اللہ ہماری ہر مانگی ہوئی دعا کو قبول کیوں نہیں کرتا؟
- محاور التعريف بالإسلام
- الغاية من خلق الإنسان ومعنى الحياةمعنى الابتلاء
- مصدر الإجابة
- قسم المسلمين
- الباب / الفصل
- (قسم المسلمين)
السؤال
اللہ ہماری ہر مانگی ہوئی دعا کو قبول کیوں نہیں کرتا؟
الجواب
یہ سوال بہت زیادہ دہرایا جاتا ہے کہ اگر اللہ سب کچھ سننے والا اور ہر چیز پر قادر ہے، تو پھر ایسا کیوں ہوتا ہے کہ ہم بسا اوقات اس سے دعا مانگتے ہیں لیکن جو ہم نے مانگا ہو، اس کی کوئی فوری قبولیت نہیں پاتے؟ کیا یہ بات اس کی رحمت اور دعا قبول کرنے کے وعدے کے منافی نہیں ہے؟
اول: اللہ تعالیٰ نے دعا قبول کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
"اور جب میرے بندے میرے بارے میں آپ سے سوال کریں تو آپ کہہ دیں کہ میں بہت ہی قریب ہوں، ہر پکارنے والے کی پکار کو جب کبھی وه مجھے پکارے، قبول کرتا ہوں۔ ..."
[البقرۃ : 21]
لہذا اللہ اپنے وعدے کی خلاف ورزی نہیں کرتا، لیکن وہ قبول کرتے وقت ہمیشہ بندے کی مرضی اور خواہش دیکھ کر کام نہيں کرتا، بلکہ اس بات کو مدنظر رکھتا ہے کہ بندے کے لیے بہتر کیا ہے۔ کیونکہ بسا اوقات انسان ایسی چیز مانگ بیٹھتا ہے جس میں اس کی بربادی چھپی ہوتی ہے، جب کہ اللہ زیادہ بہتر جانتا ہے کون سی چیز اس کے لیے بہتر ہے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :
"... ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو بری جانو اور دراصل وہی تمہارے لیے بھلی ہو اور یہ بھی ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو اچھی سمجھو، حاﻻنکہ وه تمہارے لئے بری ہو۔..."
دوم: دعا کی قبولیت کی متعدد صورتیں ہیں :
اللہ کے نبی ﷺ نے بتایا ہے کہ دعا رد نہیں ہوتی، بلکہ تین صورتوں میں سے کسی ایک صورت ہو جاتی ہے:
"جو مسلمان اللہ سے کوئی دعا کرتا ہے، جس میں گناہ اور قطع رحمی نہ ہو، اسے اللہ تین چیزوں میں سے کوئی ایک چیز عطا کرتا ہے: یا تو اس کی دعا کو اسی دنیا میں قبول کر لیتا ہے یا اسے اس کی آخرت کے لیے جمع رکھ لیتا ہے یا پھر اس سے اسی کے مثل برائی دور کر دیتا ہے۔"
لہذا ہر دعا قبول ہوتی ہے، لیکن ہو سکتا ہے کہ دعا کی قبولیت اس طرح ہو کہ مانگی ہوئی چیز دے دی جائے یا کوئی نقصان دور کر دیا جائے یا پھر آخرت کے لیے اجر ذخیرہ کر لیا جائے۔
سوم: دعا، طلب ہونے سے پہلے عبادت ہے۔
مومن جب دعا کے لیے دونوں ہاتھ اٹھاتا ہے، تو اپنی عبودیت اور اپنے رب کے سامنے اپنی محتاجی کا اظہار کرتا ہے اور یہ بذات خود ایک عظیم عبادت ہے جس پر اسے اجر دیا جاتا ہے، خواہ اسے دعا کا اثر نظر آئے یا نہ آئے۔ نبی ﷺ نے فرمایا ہے :
"دعا ہی عبادت ہے۔"
ایک مسلمان دعا کر کے کبھی خسارے میں نہیں رہتا، بلکہ وہ مسلسل عبادت میں رہتا ہے۔
چہارم: ہو سکتا ہے کہ قبولیت میں تاخیر بندے کے لیے بہتر ہو۔
اللہ تعالیٰ کبھی کبھی دعا دیر سے قبول کرتا ہے تاکہ بندے کا صبر آزمائے، اپنے ساتھ اس کا تعلق مزید بڑھا دے یا اسے اس کی مانگی ہوئی چیز سے کہیں بہتر چیز عطا کرے۔ کتنے ہی انسان ایسے ہیں جنہوں نے اللہ سے کوئی خاص رزق مانگا مگر اس نے انہیں وہ عطا نہ کیا، پھر اس کے بدلے انہیں وہ چیز عطا کر دی جو ان کے دین اور دنیا کے لیے بہتر تھی۔
خلاصہ: انسان کو اس کی مانگی ہوئی چیز حاصل نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اللہ نے اس کی دعا قبول نہیں کی، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ اللہ نے اپنی اس حکمت کے پیش نظر جسے وہی جانتا ہے، اسے کامل ترین انداز میں قبول فرمایا ہے۔ چنانچہ مومن کو اس بات کا کامل یقین ہونا چاہیے کہ ہر دعا کا کوئی نہ کوئی اثر ضرور ہوتا ہے: یا تو اسے اس کا مقصود فوراً حاصل ہو جاتا ہے یا اس کے لیے اجر محفوظ رکھ چھوڑا جاتا ہے یا پھر اس کی کوئی مصیبت ٹال دی جاتی ہے۔ اس طرح دعا رحمت اور اطمینان کا دروازہ بنتی ہے، نہ کہ شک اور اعتراض کا۔
المصدر
ملاحظات
--