ایک ایسا جامع دستور حیات شامل ہے، جس میں ہر حق والے کا حق محفوظ تھا۔ اسلامی ریاستوں کے پرچم تلے 1340 سالوں کے طویل عرصے میں انسانی نسل کی مختلف اقسام اور طبقے زندگی بسر کرتے رہے، جن کا تعلق متعدد مذاہب سے تھا؛ جیسے یہودی، عیسائی، بدھ مت کے پیروکار، پارسی اور ہندو وغیرہ۔۔۔ ان میں سے کسی کو بھی اپنی نسل، مذہب یا وطن کی وجہ سے کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا؛ کیونکہ مسلمان اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کے مضمون کے پابند ہیں:
’’اے ایمان والو! تم اللہ کی خاطر حق پر قائم ہو جاؤ، راستی اور انصاف کے ساتھ گواہی دینے والے بن جاؤ۔ کسی قوم کی عداوت تمہیں خلاف عدل پر آماده نہ کردے۔ عدل کیا کرو جو پرہیز گاری کے زیاده قریب ہے۔ اور اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو۔ یقین مانو کہ اللہ تعالیٰ تمہارے اعمال سے باخبر ہے۔‘‘
[سورہ مائدہ : 44]۔
ریاست نے ان کے ادیان، املاک اور اموال کی حفاظت کی اور ان کے دیگر تمام حقوق کی ضمانت فراہم کی۔ کزاکستان یا اندلس (اسپین) میں جو قانون نافذ تھا، وہی مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بھی نافذ تھا۔ سب ایک ہی شریعت کے زیرِ سایہ تھے۔ یہ شریعت مدنی، مذہبی، سیاسی، جنگی اور سماجی حقوق کے ساتھ ساتھ وراثت اور ترکے کی تقسیم کے قوانین پر بھی محیط تھی۔ (آج تک پوری دنیا میں وراثت کی تقسیم کا کوئی ایسا مکمل نظام موجود نہیں جو اس نظام کے قریب تر ہو یا اس کی ہمسری کر سکے)۔ جب کہ آج بھی دنیا کے بہت سے ممالک میں انسان کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنی ساری دولت اپنے کتے کے نام کر دے اور اپنی اولاد کو اس سے محروم کر دے! یہ شریعت سب کے لیے قابلِ قبول تھی، جب کہ اس کے برعکس ہم دیکھتے ہیں کہ آج کی دنیا میں ہر ملک کا اپنا الگ قانون ہے اور وہ کسی ایک قانون پر متفق نہیں ہو سکے۔ پھر ان کے قوانین میں جو ناانصافی، نسل پرستی اور ظلم پایا جاتا ہے، وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ کیا یہ مادی تہذیب افریقہ سے چوری کیے گئے کروڑوں غلاموں (کی محنت) پر قائم نہیں ہوئی؟ کیا ان کی معیشتیں ان اثاثوں پر نہیں کھڑی ہیں جو انہوں نے کمزور ممالک کی معیشتوں سے لوٹے ہیں اور اب بھی لوٹ رہے ہیں؟ اس سے بڑھ کر یہ کہ ان کا ہدف ہمیشہ یہ رہا ہے کہ غریب ممالک صرف صارفی (کنزیومر) ریاستیں بن کر ہی رہیں؛ چنانچہ وہ وہاں صرف صارفی منصوبوں کی ہی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور انہیں ترقیاتی و پیداواری منصوبوں سے دور رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تو کیا یہ عدل و انصاف ہے؟
چوتھا پہلو: مسلمانوں نے جو تہذیبی کارنامہ پیش کیا، اس میں علمِ طب (میڈیکل سائنس) کی تعلیم اور اس کا عملی نفاذ (پریکٹس) شامل ہے۔ چنانچہ اسلامی دنیا کے ہر شہر میں ہسپتال موجود تھے، اور اطباء (ڈاکٹروں) بلکہ بعض خلفاء—جیسے (ابو جعفر) المنصور اور (ہارون) الرشید—نے بھی طبیعی علوم (Natural Sciences) پر پوری توجہ دی۔ مسلمانوں نے طب کی باقاعدہ تعلیم کے لیے بصرہ، کوفہ، بغداد اور دمشق میں تعلیمی ادارے قائم کیے اور ان کی لکھی ہوئی طبی تصانیف اور طریقہ ہائے علاج آج بھی کتابوں میں محفوظ ہیں۔ جس دور میں اسلامی شہر ایک دوسرے سے بڑھ کر ہسپتال بنانے کے مقابلے کر رہے تھے، اس وقت یورپ ہسپتال نام کی کسی چیز سے واقف تک نہ تھا۔
پانچواں پہلو: مسلمانوں نے جو تہذیبی کارنامہ پیش کیا، اس میں اعلیٰ درجے کی فکر (دانشورانہ سوچ) اور ہر فن و علم میں لکھی جانے والی تصانیف شامل ہیں۔ خلفاء اور امراء، علماء اور مصنفین کو انعامات و وظائف دینے میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش کرتے تھے، اور خلفاء کی مجالس باقاعدہ فکری مراکز کی حیثیت رکھتی تھیں جہاں فکر و فلسفے، شاعری اور علمی مسائل کے ہر رنگ پر بحث و مباحثہ ہوتا تھا۔ خلفاء نے کتب خانے بنانے، انہیں کتابوں سے آراستہ کرنے، ان میں ملازمین کا تعین کرنے اور ان کے لیے اوقاف (فنڈز اور جائدادیں) وقف کرنے میں ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ تصنیف و تالیف، لائبریریاں، اوقاف اور علمی و فکری مجالس کے یہ پہلو اس قدر عظیم، کثیر اور متنوع تھے کہ ان کی اصل قدر و منزلت کا اندازہ وہی شخص لگا سکتا ہے، جس نے ان شعبوں اور دیگر روشن شعبہ جات میں مسلمانوں کی تاریخ کا مطالعہ کیا ہو۔
چھٹا پہلو: مسلمانوں نے جو تہذیبی کارنامہ پیش کیا، اس میں 'عورت کا خاص خیال اور پاس داری' شامل ہے۔ چنانچہ اسلام نے عورت کو مرد کا ہم پلہ (شقیقہ) قرار دیا، اس پر اسی طرح کی ذمہ داریاں عائد کیں جیسی مردوں پر ہیں اور اسے مردوں ہی کی طرح کے حقوق عطا کیے۔ اگرچہ انسانی زندگی کے نظام کو چلانے کے لیے ہر صنف کی فطرت، جسمانی ساخت اور بناوٹ کی مناسبت سے ان کے لیے کچھ احکام مخصوص بھی ہیں، جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
"جو ایمان واﻻ ہو، مرد ہو یا عورت اور وه نیک اعمال کرے، یقیناً ایسے لوگ جنت میں جائیں گے اور کھجور کی گٹھلی کے شگاف برابر بھی ان کا حق نہ مارا جائے گا۔"
[سورۃ النساء : 163]،
اسلام نے عورت کے نان و نفقہ کی ذمہ داری اس کے سرپرست (ولی) پر ڈالی، خواہ وہ باپ ہو یا شوہر۔ مرد پر یہ فرض قرار دیا کہ وہ شادی کے وقت عورت کو مہر ادا کرے، اگرچہ شادی دونوں فریقین کا ایک مشترکہ مفاد ہے۔ مزید یہ کہ مرد کو اس بات کا پابند کیا کہ وہ عورت کو اس کے شایانِ شان رہائش فراہم کرے اور اگر اسے ضرورت ہو تو خادم کا انتظام بھی کر کے دے۔ قرآن کی آیات اور بہت سی حدیثوں میں مردوں کو عورتوں کے ساتھ حسنِ سلوک کی وصیت کی گئی ہے۔ اس کے برعکس، یہودی اور عیسائی یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ عورت ہی آدم (علیہ السلام) کی خطا (جنت سے نکلنے) کا سبب بنی تھی، اسی لیے وہ عورت کے ساتھ اسی بنیاد پر سلوک کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ عیسائیوں میں تو قریبی دور تک اس بات پر اختلاف رہا کہ آیا عورت کی روح ہوتی بھی ہے یا نہیں؟ طویل بحثوں کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے کہ اس کی روح تو ہوتی ہے، لیکن وہ ایک شیطانی روح ہے! آج بھی عورت کی تنخواہ مرد کی تنخواہ سے کم ہے، خواہ ان دونوں کی تعلیمی قابلیت اور کام بالکل ایک جیسا ہی کیوں نہ ہو!
ساتواں پہلو: مسلمانوں کے پیش کردہ تہذیبی و تمدنی تعاون (کنٹری بیوشن) میں وہ اعلیٰ درجے کی خوشحالی اور آسودگی بھی شامل تھی، جس سے اسلامی معاشرے کا ہر فرد لطف اندوز ہو رہا تھا۔ مسلمانوں نے لوگوں کی فلاح و بہبود اور آسائش کے لیے اوقاف قائم کرنے میں بھرپور مہارت اور فن کارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ یہ اوقاف لوگوں کی بنیادی ضرورتوں اور غریبوں کی خدمت کے لیے وقف کیے جاتے تھے اور ان کے فنڈز کمزوروں، ذہنی مریضوں اور ایسے بیماروں کے علاج معالجے پر خرچ ہوتے تھے جو علاج کے اخراجات اٹھانے کی سکت نہیں رکھتے تھے۔
آٹھواں پہلو: مسلمانوں کے پیش کردہ تہذیبی و تمدنی تعاون میں 'صفائی اور پاکیزگی' بھی شامل ہے۔ اسلام میں صفائی کا ایک مکمل اور جامع نظام ہے، جس کی شروعات دل کو شرک، کفر، حسد اور تمام برے اخلاق سے پاک کرنے سے ہوتی ہے اور پھر جسم کی صفائی تک آتی ہے۔ اسلام نے مسلمان پر لازم کیا ہے کہ وہ ہر ہفتے جمعہ کی نماز کے لیے غسل کرے۔ کیا آپ نے کبھی کوئی ایسی امت دیکھی ہے جس کا دین اس پر ہر ہفتے غسل کرنا فرض کرتا ہو؟ اسی طرح ازدواجی تعلق کے بعد بھی میاں بیوی پر غسل کو واجب قرار دیا گیا۔ اسلام نے گھروں، بستروں، صحنوں اور راستوں کو صاف ستھرا رکھنے کی ترغیب دی۔ اس دور میں اندلس (موجودہ اسپین) کے شہروں میں گندے پانی کی نکاسی کے لیے زیرِ زمین نالیاں (سیوریج سسٹم) موجود تھیں، جب کہ اس کے برعکس پیرس کی سڑکوں پر گندا پانی بہتا تھا۔ اس وقت پیرس میں رات کو روشنی کا کوئی تصور نہ تھا اور وہ ماحولیاتی آلودگی کا شکار تھا، جب کہ دوسری طرف (مراکشی شہر) فاس کی سڑکیں روشن، پکی اور صاف ستھری تھیں۔ جب ہسپانوی (عیسائی) اسلامی شہروں میں داخل ہوئے، تو وہاں انہوں نے 'حمامِ بخار' (اسٹیم باتھ) دیکھے جن سے وہ بالکل ناواقف تھے؛ چنانچہ انہوں نے انہیں یہ سمجھ کر توڑ دیا کہ شاید یہ مسلمانوں کی عبادت گاہیں ہیں۔
نواں پہلو: مسلمانوں کے پیش کردہ تہذیبی و تمدنی تعاون میں 'امن و سلامتی' بھی شامل تھی۔ مسلمانوں کی تہذیب نے نہ تو ایٹمی (نیوکلیئر) ہتھیار بنائے، نہ جراثیمی (بائیولوجیکل) ہتھیار اور نہ ہی بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے دیگر ہتھیار ایجاد کیے۔ مسلمانوں کے بارے میں کبھی یہ تاریخ نہیں ملتی کہ انہوں نے کسی ملک کا ایسا سخت محاصرہ کیا ہو، جس کی وجہ سے وہاں کے بچے اور عورتیں بھوک اور بیماری سے تڑپ کر مر جائیں۔ نہ تو مسلمانوں کے ہاں اجتماعی قبروں کا کوئی وجود رہا اور نہ ہی انہوں نے نسل کشی جیسے سنگین جرم کا ارتکاب کیا؛ جیسا کہ امریکہ کو وہاں کے اصل قدیم باشندوں یعنی "ریڈ انڈینز" سے پاک کرنے کے لیے نسل کشی کی گئی، یا جیسا کہ جدید دور میں دوسرے ممالک پر حملہ کرنے والی غاصب و قابض فوجوں نے ظلم کے بازار گرم کیے۔
یقیناً مسلمانوں کا تہذیبی و تمدنی تعاون—جیسا کہ پہلے بیان ہوا اور جیسا کہ ہم نے پیش کیا—ایک اعلیٰ درجے کا، جامع، متنوع، تعمیری، منصفانہ اور متوازن تعاون ہے، جس میں نہ تو نسل پرستی کا کوئی وجود ہے، نہ ظلم کا اور نہ ہی اجتماعی قتلِ عام کا۔
آپ پوچھ سکتے ہیں کہ اسلامی تہذیب و تمدن میں یہ امتیاز اور انفرادیت کیوں ہے؟ تو میں کہوں گا: اس لیے کہ اسلامی تہذیب کی بنیادیں، اس کی اساس اور اس کے اصول ایک ایسے عظیم، کامل اور جامع دین سے ماخوذ ہیں جو رب العالمین کا دین ہے؛ یعنی دینِ اسلام۔ وہ دین جس نے اپنے عقائد، فرائض اور قوانین میں خالق کے حقوق، مخلوق کے حقوق، دنیا کے مفادات، آخرت کے مفادات، دین سے متعلق امور، دنیا سے متعلق امور اور جو کچھ مسلمان سے مخصوص ہے اور جو غیر مسلم سے مخصوص ہے، ان سب کا احاطہ کیا ہوا ہے۔ اللہ تعالی کا یہ قول بالکل سچائی کی عکاسی کرتا ہے :
"ہم نے دفتر میں کوئی چیز نہیں چھوڑی پھر سب لوگ اپنے پروردگار کے پاس جمع کیے جائیں گے۔"
[سورۂ انعام : 18]۔
اس بارے میں بہت سی کتابوں میں تفصیل سے بات کی گئی ہے، جن میں سے چند مختصر کتابوں کی طرف ہم اشارہ کر دیتے ہیں۔ درود و سلام نازل ہو ہمارے نبی محمد پر۔
دیکھیں: الحضارة الإسلامية، تالیف: عبد الرحمن حبنكة الميداني، ص 549-579۔ مزید دیکھیں: القيم الحضارية في الإسلام، تالیف: محمد بن عبد الله السحيم۔
المصدر
ملاحظات
--