اللہ اپنے بندوں کو آزمائش میں کیوں ڈالتا ہے اور انہیں دائمی آرام و آسائش میں کیوں نہیں چھوڑ دیتا؟
- محاور التعريف بالإسلام
- الشبهات والاعتراضات
- مصدر الإجابة
- قسم المسلمين
- الباب / الفصل
- (قسم المسلمين)
السؤال
اللہ اپنے بندوں کو آزمائش میں کیوں ڈالتا ہے اور انہیں دائمی آرام و آسائش میں کیوں نہیں چھوڑ دیتا؟
الجواب
ابتلا اللہ کی مخلوق میں مستقل جاری رہنے والا ایک الٰہی دستور ہے، یہ نہ تو عبث ہے اور نہ ہی ظلم، بلکہ اس میں ایک گہری حکمت اور وسیع رحمت پوشیدہ ہے۔ دنیاوی زندگی میں آزمائش وہ میدان ہے جس میں ایمان کی سچائی کو پرکھا جاتا ہے اور اس سے یہ ظاہر ہو جاتا ہے کہ کون نیک ہے اور کون بد، کون صبر کرنے والا مومن ہے اور کون حق کا انکار کرنے والا کافر۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
"جس نے موت اور حیات کو اس لیے پیدا کیاکہ تمہیں آزمائے کہ تم میں سے اچھے کام کون کرتا ہے..."
[الملك : 2]۔
لہذا یہ پوری زندگی آزمائش کا گھر ہے اور اس کا مقصد عارضی فائدہ حاصل کرنا نہیں ہے، بلکہ وہ امتحان ہے جو لوگوں کو آخرت میں ابدی جزا کا حق دار بناتا ہے۔
عقلِ سلیم اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ لوگوں کے درمیان امتیاز محض آزمائش ہی کے ذریعے ممکن ہے۔ اگر تمام لوگ ہمشیہ آرام اور آسائش کی زندگی بسر کرتے اور ان کو مصائب اور سختیوں کا سامنا نہ ہوتا، تو نہ کسی کی سچائی ظاہر ہوتی اور نہ کسی کی عزیمت نکھر کر سامنے آتی۔ اسی آزمائش انسان پر اس کی کمزوری اور اپنے رب کے تئیں اس کی محتاجی کو آشکار کرتی اور اسے عاجزی اختیار کرنے اور اپنے خالق کی طرف متوجہ ہونے پر آمادہ کرتی ہے، جس سے اس کا نفس پاکیزہ اور اس کا ایمان مضبوط ہوتا ہے۔ اسی لیے نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہے:
"لوگوں میں سب سے سخت آزمائش کا سامنا انبیا کو کرنا پڑتا ہے، پھر ان لوگوں کو جو ان کے بعد سب سے افضل ہوتے ہيں، پھر ان لوگوں کو جو ان کے بعد سب سے افضل ہوتے ہیں۔
آزمائش بندے سے اللہ تعالیٰ کی محبت کی نشانی ہے، اگر وہ صبر و رضا کے ساتھ اس کا سامنا کرے۔
ابتلا و آزمائش کے پیچھے ایک حکمت یہ بھی ہے کہ اس کے ذریعے گناہ مٹائے جاتے ہیں، خطائیں معاف ہوتی ہیں اور درجات بلند ہوتے ہیں۔ چنانچہ مومن جب صبر کرتا ہے اور اجر کی امید رکھتا ہے، تو اللہ تعالیٰ اس کی آزمائش کو اس کے لیے دنیا اور آخرت میں بلندی کا باعث بنا دیتا ہے۔ ایک حدیث میں ہے:
"ایک مسلمان کو جو بھی تکان، مرض، پريشانی، صدمہ، تکلیف یا غم پہنچتا ہے، حتی کہ اگر كوئی کانٹا بھی چبھتا ہے، تو اللہ تعالی اس کے بدلے میں اس کے گناہ معاف کردیتا ہے۔"
لہذا آزمائش مومن کے حق میں سراپا خیر ہے۔ یا تو اس کا درجہ بلند کرتی ہے یا اس کے گناہوں کو مٹاتی ہے یا پھر اللہ تعالیٰ سے اس کے قرب میں اضافہ کرتی ہے۔
جہاں تک بعض لوگوں کے اس اعتراض کا تعلق ہے کہ: ”اگر اللہ تعالیٰ رحیم ہے تو وہ اپنے بندوں کو آزمائش سے دوچار کیوں کرتا ہے؟“ تو اس کا جواب یہ ہے کہ حقیقی رحمت یہ نہیں ہے کہ لوگوں کو دنیا میں بغیر کسی حساب کے موج مستی کے لیے چھوڑ دیا جائے، بلکہ حقیقی رحمت یہ ہے کہ انہیں اپنے خالق کی طرف رجوع ہونے اور ہمیشہ باقی رہنے والے گھر کے لیے تیاری کرنے کی یاد دہانی کرائی جائے۔ چنانچہ سختیاں بسا اوقات ہدایت اور انابت کا سبب بن جاتی ہیں، جبکہ دائمی عیش و آرام انسان کو تکبر اور غفلت میں مبتلا کر سکتا ہے۔ اسی لیے اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
"اور ہم انہیں بڑے عذاب سے پہلے چھوٹے عذاب کا مزہ چکھائیں گے تاکہ وہ باز آجائیں۔"
[السجدۃ : 21]۔
آزمائش دنیا کی حقیقت کو بھی بے نقاب کرتی اور یہ واضح کرتی ہے کہ یہ مستقل ٹھکانہ نہیں، بلکہ آخرت کی طرف جانے کا ایک راستہ ہے۔ لہذا اگر دنیا میں دکھ اور تکلیفیں نہ ہوتیں تو لوگ اسی سے دل لگا بیٹھتے اور زندگی کے سب سے بڑے مقصد کو بھول جاتے۔ لیکن اللہ نے چاہا کہ یہ دنیا مختصر و فانی ہو اور حقیقی عیش و آرام جنت میں ملے، جہاں نہ کوئی تھکن ہوگی، نہ کوئی تکلیف اور نہ ہی کوئی غم۔
خلاصہ: بلاشبہ ابتلا رحمت اور امتحان ہے، جس کے ذریعے مومن دوسروں سے ممتاز ہوتا ہے، نفس کا تزکیہ ہوتا ہے، گناہ مٹائے جاتے ہیں، دنیا کی حقیقت ظاہر ہوتی ہے اور بندہ آخرت کے لیے تیار ہوتا ہے۔ درحقیقت یہ اللہ تعالیٰ کے عدل، اس کی حکمت اور رحمت کا ایک حصہ ہے، ان کے منافی نہیں۔
المصدر
ملاحظات
--