Skip to content

نص الموضوع

زکوٰۃ اسلام کا ایک رکن اور واجب صدقہ ہے جو مالدار سے لے کر فقیر کو دیا جاتا ہے اور اسے ادا نہ کرنا ان کبیرہ گناہوں میں سے ہے جن کے مرتکب سے اللہ تعالیٰ نے ایمان کی نفی کی ہے، انہیں طرح طرح کی وعیدیں سنائی ہیں اور زندگی میں اور موت کے بعد شدید عذاب کی دھمکی دی ہے، جس میں دنیا کی ہلاکت اور آخرت کی بدبختی اور خسارہ شامل ہے۔

لہذا زکوٰۃ نہ دینا اس شخص پر وبال ہے جو زکوۃ نہيں دیتا اور اس معاشرے پر بھی جو اس کے اس کام سے راضی ہے اور اس کی اس بد عملی کی نکیر نہیں کرتا۔

جو شخص زکوٰۃ کی فرضیت کا انکار کرتے ہوئے زکوٰۃ نہ دے؛ اس کے کافر ہونے اور ملتِ اسلامیہ سے خارج ہو جانے میں کوئی شک نہیں۔ البتہ جو بخیلی اور کنجوسی کی وجہ سے زکوٰۃ نہیں دیتا، اس کا یہ عمل بہت بڑا اور سنگین گناہ ہے۔ کیوں کہ آیات واحادیث اس بات پر دلالت کرتی ہیں کہ زکوٰۃ نہ دینا ان کبیرہ گناہوں میں سے ہے، جن پر اللہ تعالی نے دنیوی اور اخروی سزائیں متعین فرمائی ہیں۔

دلائل:

کتاب وسنت کے اندر زکوٰۃ نہ دینے والوں کو ڈرانے والے بہت سے نصوص موجود ہیں، جن میں سے چند یہ ہیں:

اللہ تعالی کا فرمان ہے:

"۔۔۔ اور جو لوگ سونے چاندی کا خزانہ رکھتے ہیں اور اللہ کی راه میں خرچ نہیں کرتے، انہیں دردناک عذاب کی خبر پہنچا دیجیے۔

جس دن اس خزانے کو آتش دوزخ میں تپایا جائے گا، پھر اس سے ان کی پیشانیاں اور پہلو اور پیٹھیں داغی جائیں گی (اور ان سے کہا جائے گا) یہ ہے جسے تم نے اپنے لیے خزانہ بنا کر رکھا تھا۔ پس اپنے خزانوں کا مزه چکھو۔"

[التوبۃ: 78]

ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا:

’’جس شخص کو اللہ تعالیٰ نے مال سے نوازا اور اس نے اس کی زکوٰۃ ادا نہیں کی تو قیامت کے دن اس (مال) کو اس کے لیے ایک زہریلے سانپ کی شکل میں تبدیل کر دیا جائے گا، جس کی آنکھ کے اوپر دو سیاہ نقطے ہوں گے، اسے اس کے گلے میں طوق کی طرح ڈال دیا جائے گا، پھر وہ اس کے دونوں جبڑوں کو پکڑ کر کہے گا: "میں تیرا مال ہوں، میں تیرا خزانہ ہوں"۔ پھر نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کا یہ فرمان پڑھا: ”جنھیں اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے کچھ دے رکھا ہے، وہ اس میں اپنی کنجوسی کو اپنے لیے بہتر خیال نہ کریں، بلکہ وہ ان کے لیے نہایت بدتر ہے۔ عن قریب قیامت والے دن وہ اپنی کنجوسی کی چیز کے طوق ڈالے جائیں گے۔ آسمانوں اور زمین کی میراث اللہ تعالیٰ ہی کے لئے ہے اور جو کچھ تم کر رہے ہو، اس سے اللہ تعالیٰ آگاه ہے“۔[71]

[8] صحیح بخاری، حدیث نمبر: 5885۔

[آل عمران: 103]

ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا:

”جو بھی سونا یا چاندی والا شخص اپنے اس مال کا حق (زکوٰۃ) ادا نہیں کرتا، اس کے لیے قیامت کے دن آگ کی تختیاں تیار کی جائیں گی؛ اور انھیں جہنم کی آگ میں تپایا جائے گا، پھر ان سے اس کے پہلو، اس کی پیشانی اور پشت کو داغا جائے گا۔ جب جب تختیاں ٹھنڈی ہو جائیں گی، انھیں دوبارہ گرمایا جائے گا۔ یہ عذاب ایک ایسے دن میں ہوگا، جس کی مقدار پچاس ہزار سال کی ہوگی۔ (یہ سلسلہ جاری رہے گا) یہاں تک کہ بندوں کے درمیان فیصلہ کر دیا جائے گا، اور (عذاب میں گرفتار شخص) جنت یا جہنم کی جانب اپنا راستہ دیکھ لے گا۔“ [72]

[3] صحیح مسلم، حدیث نمبر: 233۔

نبی ﷺ کی وفات کے بعد زکاۃ کے منکرین کے ساتھ صدیقِ اکبر ابوبکر رضی اللہ عنہ کا طرزِ عمل یہ تھا کہ آپ نے ان سے اس وقت تک قتال کیا، جب تک انہوں نے توبہ نہ کر لی اور اپنے اموال کی زکاۃ ادا نہ کر دی۔ چنانچہ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے فرمایا:

جب نبی ﷺ کی وفات ہو گئی اور ابو بکر رضی اللہ عنہ خلیفہ مقرر ہوئے اور عرب کے بعض قبائل مرتد ہو گئے، تو عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: اے ابو بکر! آپ لوگوں سے کیسے لڑیں گے جب کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں لوگوں سے جہاد کروں یہاں تک کہ وہ ’لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ‘ کا اقرار کرلیں۔ جس نے ’لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ‘ کا اقرار کر لیا، اس نے اپنے مال اور اپنی جان کو سوائے حقِ اسلام کے، مجھ سے محفوظ کر لیا اور اس کا حساب اللہ کے سپرد ہے؟‘‘ ابو بکر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: اللہ کی قسم! میں ان لوگوں سے ضرور جہاد کروں گا، جو نماز اور زکاۃ کے درمیان فرق کریں گے، اس لیے کہ زکاۃ مال کا حق ہے۔ اللہ کی قسم! اگر یہ مجھ سے بکری کا ایک بچہ بھی (بکری کا وہ مادہ بچہ جس کی عمر ایک سال نہ ہوئی ہو) روکیں گے، جو وہ رسول اللہ ﷺ کو ادا کیا کرتے تھے، تو میں اس کے روکنے پر بھی ان سے جہاد کروں گا۔ عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: اللہ کی قسم! زیادہ دیر نہیں ہوئی کہ مجھے یقین ہو گیا کہ اللہ تعالیٰ نے جہاد کے لیے ابو بکر رضی اللہ عنہ کا سینہ کھول دیا ہے اور میں نے جان لیا کہ یہی حق ہے۔ [73]

[1] صحیح بخاری، حدیث نمبر: 2766، صحیح مسلم، حدیث نمبر: 89۔

نقصانات:

زکاۃ نہ دینے کے کچھ نقصانات اس طرح ہیں:

  • زکوٰۃ نہ دینا مشرکوں کے اوصاف میں سے ہے۔ زکوٰۃ نہ دینے والا انہی کی طرح ہے اور جس نے کسی قوم کی مشابہت اختیار کی وہ انہی میں سے ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:

"۔۔۔ اور ان مشرکوں کے لیے (بڑی ہی) خرابی ہے جو زکوٰة نہیں دیتے۔۔۔۔"

[ فصلت: 6-7]۔

  • زکوٰۃ میں بخیلی نفاق کی علامت اور سبب ہے۔ اللہ تعالیٰ نے منافقوں کی صفت بیان کرتے ہوئے فرمایا:

"۔۔۔اور برے دل سے ہی خرچ کرتے ہیں۔"

  • زکوۃ نہ دینے کی وجہ سے قحط سالی کی آزمائش آتی ہے۔ چنانچہ عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:

”...اور جب بھی وہ اپنے اموال کی زکاۃ روک لیتے ہیں تو آسمان سے بارش روک لی جاتی ہے، اور اگر چوپائے نہ ہوتے تو ان پر کبھی بارش نہ برستی“ [74]۔

[74] سنن ابن ماجہ، حدیث نمبر : 4019۔

  • یہ ہلاکت اور بربادی کے مختلف اسباب کے ذریعے مال کی بربادی اور زوال کا سبب بنتا ہے۔
  • زکاۃ نہ دینے سے معاشرے میں فقیروں اور مال داروں کے درمیان بغض وعداوت پھیلتی ہے۔

اس سے بچنے کے راستے:

اس کبیرہ گناہ کے ارتکاب سے بچنے کے بعض طریقے یہ ہیں:

  • مسلمان کو یہ جاننا چاہیے کہ مال اللہ ہی کا دیا ہوا ہے اور یہ اسی کا فضل وکرم ہے۔ وہ جسے چاہتا ہے عطا کرتا ہے۔ اسی نے دیا ہے اور جو دیا ہے وہ اسی کا ہے۔ اسی نے محتاجوں کو زکوۃ دینے کا حکم دیا ہے۔ آپ اس مال کے محض ایک جانشین ہیں۔ اگر اللہ تعالیٰ چاہے تو آپ کو دے اور چاہے تو نہ دے۔
  • زکوۃ ادا کرنے والا اس کی ادائیگی کی فضیلت اور اسے روکنے کی سزا کو پیش نظر رکھے۔ جب وہ جان لے گا کہ اللہ تعالیٰ اسے اس کا بدلہ دے گا اور وہ بہترین رزق دینے والا ہے، اللہ اس صدقہ کو اس کے لیے پروان چڑھاتا اور بڑھاتا جاتا ہے، یہاں تک کہ وہ احد پہاڑ کی مانند ہو جاتا ہے،

اور اسے ادا کرنے والے کو اللہ نے یہ خوش خبری دی ہے کہ اس پر دنیا میں کوئی خوف نہیں ہوگا اور نہ وہ آخرت میں غمگین ہوگا، تو وہ اس کی طرف لپکے گا اور نیکیوں میں سبقت کرے گا۔ اسی طرح جب وہ جان لے گا کہ زکوۃ نہ دینے کی کیا سزا ہے، تو وہ اللہ کے دنیوی اور اخروی عذاب سے ڈرے گا اور اللہ تعالیٰ کے ثواب کی امید اور اس کے عذاب کے خوف سے اُس کے حکم کی تعمیل کرے گا۔

  • بخیلی سے اللہ تعالی کی پناہ مانگنا۔ رسول اللہ ﷺ اس سے پناہ مانگنے کا حکم دیا کرتے تھے۔ مصعب بن سعد سے روایت ہے کہ سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ پانچ چیزوں کا حکم دیا کرتے تھے اور انہیں نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے بیان کرتے تھے کہ آپ ﷺ بھی ان کا حکم دیا کرتے تھے:

’’اے اللہ! یقیناً میں بخیلی، بزدلی اور اس بات سے تیری پناہ میں آتا ہوں کہ عمر کے ناکارہ ترین حصے کی طرف لوٹایا جاؤں، دنیا کے فتنے اور عذابِ قبر سے تیری پناہ میں آتا ہوں۔‘‘[75]