Skip to content

نص الموضوع

مجسمے بنانا ان کبیرہ گناہوں میں سے ہے جن سے شریعت نے خبردار کیا ہے، ایسا کرنے والوں پر لعنت کی ہے اور انہیں سخت عذاب کی وعید سنائی ہے۔ یہ بتوں کی پرستش اور اللہ تعالیٰ کے ساتھ شرک کے سب سے بڑے اسباب میں سے ہے۔

مجسمہ سازی کا مطلب یہ ہے کہ کوئی بندہ اللہ کی پیدا کردہ ذی روح مخلوقات کے مشابہ کوئی صورت بنائے۔ خواہ وہ پتھر، مٹی، لوہے، تانبے یا ان کے علاوہ دیگر اشیا سے بنائی گئی ہو۔

علماء کا مجسمہ بنانے اور انہیں رکھنے کی حرمت پر اجماع ہے۔ [155]

[155] دیکھیں: فتح الباری (10/ 391)۔

نووی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

’’اس بات پر اجماع ہے کہ ہر سایہ دار چیز ممنوع ہے اور اسے تبدیل کر دینا واجب ہے۔ قاضی کہتے ہیں: البتہ اس سے وہ رخصت مستثنی ہے، جو چھوٹی بچیوں کے لیے گڑیوں سے کھیلنے کے بارے میں وارد ہوئی ہے۔‘‘ [156]

[33] شرح مسلم (1/ 69)۔

دلائل:

تصویر کشی اور مجسمہ سازی کی ممانعت سے متعلق احادیث میں بہت سے نصوص وارد ہوئے ہیں۔ جن میں سے چند یہ ہیں:

عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول الله ﷺ نے فرمایا:

’’بے شک جو لوگ یہ تصویریں بناتے ہیں، انھیں روزِ قیامت عذاب دیا جائے گا اور اُن سے کہا جائے گا کہ جو تم نے بنایا اس میں جان ڈالو۔‘‘ [157]۔

[1] صحیح بخاری، حدیث نمبر: 2766، صحیح مسلم، حدیث نمبر: 89۔

مسلم بن صبیح فرماتے ہیں: ہم مسروق کے ساتھ یسار بن نمیر کے گھر میں تھے، تو انہوں نے ان کے گھر میں کچھ مجسمے دیکھے اور فرمایا: میں نے عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کو فرماتے ہوئے سنا کہ میں نے نبی ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا:

’’قیامت کے دن اللہ کے نزدیک سب سے زیادہ عذاب تصویر بنانے والوں کو ہوگا‘‘۔ [158]

ابو زرعہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ میں ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کے ساتھ مروان کے گھر میں داخل ہوا تو انہوں نے اس میں کچھ تصویریں دیکھیں تو فرمایا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ اللہ عزوجل نے فرمایا:

"اس سے بڑھ کر ظالم کون ہوگا جو میری طرح پیدا کرنے کی کوشش کرے؟ انہیں چاہیے کہ ایک ذرہ پیدا کریں، ایک دانہ پیدا کریں یا ایک جَو پیدا کر کے دکھائیں۔" [159]۔

سعید بن ابو الحسن فرماتے ہیں:

میں عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کے پاس تھا کہ ایک آدمی ان کے پاس آیا اور کہنے لگا: میں ایک ایسا شخص ہوں جس کا ذریعۂ معاش دستکاری ہے اور میں یہ تصویریں بناتا ہوں۔ اس پر عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا: میں تم سے صرف وہی حدیث بیان کروں گا جو میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنی ہے۔ میں نے آپ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: ’’جس نے کوئی تصویر بنائی، تو اللہ اسے عذاب دے گا یہاں تک کہ وہ اس میں روح پھونک دے، اور وہ اس میں کبھی بھی روح نہیں پھونک سکے گا‘‘۔ یہ سن کر وہ شخص شدت سے کانپ اٹھا (یعنی اس کا سانس پھول گیا، سینہ تنگ ہوگیا، وہ دہشت اور خوف سے بھر گیا) اور اس کا چہرہ زرد پڑ گیا۔ اس پر عبداللہ بن عباس نے فرمایا: افسوس! اگر تمہیں بنانا ہی ہے تو ان درختوں کی اور ہر اس چیز کی تصویر بناؤ، جس میں روح نہ ہو۔ [160]

ابو طلحہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا:

"فرشتے اس گھر میں داخل نہیں ہوتے، جس میں کوئی کتا یا تصویر ہو"۔ [161]

امام بخاری نے فرمایا: اس سے مراد وہ مجسمے ہیں جن میں روح ہو۔

اور ابو الہیاج الاسدی سے روایت ہے کہ علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ نے مجھ سے فرمایا:

"کیا میں تمہیں اس مشن پر نہ بھیجوں، جس پر مجھے رسول اللہﷺ نے بھیجا تھا؟ (وہ یہ ہے کہ) کوئی بھی مجسمہ ملے تو اسے مٹا دینا اور کوئی بھی اونچی قبر ملے تو اسے زمین کے برابر کر دینا۔" [162]

[3] صحیح مسلم، حدیث نمبر: 233۔

شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

"انہیں دو مجسموں کو مٹا دینے کا حکم دیا گیا: ایک میت کی شكل پر بنائی گئی تصویر اور دوسرا قبر پر بنایا گیا اونچا مجسمہ، کیونکہ شرک ان دونوں ہی سے شروع ہوتا ہے۔" [163]

[163] مجموع الفتاوى (17/462)۔

نقصانات:

مجسمہ سازی کے بہت سے نقصانات ہیں۔ جن میں سے چند یہ ہیں:

  • یہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ شرک کا ایک سبب ہے۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ کے فرمان:

"اور کہا انہوں نے کہ ہرگز اپنے معبودوں کو نہ چھوڑنا اور نہ ود اور سواع اور یغوث اور یعوق اور نسر کو (چھوڑنا)"۔

[نوح: 23] کے بارے میں عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہيں: ”یہ قومِ نوح کے نیک آدمیوں کے نام ہیں۔ جب وہ فوت ہو گئے تو شیطان نے ان کی قوم کے دل میں یہ بات ڈالی کہ جن مجلسوں میں وہ بیٹھا کرتے تھے وہاں ان کے مجسمے نصب کر دو اور انہیں ان کے ناموں سے موسوم کر دو۔ چنانچہ انہوں نے ایسا ہی کیا، لیکن اُن کی عبادت نہیں کی جاتی تھی۔ یہاں تک کہ جب وہ لوگ بھی فوت ہو گئے اور (اصل) علم بھلا دیا گیا تو ان کی عبادت کی جانے لگی۔“ [164]۔

[8] صحیح بخاری، حدیث نمبر: 5885۔

  • یہ اللہ تعالی کی ایک عظیم ترین صفت یعنی صفتِ تخلیق میں اس کی ہم سری کا دعوی ہے۔
  • یہ قیامت کے دن بندے پر اللہ تعالیٰ کی غضبناکی کا سبب ہے۔ تصویر بنانے والے اللہ کے نزدیک بدترین لوگ ہیں۔ اُمُّ المؤمنین عائشہ -رضی اللہ عنہا- سے روایت ہے کہ اُمِّ حبیبہ اور اُمِّ سلمہ -رضی اللہ عنہما- نے حبشہ میں ایک کنیسہ دیکھا تھا، جس میں تصویریں تھیں، پھر ان دونوں نے اس کا تذکرہ نبی ﷺ سے کیا تو آپ ﷺ نے فرمایا:

’’وہ ایسے لوگ تھے کہ اگر اُن میں سے کوئی نیک آدمی مر جاتا، تو اس کی قبر پر مسجد بنا لیتے اور اس میں وہ تصویریں بناتے۔ یہ لوگ قیامت کے دن اللہ کے نزدیک ساری مخلوقات میں سب سے بدترین مخلوق ہوں گے۔‘‘ [165]

  • اس کی وجہ سے ایسا کرنے والا نبی ﷺ کی لعنت کا مستحق ٹھہرتا ہے، چنانچہ ابو جحیفہ رضی اللہ عنہ سے مروی ایک حدیث میں ہے:

’’اللہ کے رسولﷺ نے تصویر بنانے والے پر لعنت فرمائی۔‘‘ [166]

  • یہ قیامت کے دن سخت عذاب کا سبب ہے، جیسا کہ احادیث میں گزر چکا ہے۔
  • فرشتے اس گھر میں داخل نہیں ہوتے جس میں تصویر یا مجسمہ ہو، جیسا کہ سابقہ حدیث میں گزر چکا ہے۔
  • یہ نصاریٰ اور دیگر کافروں کی مشابہت اختیار کرنا ہے۔

اس سے بچنے کے راستے:

اس کبیرہ گناہ سے بچنے کے درج ذیل طریقے ہیں:

  • بندہ یاد رکھے کہ قیامت کے دن اس کے اوپر اللہ کا غضب ہوگا اور اسے اس مجسمے میں روح پھونکنے کا حکم دیا جائے گا، جو اس سے قطعا نہیں ہو سکے گا۔ وہ یہ بھی یاد رکھے کہ اس پر اس کے نبی کی لعنت ثابت ہو جاتی ہے۔
  • اگر اس نے مجسمہ سازی کو اپنا پیشہ بنا رکھا ہے، تو اسے یاد رکھنا چاہیے کہ جس نے اللہ کی خاطر کوئی چیز چھوڑ دی، اللہ تعالیٰ اسے دنیا وآخرت میں اس سے بہتر بدلہ عطا فرمائے گا۔ کیونکہ جب وہ اللہ کی خاطر یہ کام چھوڑ دے گا تو اللہ تعالیٰ اسے ایسی جگہ سے حلال رزق عطا فرمائے گا جہاں سے اسے گمان بھی نہیں ہوگا۔

اسے یاد رکھنا چاہیے کہ حرام کمائی کی وجہ سے دعائیں قبول نہیں ہوتیں اور اولاد نیکی وشرافت سے محروم ہو جاتی ہیں۔

اگر کوئی شخص یہ کام محض تفریح یا مشغلے کے طور پر کرتا ہے، تو اس کے لیے زیادہ مناسب یہی ہے کہ وہ اسے اللہ تعالیٰ کی خاطر چھوڑ دے اور اس کے بدلے میں اللہ کی حلال کردہ دنیاوی زینتوں میں سے کچھ اور اختیار کر لے۔ پھر بھی اگر وہ مجسمہ سازی پر مصر ہو تو اسے چاہیے کہ وہ بے جان چیزوں کے مجسمے بنائے، جیسے درخت، عمارتیں اور جمادات۔

  • اربابِ اقتدار مثلاً سرکار، ذمہ دار ادارے اور ہر آدمی اپنے گھر میں مجسموں کو دور کرے اور انہیں توڑے۔